ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
مرکزی وزیر مملکت جناب کیرتی وردھن سنگھ کی ابوظہبی میں منعقدہ آئی یو سی این عالمی تحفظاتی کانگریس2025 سے متعلق’’جنگلاتی رینجروں کی اعزازی تقریب‘‘ میں شرکت
Posted On:
12 OCT 2025 9:03AM by PIB Delhi
جنگلات و ماحولیات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے مرکزی وزیر مملکت جناب کیرتی وردھن سنگھ نے 11 اکتوبر 2025 کو ابوظہبی میں کہا: ’’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اس اعزازی تقریب میں موجود ہوں جو ہمارے بہادر مردوں اور خواتین کی ان کوششوں کو سراہنے کے لیے منعقد کی گئی ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے وقف کر دی ہیں۔‘‘
انہوں نے آئی یو سی این عالمی تحفظاتی کانگریس 2025 کے موقع پر منعقدہ ’’فاریسٹ رینجروں کی اعزازی تقریب‘‘ میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے ‘‘گارڈنز آف دی وائلڈ‘‘ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ملک کا قیمتی جنگلی حیات کا ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب سنگھ نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے جامع قوانین اور پالیسی فریم ورک وضع کیے ہیں، لیکن ان پالیسیوں، قوانین اور ضوابط پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد وہی لوگ یقینی بناتے ہیں جو میدانِ عمل میں موجود ہوتے ہیں۔ یعنی فاریسٹ رینجر اور ان کا معاون عملہ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کام محض گشت کرنے تک محدود نہیں بلکہ جنگلی حیات کی گنتی، جنگلات میں آگ بجھانے اور دیگر متنوع ذمہ داریوں پر مشتمل ہے۔ شکاریوں اور لکڑی کے اسمگلروں کی جانب سے انہیں جان کا شدید خطرہ لاحق رہتا ہے اور ان میں سے بہت سے افراد نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔
وزیر موصوف نے جنگلات کے محافظوں اور معاون عملے کی لگن و جانفشانی کو سلام پیش کیا، نیز آئی یو سی این اور ڈبلیو ٹی آئی کو اس اعترافِ خدمت اور ایوارڈ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ جناب سنگھ نے بچپن سے جنگلاتی عملے کے ساتھ اپنے مختلف تجربات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کے پاس ہمارے جنگلات اور جنگلی حیات کے بارے میں بے پناہ دیسی علم اور روایتی دانش موجود ہے، جسے حکومتوں کو تسلیم کرنا اور دستاویزی شکل دینا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں جنگلات کی حفاظت کرنے والے مرد و خواتین کو بالترتیب ون رکشک اور ون رکشکا کے لقب سے پکارا جاتا ہے۔
جناب سنگھ نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ ہند جنگلاتی عملے کی تمام ضروریات اور سہولیات کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ ہند باقاعدگی سے استعداد بڑھانے کے اقدامات کرتی ہے اور جدید تکنیکی وسائل فراہم کر رہی ہے، جن میں ڈرونز کے ذریعے جنگلات کی نگرانی، سیٹلائٹ ٹریکنگ اور جانوروں کے ریڈیو کالر لگانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ان اقدامات کی بدولت زمینی عملہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ رہتا ہے اور وہ نہ صرف غیر قانونی سرگرمیوں سے جنگلات و جنگلی حیات کا تحفظ کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں بلکہ انسان اور جنگلی حیات کے درمیان ممکنہ تصادم کو بھی روکنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7446
(Release ID: 2178019)
Visitor Counter : 12