عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شہروں، مقامی حکومت اور عوامی کام کی وزارت  کےوزیر مملکت ، جناب احمد سلیم نے مالدیپ کے وفد کی قیادت کی، انہوں  نے وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے ملاقات کی اور بھارت کی گورننس میں بہترین عملی تجربات پر تبادلہ خیال کیا


ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے مالدیپ کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران مودی حکومت کی اصلاحات اور مشترکہ سیکھنے کے اقدامات کو اجاگر کیا

بھارت اور مالدیپ نے خواتین کی قیادت میں ترقی اور ساحلی انتظام میں مزید گہرا تعاون کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا

این سی جی جی نے سول سروسز کے اہلکاروں کی صلاحیت سازی کے ذریعے بھارت-مالدیپ شراکت داری کو مضبوط بنایا

Posted On: 14 NOV 2025 5:20PM by PIB Delhi

مالدیپ کے وزیر مملکت برائے وزارت شہروں، مقامی حکومت اور عوامی کام، جناب احمد سلیم نے بھارت میں گورننس کے بہترین عملی تجربات پر بات چیت کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی؛وزارت  ارضیات کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیراعظم کے دفتر ، محکمہ ایٹمی توانائی، محکمہ خلاء، عملے، عوامی شکایات اور پنشنز کے وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے ملاقات کی۔

بعد ازاں، ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے مالدیپ کے 30 رکنی وفد سے ملاقات کی، جس میں وزراء اور سینئر اہلکار شامل تھے، جو بھارت میں نیشنل سینٹر فار گڈ گورننس (این سی جی جی) کی جانب سے منعقد کیے گئے ایک صلاحیت سازی تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ یہ پروگرام مالدیپ کی حکومت کی درخواست پر ترتیب دیا گیا ہے اور اس کا مقصد بھارت کے انتظامی تجربات اور گورننس و پالیسی نفاذ کے بہترین عملی طریقے شیئر کرنا ہے۔

بات چیت کے دوران، ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کا گورننس ماڈل جو ٹیکنالوجی سے چلنے والی کارکردگی، شفافیت اور مقامی بااختیاری پر مبنی ہے،مسلسل اصلاحات اور جدت کے ذریعے ترقی پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی نظام پالیسی سازی اور زمینی سطح پر نفاذ کے توازن کا ایک قیمتی مطالعہ پیش کرتا ہے، جسے ابھرتے ہوئے جمہوری ڈھانچہ رکھنے والے ممالک اپنی مقامی ضروریات کے مطابق اپنا سکتے ہیں۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ ‘‘ہمارا تجربہ یہ دکھاتا ہے کہ اچھی گورننس صرف بڑے پیمانے پر اصلاحات تک محدود نہیں بلکہ شہریوں کی روزمرہ زندگی میں قابلِ محسوس بہتری لانے، جدید، شمولیتی اور پائیدار طریقوں کے ذریعے ممکن ہوتی ہے۔’’

مالدیپ کے وفد کے شرکاء، جن کی قیادت وزیر مملکت جناب احمد سلیم کر رہے تھے، نے بھارت کے پالیسی فریم ورک، فلاحی اسکیموں کے نفاذ، اور مرکزی و مقامی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی کے طریقوں کو سمجھنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے خواتین کے مرکزیت والے ترقیاتی ماڈلز، کمیونٹی کی شمولیت، اور ساحلی علاقوں کے انتظام اور وسائل کے استعمال کے لیے پالیسی میکانزم کے بارے میں بھی معلومات طلب کیں۔

ان سوالات کے جواب میں، ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے بھارت کے وسیع ساحلی علاقوں کے انتظام کے تجربے کو اجاگر کیا اور وزیراعظم نریندر مودی کی ‘‘ڈیپ اوشن مشن’’ اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال پر زور کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے کس طرح جزائر جیسے لکشدیپ میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے نمک کشی  ٹیکنالوجیز کو کامیابی کے ساتھ تیار کیا، اور کس طرح جغرافیائی چیلنجز کو جدت کے ذریعے مواقع میں تبدیل کیا ہے۔

اس بات چیت میں بھارت کی خواتین قیادت والی ترقی اور گورننس میں صنفی مساوات کے فروغ کی کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔ ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے بتایا کہ بھارت میں اب خواتین کی قیادت میں بڑے قومی اقدامات، بشمول خلائی مشنز اور سائنسی منصوبے، بڑھتی ہوئی تعداد میں دیکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کی قیادت میں سیلف ہیلپ گروپس اور کاروباری ماڈلز کی کامیابی کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے کمیونٹیوں کو بااختیار بنایا اور مقامی روزگار کے مواقع پیدا کیے۔

وزیر موصوف نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ انتظامی اصلاحات، خواتین کو بااختیار بنانے، اور ساحلی پائیداری کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے تجویز دی کہ مستقبل کے تربیتی پروگراموں میں بھارتی بیوروکریسی اور گورننس سسٹمز، ساتھ ہی ‘‘جین زی’’  نوجوانوں کے لیے متعلقہ یوتھ اور ووکیشنل ٹریننگ ماڈیولز شامل کیے جائیں، تاکہ نوجوانوں کو گورننس میں قیادت اور جدت کے لیے تیار کیا جا سکے۔

یہ ملاقات بھارت کی اس عزم کو دوبارہ اجاگر کرتی ہے کہ وہ خطے کے شراکت دار ممالک کے ساتھ اپنے گورننس تجربات کا اشتراک کرے، اور اس سے بھارت–مالدیپ تعلقات میں باہمی سیکھنے، ادارہ جاتی تعاون، اور عوامی ترقی پر مبنی تعلقات کی گہرائی کا اظہار ہوتا ہے۔ وفد کے دورے کے اختتام پر، دونوں فریقین نے اس تعاون کی روح کو علم اور بہترین عملی تجربات کے مسلسل تبادلے کے ذریعے آگے بڑھانے کے لیے مثبت رویہ ظاہر کیا۔

*******

ش ح ۔ش ت۔ رب

U- 1279


(Release ID: 2190126) Visitor Counter : 5
Read this release in: English , हिन्दी