کوئلے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی سی ایل نے ’’قومی تعلقات عامہ کانفرنس-2025‘‘ کے اختتامی سیشن کے دوران کول واریئرز اور کول انڈیا کی میراث کے لیے وقف خصوصی لفافہ جاری کیا

प्रविष्टि तिथि: 10 OCT 2025 8:27PM by PIB Delhi

سنٹرل کول فیلڈز لمیٹڈ (سی سی ایل) کے زیر اہتمام دو روزہ ’’قومی تعلقات عامہ کانفرنس-2025‘‘ آج گنگوتری کنونشن سینٹر، سی سی ایل ہیڈ کوارٹر، رانچی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ کانفرنس، جس کا موضوع’’عوامی تعلقات کی تعریف نو: ڈیجیٹلائزیشن کے دور میں معلومات سے مشغولیت تک‘‘تھا، جس میں تعلقات عامہ کے نامور پیشہ ور افراد، میڈیا کے نمائندے، ماہرین تعلیم اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، جنہیں ڈیجیٹل دور میں مواصلات کی ابھرتی ہوئی حرکیات پر غور و فکر کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

 ریڈیو اورنج، ناگپور کی سی ای او محترمہ انو مجمدار نے دوسرے دن کی نشست کا آغاز ’’ریڈیو کا کردار: معلومات سے مشغولیت تک، خاص طور پر دیہی علاقوں میں‘‘ کے عنوان سے کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریڈیو دیہی ہندوستان کو جوڑنے والا طاقتور اور جذباتی ذریعہ ہے، جو کہ عوامی بیداری اور طرز سلوک میں تبدیلی کے لیے سب سے مؤثر ٹولز میں سے ایک ہے۔

اس کے بعد ’’بدلتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں پی آر کا نیا دور‘‘ کے عنوان سے دوسراسیشن ہوا۔ دہلی کے ایڈ فیکٹرز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیر کپور نے پی آر 2.0 کے ارتقاء پر تبادلہ خیال کیا، جہاں ڈیجیٹل میڈیا، انفلوئنسر اور مواد کے تخلیق کار تنظیمی ساکھ کی تشکیل میں انقلابی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کی مشغولیت اسٹریٹجک اور ہمدردانہ دونوں نوعیتوں پر مرکوز ہونی چاہیے۔

’’گولڈن جوبلی سال میں کوئلہ کی صنعت کی اپنی پسند کےڈاک ٹکٹوں کی معنویت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں، سی سی اینڈ پی آر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جناب آلوک کمار گپتا نے کول انڈیا اور سی سی ایل کے ’’کول واریئرز‘‘ کے لیے خصوصی لفافہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو ملک کی توانائی کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر سی سی ایل کے سی ایم ڈی جناب نیلندو کمار سنگھ، ڈائریکٹر (فنانس) جناب پون کمار مشرا؛ ڈائریکٹر (انسانی وسائل) جناب ہرش ناتھ مشرا؛ اور جھارکھنڈ پوسٹل سروسز کے ڈائریکٹر جناب آر وی چودھری کی طرف سے مشترکہ طور پر خصوصی لفافہ(اپنی پسندکا ڈاک ٹکٹ) اور سووینئر ’’نوچیتنا‘‘ جاری کیا گیا۔ یہ خصوصی لفافہ ہر ایک ملازم کے عزم، استقامت اور شراکت کی علامت ہے، جو ہندوستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، سی سی ایل کے سی ایم ڈی، جناب نیلندو کمار سنگھ نے کہا، ’’ ڈاک ٹکٹ صرف کاغذ کا ایک ٹکڑا نہیں ہے- اس سے جذبات کی ترسیل ہوتی ہے اور یہ دلوں کو جوڑتا ہے۔ ڈیجیٹل دور میں بھی، خطوط اور پوسٹ کا جوہر رابطے کے ایک حقیقی ذریعہ کے طور پر زندہ رہتا ہے۔‘‘

سی سی ایل کے ڈائریکٹر (ہیومن ریسورس)، جناب ہرش ناتھ مشرا نے اس بات پر زور دیا کہ تعلقات عامہ کو کسی بھی تنظیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور یہ تنظیم اور عوام کے درمیان اہم پل کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سیفٹی، کارپوریٹ کی سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) اور کمیونٹی کی شمولیت کے شعبوں میں سی سی ایل کے اقدامات بامعنی اور شراکتی مواصلات کی طاقتور مثالیں ہیں۔

مواصلاتی کریئر کے ابھرتے ہوئے منظر نامے پر مرکوز سیشن’’پی آر اور مواصلات میں کریئر: ڈیجیٹلائزیشن کے دور میں چیلنج اور مواقع‘‘ میں ڈاکٹر وکاس پاٹھے، اسسٹنٹ پروفیسر، آئی آئی ایم رانچی نے شرکت کی، جنہوں نے ہدف کے سامعین کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ مسلسل پڑھائی کے طرز کو اپنائیں اور مواصلاتی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تیار رہیں۔

جناب سنجیو شیکھر، کارپوریٹ امور ، اڈانی پاور لمیٹڈ، نے کہا کہ مثبت میڈیا پیغام رسانی برانڈ ویلیو کا مرکز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آپ کی حقیقی شبیہ اس بات سے نہیں ہوتی ہے کہ لوگ آپ کی موجودگی میں کیا کہتے ہیں، بلکہ اس سے ہوتی ہے کہ وہ آپ کی غیر موجودگی میں کیا کہتے ہیں۔‘‘

 

اختتامی سیشن کا عنوان ’’بڈنگ پی آر پروفیشنلز کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن‘‘ تھا، جس میں ایڈورٹائزنگ گرو جناب پرہلاد ککڑ کے ساتھ ایک متاثر کن گفتگو پیش کی گئی، جنہوں نے تخلیقی صلاحیتوں، میڈیا اور تعلقات عامہ کے بدلتے ہوئے مستقبل کے بارے میں اپنے خیالات سے طلبہ کو بہرہ ورکیا۔

تقریب کے اختتام پر، سی سی ایل کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ (سی سی اینڈ پی آر)، جناب آلوک کمار گپتا نے اظہار تشکر کیا اور تمام معززین، مقررین اور تعلیمی اداروں کا ان کی فعال شرکت کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آرکانکلیو خیالات کے حقیقی سنگم کے طور پر ابھرا ہے اور اس سے ہندوستان میں تعلقات عامہ کے مستقبل کی تشکیل کے لیے بامعنی پلیٹ فارم فراہم ہواہے۔

’’قومی تعلقات عامہ کانفرنس-2025‘‘سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ آج رابطہ عامہ محض معلومات کی ترسیل تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ مشغولیت، ہمدردی اور اعتماد سازی کا ایک مسلسل عمل ہے، جو تنظیموں کو معاشرے سے جوڑتا ہے اور ڈیجیٹل دور میں بامعنی تعلقات استوار کرتا ہے۔

********************

(ش ح  ۔ م ش ع ۔ ش ہ ب)

U.No. 9994


(रिलीज़ आईडी: 2180224) आगंतुक पटल : 17
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी