شہری ہوابازی کی وزارت
شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے الائنس ایئر کی ”فیئر سے فرصت“ فکسڈ ہوائی کرایہ کی اسکیم متعارف کرائی
انہوں نے کہا کہ الائنس ایئر وزیر اعظم کے اس وژن کو آگے بڑھا رہی ہے جس کا مقصد ہوائی سفر کو عوامی بنانا اور عام آدمی کے لیے قابل استطاعت بنانا ہے
اس اسکیم کے تحت، الائنس ایئر ایک ہی مقررہ کرایہ فراہم کرے گی جو بکنگ کی تاریخ کے لحاظ سے تبدیل نہیں ہوگا
Posted On:
13 OCT 2025 7:41PM by PIB Delhi
شہری ہوا بازی کے وزیر جناب رام موہن نائیڈو کنجارپو نے آج بھارت کی سرکاری علاقائی ایئرلائن الائنس ایئر کی تاریخی پہل ”فیئر سے فرصت“ کا افتتاح کیا۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو بدلتے ہوئے ہوائی کرایوں کے دباؤ سے نجات دینا اور ملک میں ہوائی سفر کو مزید آسان بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب میں سکریٹری شہری ہوا بازی جناب سمیر کمار سنہا، چیئرمین الائنس ایئر جناب امت کمار اور سی ای او جناب راج رشی سین بھی موجود تھے۔
اس اسکیم کے تحت، الائنس ایئر ایک مقررہ، فکسڈ کرایہ فراہم کرے گی جو بکنگ کی تاریخ کے حساب سے تبدیل نہیں ہوگا، حتیٰ کہ روانگی کے دن بھی یہی کرایہ برقرار رہے گا۔ یہ اقدام 13 اکتوبر سے 31 دسمبر 2025 تک منتخب روٹ پر پائلٹ بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا تاکہ اس کی عملی افادیت اور مسافروں کے ردعمل کا اندازہ لگایا جا سکے۔
افتتاح کے موقع پر وزیر موصوف نے کہا، ”فیئر سے فرصت“ اسکیم اڑان اسکیم کے بنیادی اصولوں سے مکمل طور پر مطابقت رکھتی ہے۔ آج الائنس ایئر وزیر اعظم نریندر مودی کے اس وژن کو آگے بڑھا رہی ہے جس کا مقصد ہوا بازی کو عوامی بنانا ہے تاکہ متوسط، نچلے متوسط اور ابھرتے متوسط طبقے کے لیے ہوائی سفر قابل استطاعت ہو۔ فکسڈ کرایہ نظام مسافروں کو بدلتے ہوئے کرایوں سے پیدا ہونے والی پریشانی اور غیر یقینی صورتحال سے نجات دیتا ہے اور سفر کے اخراجات کو قابل پیش گوئی بناتا ہے، چاہے بکنگ آخری لمحے پر ہی کیوں نہ کی گئی ہو۔
وزیر موصوف نے ہندوستانی ہوا بازی کو زیادہ مسافر دوست بنانے کے اپنے وسیع تر وژن کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ”وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد سے میرا فوکس ہوا بازی کو عوامی مرکزیت دینے پر ہے۔ وزیر اعظم کے وژن سے متاثر ہوکر ہم نے ”اڑان یاتری کیفے“ کا آغاز کیا جہاں چائے 10 روپے، کافی 20 روپے اور اسنیکس 20 روپے میں دستیاب ہیں۔ اس قدم سے فضائی سفر زیادہ باوقار اور کفایتی بن رہا ہے۔ اب ہم ایک اور بڑا قدم اٹھا رہے ہیں اور مسافروں کے سب سے بڑے مسئلے یعنی ہوائی کرایے کو حل کر رہے ہیں۔“
علاقائی ایئر لائن کی شراکت پر زور دیتے ہوئے، رام موہن نائیڈو نے الائنس ایئر کو حکومت کی علاقائی کنیکٹیویٹی اسکیم اڑان (UDAN) کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر بیان کیا، جو درجہ-2 اور درجہ-3 شہروں کو نیشنل ایوی ایشن نیٹ ورک سے جوڑتا ہے۔ ”الائنس ایئر نے ون روٹ، ون فیئر کے خیال کے ساتھ ایک جرات مندانہ اور مثالی قدم اٹھایا ہے۔ یہ واقعی ’نئے بھارت کی اڑان‘ ہے جو منافع سے بالاتر ہو کر اور عوامی خدمت پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے،“ انہوں نے کہا۔
ہندوستان کی ایوی ایشن مارکیٹ زیادہ تر ایک متحرک قیمتوں کے ماڈل پر چلتی ہے، جہاں ٹکٹ کی قیمتیں مانگ، موسمی اور مسابقت کی بنیاد پر حقیقی وقت میں مختلف ہوتی ہیں۔ آمدنی کے انتظام کے لیے مؤثر ہونے کے باوجود، یہ اکثر آخری لمحات کے غیر متوقع کرایوں کی وجہ سے مسافروں کی مایوسی کا باعث بنتا ہے۔ ”فیئر سے فرصت“ کا مقصد قیمتوں کے تعین میں شفافیت اور استحکام کو متعارف کراتے ہوئے اس دیرینہ چیلنج سے نمٹنا ہے۔
اس اقدام سے چھوٹے شہروں سے پہلی بار آنے والے مسافروں کو ہوائی سفر کا انتخاب کرنے کی ترغیب دینے کی بھی توقع ہے، جس سے ہوائی سفر کو دستیاب، قابل رسائی اور سستی بنانے کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کو تقویت ملے گی۔
الائنس ایئر آخری میل کے ہوائی رابطے کو یقینی بنانے اور ہر ہندوستانی کے لیے ہوائی سفر کو حقیقت بنانے، ’اڑے دیش کا عام شہری‘ کے وژن میں تعاون کرنے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
*********
ش ح۔ ف ش ع
U: 9808
(Release ID: 2178667)
Visitor Counter : 8