خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
مدھیہ پردیش کے قبائلی علاقوں میں سماجی رہنمائی و مشاورت کے اجلاس
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 SEP 2025 8:38PM by PIB Delhi
جاری ’’پوشن ماہ 2025‘‘ کے تحت اور کمیونٹی صحت و غذائیت کو فروغ دینے کے مقصد سے مدھیہ پردیش کے قبائلی اضلاع شیوپور اور منڈلا میں رہنمائی اور آگاہی اجلاس منعقد کیے گئے۔

شیوپور میں غذائی عادات اور موٹاپے کے موضوع پر ایک کمیونٹی مشاورتی سیشن منعقد کیا گیا۔ سیشن میں متوازن غذائیت کی اہمیت، موٹاپے کے خطرات، اور پروسیسڈ اور زیادہ چکنائی والی غذاؤں کے استعمال میں کمی کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی طور پر دستیاب، روایتی اور غذائیت سے بھرپور خوراک جیسے باجرہ و دیگر ملیٹس، سبز پتوں والی سبزیاں اور پھلوں کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔کمیونٹی کے افراد، خصوصاً خواتین اور نوعمر لڑکیوں نے بھرپور شرکت کی، جس سے یہ سیشن نہایت مؤثر، دلچسپ اور بامقصد ثابت ہوا۔

منڈلا میں آنگن واڑی سینٹر (اے ڈبلیو سی) میں جاری ’’پوشن ماہ‘‘ کے موقع پر نوعمر لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے بوڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ اس سیشن کا مقصد نوجوانوں میں بی ایم آئی کی اہمیت کے بارے میں شعور پیدا کرنا تھا تاکہ وہ اپنی غذائی حالت اور مجموعی صحت کے بارے میں بہتر انداز میں آگاہ رہ سکیں۔شرکاء کو بی ایم آئی کا حساب لگانے کا طریقہ، اس کے نتائج کو سمجھنے اور صحت مند غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی کے ذریعے ضروری اصلاحی اقدامات کرنے کی رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس سیشن سے نوجوانوں کو غذائیت، جسمانی ساخت اور طویل مدتی صحت کے نتائج کے مابین تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔

پوشن ماہ کے دوران کی جانے والی یہ سرگرمیاں قبائلی برادریوں میں غذائیت سے متعلق آگاہی اور صحت کی تعلیم کے فروغ کے بڑھتے ہوئے عزم کی عکاس ہیں، خصوصاً کمزور طبقات جیسے نوعمر لڑکوں اور لڑکیوں اور خواتین میں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ش ت۔ ر ب
U-917
(ریلیز آئی ڈی: 2187483)
وزیٹر کاؤنٹر : 20