قانون اور انصاف کی وزارت
قانون و انصاف کے مرکزی وزیر جناب ارجن رام میگھوال نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے انصاف کی بارہویں نشست (جے ایم ایم) میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی مدبرانہ قیادت میں بھارت نے اپنے نظام انصاف کی ہمہ جہت تبدیلی کا آغاز کیا ہے اور قابل رسائی، شمولیتی اور ٹیکنالوجی پر مبنی انصاف کے وژن کو فروغ دیا ہے: جناب ارجن رام میگھوال
مرکزی وزیر نے انصاف تک رسائی اور کاروباری ترقی کے لیے حکومت کی ترجیحات کو نمایاں کیا؛ ای۔لوک عدالت کے آغاز، متبادل تنازعہ حل (اے ڈی آر) کے ذریعے تنازعات نمٹانے کو ترجیح دینے اور کاروبار دوست قوانین و قواعد سازی پر زور دیا
ایس سی او رکن ممالک نے قانونی شعبے میں تعاون، اے ڈی آر طریقہ کار اور نظامِ انصاف کی ڈیجیٹائزیشن کی تاکید کی
ایس سی او رکن ممالک کے وزرائے انصاف کی بارہویں نشست میں مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا؛ قانونی معلومات کے باہمی تبادلے اور اے ڈی آر میکانزم میں تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی
प्रविष्टि तिथि:
29 OCT 2025 5:59PM by PIB Delhi
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے انصاف کی بارہویں نشست (جے ایم ایم) میں 29 اکتوبر 2025 کو قانون و انصاف کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ قلمدان) جناب ارجن رام میگھوال نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نمائندگی کی۔
اس سے قبل 04.09.2025، 30.09.2025 اور 14.10.2025 کو تین ماہر ورکنگ گروپ اجلاس منعقد کیے گئے جن میں محکمہ قانونی امور، محکمہ انصاف، قانون ساز شعبہ اور وزارت داخلہ کے دیگر سینیئر افسران شامل تھے۔ یہ اجلاس، جو رکن ملک روس کی میزبانی میں ہوئے، 29 اکتوبر 2025 کو طے شدہ جے ایم ایم اجلاس کے دوران دستخط کیے جانے والے مشترکہ اعلامیے پر غور و خوض اور اس کی حتمی منظوری کے لیے منعقد ہوئے۔ تمام اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کیے گئے۔
اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں شامل تھے: جمہوریہ بیلاروس کے وزیر انصاف ای آئی کووالینکو، جمہوریہ ہند کے قانون و انصاف کے وزیر مملکت (آزادانہ قلمدان) جناب ارجن رام میگھوال، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انصاف امین حسین رحیمی، جمہوریہ قازقستان کے وزیر انصاف ای ژ سارسمبائف، عوامی جمہوریہ چین کے وزیر انصاف ہِے ژونگ، کرغز جمہوریہ کی نائب وزیر انصاف ایس ٹی یزاکووا، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، جمہوریہ تاجکستان کے وزیر انصاف ایم کے آشوریون اور جمہوریہ ازبکستان کے وزیر انصاف اے ڈی تاشکولوف۔ ایس سی او کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل خان سہیل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
ایس سی او رکن ممالک کے وزرائے انصاف کے معزز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قانون و انصاف کے وزیر مملکت (آزادانہ قلمدان) جناب ارجن رام میگھوال نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت میں حکومت ہند کی ان پہلوں کو اجاگر کیا جو ہر شہری کے لیے کم لاگت اور با آسانی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔ گزشتہ دہائیوں میں وزیر اعظم کی مدبرانہ رہنمائی اور وکست بھارت@2047 کے ہدف کے تحت، جناب میگھوال نے اس امر پر زور دیا کہ بھارت نے اپنے نظام انصاف میں ہمہ جہت تبدیلی کا آغاز کیا ہے اور قابل رسائی، شمولیتی اور ٹیکنالوجی پر مبنی عدل و انصاف کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے سماج کے پسماندہ طبقوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے میں بھارت کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ اس ضمن میں انہوں نے ای۔لوک عدالت کے آغاز کی بھی اطلاع دی، جو تنازعات کے حل کے لیے ایک موثر ذریعہ ہے اور جو ٹیکنالوجی کو متبادل تنازعہ حل (اے ڈی آر) کے طریقہ کار کے ساتھ جوڑ کر شہریوں کو تیزتر، شفاف اور قابل رسائی حل فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اجتماع کو اس امر سے بھی آگاہ کیا کہ حکومت نے اے ڈی آر کے ذریعے تنازعات کے حل کو اعلیٰ ترجیح دی ہے اور کاروبار کو سہل بنانے والے قوانین و قواعد (بشمول کمرشل کورٹس ایکٹ اور ثالثی و مصالحت سے متعلق قوانین) مرتب کیے ہیں، تاکہ بھارت کو سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے پسندیدہ منزل بنایا جا سکے۔
وزرائے انصاف کے فورم کی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر، وفاقی وزیر نے ایس سی او کے رکن ممالک پر زور دیا کہ اس باوقار پلیٹ فارم کے ذریعے مقررہ شعبوں میں خیالات، بہترین طریقہ کار اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایس سی او فورم کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے دائرۂ کار کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔
ایس سی او رکن ممالک کے وزرائے انصاف کے بارہویں اجلاس میں تعاون کے شعبوں پر غور کیا گیا؛ قانونی معلومات کے باہمی تبادلے کی بلند اہمیت پر زور دیا گیا اور دیگر امور کے ساتھ اے ڈی آر (متبادل تنازعہ حل) میکانزم میں تعاون کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ، مباحثے میں ایس سی او رکن ممالک کی وزارت انصاف کی سرگرمیوں کی ڈیجیٹائزیشن کا مسئلہ بھی زیرِ غور آیا۔ شرکا نے اس موضوع کی خاص اہمیت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا اور قانونی شعبے میں ڈیجیٹل ٹول کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایس سی او کے رکن ممالک کے قانون و انصاف کے وزرا نے قانونی نظام کی ترقی سے متعلق امور پر حاصل شدہ باہمی ہم آہنگی کو نمایاں کرتے ہوئے اور ”ایس سی او ڈیولپمنٹ اسٹریٹیجی 2035 تک“ میں درج معاہدوں اور اہداف کو پیش نظر رکھتے ہوئے، درج ذیل اعلانات کیے:
- ایس سی او کے رکن ممالک کی وزاراتِ قانون و انصاف کے درمیان تعاون جاری رکھنا جو ایس سی او چارٹر کے مقاصد و اصول، رکن ممالک کے درمیان طویل المدتی حسنِ ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کے معاہدے اور 2035 تک کی ایس سی او ترقیاتی حکمتِ عملی کے مطابق ہو۔
- ایس سی او رکن ممالک کی وزاراتِ قانون و انصاف کے درمیان قانونی شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا۔
- قانونی تعاون کے موضوع پر کانفرنسیں، فورم اور سیمینار منعقد کرنا، نیز تجربات کے تبادلے کے لیے دیگر متعلقہ پروگراموں کا اہتمام کرنا۔
اجلاس کے شرکا نے قانون اور انصاف کے شعبے میں طویل مدتی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو ایس سی او کے کلیدی کاموں میں شامل ہو چکی ہے اور تنظیم کی آئندہ ترقی کے لیے اس کی اسٹریٹجک قدر کی توثیق کی۔ اس کے علاوہ، ایس سی او رکن ممالک کے وزرائے انصاف کے بارہویں اجلاس کے نتائج کے تحت ایک مشترکہ اعلامیہ بھی منظور کیا گیا۔
بھارتی وفد میں مرکزی وزیر جناب میگھوال، لا سکریٹری ڈاکٹر انجو رتی رانا، وزارت خارجہ کے اضافی سکریٹری (ایس سی او) جناب آلوک اے ڈمری، مشترکہ سکریٹری و قانونی مشیر جناب جپن بابو، ڈائریکٹر کم چیف فارنسک سائنٹسٹ (ڈائریکٹوریٹ آف فارنسک سائنس سروسز) ڈاکٹر ایس کے جین، مشترکہ سکریٹری و قانون ساز مشیر محترمہ رینو سنہا، محکمۂ انصاف کی ڈائریکٹر محترمہ مونیکا رانی، اور وزارت خارجہ کے کنسلٹنٹ جناب امت جکھمولا شامل تھے۔
ایس سی او رکن ممالک کے وزرائے انصاف کی اگلی نشست (جے ایم ایم) سال 2026 میں جمہوریہ تاجکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگی۔
*********
ش ح۔ ف ش ع
U: 461
(रिलीज़ आईडी: 2183973)
आगंतुक पटल : 21