وزارت سیاحت
وزارت سیاحت نے ”ایک ریاست: ایک عالمی منزل“ وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ادے پور میں ریاستی وزرائے سیاحت کی میٹنگ طلب کی
اس تاریخی مشاورت نے نجی سرمایہ کاری اور کارکردگی سے منسلک مراعات کے ذریعے پورے ہندوستان میں عالمی سطح پر پچاس سے زیادہ بینچ مارک والے سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کا مرحلہ طے کیا ہے
Posted On:
15 OCT 2025 6:21PM by PIB Delhi
وزارت سیاحت کی طرف سے آج ادے پور میں ریاستی وزرائے سیاحت کی دو روزہ میٹنگ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ 14 سے 15 اکتوبر کے درمیان منعقد ہونے والی اس تاریخی تقریب میں سیاحت کے وزرا اور تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سینیئر عہدیداروں کو اکٹھا کیا گیا تاکہ ہندوستان کے سیاحتی منظر نامے کو تبدیل کرنے کے لیے ایک ساتھ مل کر کوئی راستہ بنایا جا سکے۔
اس میٹنگ نے وزیر اعظم کے ”ایک ریاست: ایک عالمی منزل“ کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا، جس کے مرکزی بجٹ کا اعلان 2025-26 میں کیا گیا تھا۔ اس وژن کا مقصد ہر ریاست اور یو ٹی میں کم از کم ایک عالمی سطح پر بینچ مارک سیاحتی مقام تیار کرنا ہے، جو ہندوستان کے وسیع تر وکست بھارت روڈ میپ کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔
افتتاحی سیشن میں محترمہ وی ودیاوتی، سکریٹری (سیاحت) کے ابتدائی کلمات شامل تھے، اس کے بعد مرکزی وزیر برائے سیاحت اور ثقافت، جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں، جناب شیخاوت نے اس اہم وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اشتراکی وفاقیت اور مرکز، ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور نجی شعبے کے درمیان ایک متحد نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔
جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا، ”یہ ملاقات ہندوستانی سیاحت کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔“ ”اپنے وسائل، مہارت اور وژن کو جمع کرتے ہوئے، ہم منزلوں کا ایک ایسا پورٹ فولیو بنانے کے لیے پرعزم ہیں جو نہ صرف ہندوستان کے ناقابل یقین تنوع کو ظاہر کرتا ہو بلکہ تجربے، بنیادی ڈھانچے اور پائیداری کے لحاظ سے عالمی سطح پر مقابلہ کرتا ہو۔“
دو دنوں کے دوران، اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت میں منزل کی ترقی اور منزل کے نظم و نسق کی دوہری حکمت عملی پر پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرا نے قومی سیاحت کی تبدیلی کے ایجنڈے کے دو اہم ستونوں کے ساتھ مل کر مشہور مقامات کی ترقی کے لیے اپنے وژن اور تصورات پیش کیے:
- پچاس مقامات کی ترقی: نجی شعبے کی قیادت میں سیاحتی مرکز کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا۔
- کارکردگی سے منسلک مراعات (پی ایل آئی): منزل کے نظم و نسق کے اعلیٰ معیارات کو ترغیب دینے اور انعام دینے کے لیے ایک منفرد پی ایل آئی پر مبنی ڈیسٹینیشن میچورٹی ماڈل متعارف کرانا۔
پریزنٹیشن کو علاقائی طور پر منظم کیا گیا تھا، جس میں ہر ریاست/ یو ٹی کے ساتھ ایک عالمی توجہ کے طور پر ترقی کے لیے ایک ممکنہ منزل کی نمائش کی گئی تھی۔ دوسرے دن میں انٹیگریٹڈ ٹورزم پروموشن اسکیم کے رہنما خطوط کے مسودے پر توجہ مرکوز کی گئی، جس کا مقصد گھریلو اور بین الاقوامی منڈیوں میں ہندوستان کو ایک جامع سیاحتی مقام کے طور پر پہچان دینا ہے۔
میٹنگ کا اختتام جناب سمن بلا، ایڈیشنل سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل (سیاحت) کے اختتامی کلمات کے ساتھ ہوا، جنہوں نے میٹنگ میں موجود لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈروں کی جانب سے قابل قدر معلومات کو تسلیم کیا اور ان کے فیڈ بیک کو مجوزہ اسکیموں کے حتمی ڈیزائن اور رول آؤٹ میں شامل کرنے کے لیے وزارت کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ باہمی مشاورت ہندوستان میں ایک متحرک، پائیدار اور عالمی سطح پر مسابقتی سیاحتی ماحولیاتی نظام کی تشکیل کی طرف ایک اہم پیشرفت کی نشان دہی کرتی ہے، جس سے ملک بھر میں اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
**********
ش ح۔ ف ش ع
U: 9918
(Release ID: 2179612)
Visitor Counter : 8