وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے دہلی–این سی آر میں منشیات کی پیداوار اور تقسیم کے نیٹ ورک کو تباہ کیا


ڈی آر آئی نے 16.27 کلو گرام ایمفیٹامائن 7.9 کلو گرام کوکین، 1.8 کلو گرام ہیروئن، 2.13 کلو گرام بھانگ اور 115.42 کلو گرام پری کرسر کیمیکل قبضے میں لے لیے، جن کی غیر قانونی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 108.81 کروڑ  روپےہے؛ 26 غیر ملکی شہریوں کو گرفتارکیا گیا

Posted On: 24 OCT 2025 4:38PM by PIB Delhi

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے 21 سے 23 اکتوبر 2025 تک اپنے کثیر روز اور ایک مربوط آپریشن میں قومی خطہ راجدھانی میں منشیات کی تیاری اور تقسیم کے ایک بڑے نیٹ ورک کو کامیابی کے ساتھ ختم کر دیا ہے ۔

256-1.jpg

ڈی آر آئی کو موصول ہونے والی مخصوص خفیہ معلومات کی بنیاد پر حکام نے گریٹر نوئیڈا میں کثیر منزلہ رہائشی عمارتوں کے قریب ایک ویران کھیت میں واقع میتھامفیٹامائن کی تیاری کے خفیہ کارخانے پر چھاپہ مارا۔ تلاشی کے دوران 11.40 کلو گرام ایمفیٹامائن اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والے 110.923 کلو گرام پری کرسر کیمیکل قبضے میں لے لیے گئے۔

اسی کے ساتھ، اس گروہ کے مرکزی آپریٹر کو اس کے گڑگاؤں میں واقع رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا اور اس کے قبضے سے 1.33 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد ہوا۔

ایک فوری فالو اپ (بعد)کارروائی میں ڈی آر آئی کے حکام نے مغربی دہلی میں ایک اور مقام کی نشاندہی کی، جو ممنوعہ مادوں کے ذخیرہ اور تقسیم کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ یہ مقام گنجان آباد اور بھیڑ والے علاقے میں واقع تھا، جو تنگ گلیوں سے گھرا ہوا تھا، جس کی وجہ سے رسد اور سیکورٹی کے حوالے سے کافی چیلنجز پیدا ہو رہے تھے۔

کارروائی کے دوران، حکام کو بڑی تعداد میں افراد کا سامنا کرنا پڑا، جنہوں نے سرکاری کارروائی کو روکنے کی کوشش کی۔ دشمن عناصر کی موجودگی اور شواہد کے ضائع ہونے کے خطرے کے باوجودڈی آر آئی کی ٹیم نے دہلی پولیس کے ساتھ مل کر صبر و تحمل اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقام کو محفوظ بنایا اور تلاشی مکمل کی۔

تلاشی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا اور 7.79 کلو گرام کوکین، 1.87 کلو گرام ہیروئن، 3.54 کلو گرام ایمفیٹامائن، 2 کلو گرام بھانگ، 0.15 کلو گرام میتھا کوالون اور منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے 4.50 کلو گرام پری کرسر کیمیکلز کے ساتھ ساتھ 37 لاکھ روپے نقد بھی ضبط کیے گئے، جن پر شبہ ہے کہ یہ منشیات کی خرید و فروخت سے حاصل شدہ رقم ہے۔

256-2.jpg

مجموعی طور پر آپریشن کے دوران 16.27 کلو گرام ایمفیٹامائن، 7.9 کلو گرام کوکین، 1.8 کلو گرام ہیروئن، 2.13 کلو گرام بھانگ اور 115.42 کلو گرام پری کرسر کیمیکلز ضبط کیے گئے، جن کی غیر قانونی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً108.81 کروڑ روپے ہے۔ مجموعی طور پر اس کارروائی کے دوران 26 غیر ملکی شہری گرفتار کیے گئے ہیں۔

256-3.jpg256-4.jpg

مختلف دائرہ اختیار میں اور چیلنجنگ زمینی حالات میں انجام دیا جانے والا یہ پیچیدہ آپریشن ، ڈی آر آئی کے انٹیلی جنس پر مبنی نفاذ ، بین ایجنسی تال میل اور منشیات کی اسمگلنگ اور نقلی ادویات کی تیاری کے خطرے سے نمٹنے کے غیر متزلزل عزم کی مثال ہے ۔

*******

(ش ح۔ م ع ن)

UR-256


(Release ID: 2182237) Visitor Counter : 9