محنت اور روزگار کی وزارت
محنت اور روزگار کی وزارت نے روزگار کے مواقع کو فروغ دینے اور گیگ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے زومیٹو کے ساتھ اشتراک کیا
مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)کے تحت این سی ایس پورٹل کے ذریعے سالانہ تقریباً 2.5 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے
این سی ایس قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے متلاشی افراد اور آجرین کے درمیان ایک اہم پُل بن چکا ہے: ڈاکٹر منڈاویہ
Posted On:
14 OCT 2025 5:50PM by PIB Delhi
محنت اور روزگار کی وزارت (ایم او ایل ای) نے نیشنل کیریئر سروس (این سی ایس) پلیٹ فارم کے ذریعے لچکدار اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے روزگار کے مواقع تک رسائی بڑھانے کے لیے آج نئی دہلی میں زومیٹو کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ۔
اس مفاہمت نامے پر محنت اور روزگار اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویا ، محنت اور روزگار کی وزیر مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے اور محنت اور روزگار کی وزارت کی سکریٹری محترمہ وندنا گرنانی کی موجودگی میں دستخط کیے گئے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر من سکھ منڈاویا نے زومیٹو کے ساتھ شراکت داری کا خیرمقدم کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یہ شراکت داری پلیٹ فارم اکانومی کے کارکنوں کو باقاعدہ روزگار کے نظام میں ضم کرنے میں معاون ثابت ہوگی، جس سے نوجوانوں اور خواتین کو باوقار اور ٹیکنالوجی سے آراستہ ذریعہ معاش حاصل ہوگا۔
ڈاکٹر منڈاویا نے اس امر پر زور دیا کہ این سی ایس (نیشنل کیریئر سروس) پورٹل قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے، جو لاکھوں افراد کو روزگار اور ذریعہ معاش کے مواقع سے جوڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پورٹل 2015 میں قائم کیا گیا تھا اور اب تک 7.7 کروڑ سے زائد ملازمتوں کے مواقع فراہم کر چکا ہے۔ یہ پورٹل آجروں اور ملازمت کے متلاشی افراد کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا پل ثابت ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر منڈاویا نے مزید کہا کہ کئی اہم ادارے پہلے ہی این سی ایس پورٹل کے ساتھ شراکت داری کر چکے ہیں، اور آج زومیٹو کے ساتھ تعاون وزارت کی ان کوششوں میں ایک اور سنگ میل ہے جو لچکدار اور ٹیکنالوجی پر مبنی روزگار کے فروغ کے لیے کی جا رہی ہیں۔ محنت اور روزگار کی وزارت اور زومیٹو کے اشتراک سے نہ صرف دونوں فریقین بلکہ وسیع پیمانے پر تمام ملازمت کے متلاشی افراد کو بھی فائدہ حاصل ہوگا۔
اس موقع پر محنت اور روزگار کی وزیر مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے نے اظہار خیال کرتے ہوئے ملک کے تمام منظم اور غیر منظم کارکنوں کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمت نامہ پردھان منتری وکشرت بھارت روزگار یوجنا (پی ایم-وی بی آر وائی) اور حکومت کے وکشرت بھارت 2047 کے وژن کی حمایت کرتا ہے، جس کا مقصد تمام کارکنوں کے لیے رسمی اور سماجی تحفظ کو فروغ دینا ہے۔
محترمہ شوبھا کرندلاجے نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے تمام کارکنوں کے لیے ایک جامع اور محفوظ معاش کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مل کر کام کریں۔

محنت اور روزگار کی وزارت کی سکریٹری محترمہ وندنا گرنانی نے تمام کارکنوں کے لیے باوقار روزگار اور پائیدار معاش کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دیوالی کے موقع پر نیشنل کیریئر سروس (این سی ایس) پورٹل پر کیریئر کے نئے مواقع ملازمت کے متلاشیوں اور آجروں دونوں کو بروقت فراہم کیے جائیں گے۔
سماجی تحفظ وزارت کی اولین ترجیح ہونے کے نکتے کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے ہندوستان کی حالیہ بین الاقوامی پذیرائی کا ذکر کیا، جب انٹرنیشنل سوشل سیکیورٹی ایسوسی ایشن (آئی ایس ایس اے) نے 2015 میں 19 فیصد سے بڑھ کر 2025 میں 64.3 فیصد سماجی تحفظ کی کوریج پر روشنی ڈالی، جو اب 94 کروڑ شہریوں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زومیٹو جیسے سرکردہ پلیٹ فارمز اس کا حصہ بنیں گے، جس سے گیگ اور پلیٹ فارم ورکرز کو سماجی تحفظ کے فوائد تک رسائی میں مدد ملے گی۔
نئے 'ایگریگیٹر' زمرے کے تحت، زومیٹو این سی ایس پورٹل پر سالانہ تقریباً 2.5 لاکھ لچکدار روزگار کے مواقع فراہم کرے گا، جو ڈیلیوری پارٹنرز اور گیگ ورکرز کو حقیقی وقت میں آمدنی کے مواقع تک منظم رسائی فراہم کرے گا۔

صرف گزشتہ ایک سال کے دوران، وزارت نے چودہ بڑی تنظیموں جیسے امازون، سویگی، ریپڈو، زیپٹو، مینٹر ٹوگر، اپنا ڈاٹ کام، ہائر می، فاؤنڈ آئی ٹی، ٹیم لیز اور دیگر کے ساتھ مفاہمت ناموں پر دستخط کیے ہیں، جن کے نتیجے میں اجتماعی طور پر پانچ لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ زومیٹو کے ساتھ تعاون اس بڑھتے ہوئے ماحولیاتی نظام میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرتا ہے، جو ملازمت کے خواہشمند افراد اور صنعت کے درمیان موجود فاصلے کو ختم کرنے اور بھارت کی اقتصادی ترقی کو نئی طاقت بخشنے کے وزارت کے مشن کو تقویت فراہم کرتا ہے۔
***
UR-9855
(ش ح۔اس ک )
(Release ID: 2179117)
Visitor Counter : 5