سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹی ڈی بی-ڈی ایس ٹی نے پونے، مہاراشٹر کی کمپنی ایم ایس ویس ٹیک پاور مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے تیار کردہ مقامی سپرکیپیسٹر توانائی ذخیرہ نظام کے لیے معاونت کی منظوری دی

Posted On: 31 OCT 2025 6:06PM by PIB Delhi

ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی)، محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی)، حکومت ہند نے پونے، مہاراشٹر کی کمپنی میسرز ویس ٹیک پاور مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کو ”موبائل ہائی پاور کنٹینرائزڈ سپرکیپیسٹر انرجی اسٹوریج سسٹم“ کی تیاری کے لیے مالی معاونت منظور کی ہے، جس کا مقصد بھارت کے صنعتی اور دفاعی شعبوں کی اہم توانائی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

یہ منصوبہ مقامی طور پر ڈیزائن کیے گئے اور تجارتی پیمانے پر تیار کیے جانے والے اعلیٰ کارکردگی کے، ماڈیولر سپرکیپیسٹر پر مبنی توانائی ذخیرہ نظام کی تیاری کا ہدف رکھتا ہے، جو تیز رفتاری سے چارج اور ڈسچارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ ایسے نظام پلس توانائی، گرڈ استحکام، صنعتی خودکاری اور میدان میں قابل انتقال دفاعی آپریشنوں کے لیے نہایت اہم ہیں، جہاں روایتی بیٹری ٹیکنالوجی پابندیوں سے دو چار ہوتی ہیں۔ اس اختراع سے توانائی کی لچک میں اضافہ، درآمدی انحصار میں کمی اور جدید توانائی ٹیکنالوجیز کی ملکی تیاری و صنعت کاری کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

جناب امت کول بمزئی اور ڈاکٹر روہنی بھٹ کی قائم کردہ ویس ٹیک پاور مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ نے مسلسل ان ہاؤس تحقیق و ترقی کے ذریعے زیادہ کثافت والے سیل اور درمیانی تا اعلیٰ وولٹیج کنٹینرائزڈ سپرکیپیسٹر سسٹم کی تیاری میں کام کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے کی تحقیق کو نیول مٹیریلز ریسرچ لیبارٹری (این ایم آر ایل)، ڈی آر ڈی او کی معاونت حاصل رہی، جو سائنسی اختراع اور قومی تزویراتی تقاضوں کے مضبوط ربط کی علامت ہے۔

کمپنی کے پاس اس وقت دو منظور شدہ پیٹنٹ ہیں جبکہ الیکٹروڈ میٹریلز، پلَس پاور بینکس اور اسکیل ایبل سپرکیپیسٹر ماڈیول کے شعبوں میں مزید پانچ پیٹنٹ التوا میں ہیں۔

معاہدے پر بات کرتے ہوئے، سکریٹری ٹی ڈی بی جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہا: ”یہ اقدام قومی اثر کے حامل دیسی ٹیکنالوجیوں کی ترقی اور تجارتی پیمانے پر توسیع کو فروغ دینے کے ٹی ڈی بی کے مینڈیٹ کی نمائندگی کرتا ہے۔ سپرکیپیسٹر پر مبنی نظام بھارت کی توانائی خود کفالت کے لیے ایک اسٹریٹجک دائرہ ہیں، جو سائنسی اختراع کو دفاع اور صنعت کے عملی استعمال کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ ایسے منصوبوں کے ذریعے، ٹی ڈی بی بھارت کی حیثیت کو ٹیکنالوجی درآمد کنندہ سے ٹیکنالوجی ڈیولپر اور برآمد کنندہ کی طرف منتقلی میں مدد کرتا رہتا ہے۔“

ویس ٹیک پاور مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے پروموٹر نے اپنے اظہار تشکر میں کہا: ”ٹی ڈی بی کی معاونت ہمارے سفر کو تجربہ گاہی اختراع سے بڑے پیمانے پر نفاذ تک تیز کرے گی۔ یہ منصوبہ سپرکیپیسٹر ٹیکنالوجی میں بھارت کی صلاحیت قائم کرنے میں مدد دے گا اور ایک پائیدار، خود انحصار توانائی ایکو سسٹم کی تعمیر میں تعاون کرے گا۔“

دیسی سپرکیپیسٹر ٹیکنالوجی کی تجارتی توسیع کی حمایت کر کے، ٹی ڈی بی آتم نربھر بھارت کے فروغ، ڈیپ ٹیک انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی، اور میک ان انڈیا کے تحت عالمی مسابقتی، اثر انگیز حلوں کی جانب پیش رفت میں اپنے کردار کو مضبوط بناتا ہے۔

 

**********

                                                                                                  

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                          U: 574


(Release ID: 2184997) Visitor Counter : 3
Read this release in: English , हिन्दी