ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نے سکلز کانووکیشن میں آل انڈیا آئی ٹی آئی ٹاپرز کو مبارکباد دی، پی ایم ۔سیتوکا آغاز کیا اور 1,200 ووکیشنل سکلز لیبز کا افتتاح کیا۔ ہندوستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں ایک اہم سنگ میل

Posted On: 04 OCT 2025 10:06PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج وگیان بھون میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں کوشل دیکشانت سماروہ (اسکل کانووکیشن) کی صدارت کی اور پورے ملک کے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس (آئی ٹی آئیز) کے 46 آل انڈیا ٹاپرز کو مبارکباد پیش کی۔ یہ نیشنل اسکل کانووکیشن (قومی ہنر کانووکیشن) کا چوتھا ایڈیشن تھا، جو ایک منفرد پہل ہے جسے وزیر اعظم کی تحریک اور رہنمائی میں اس مقصد کے تحت تشکیل دیا گیا تھا کہ ہنر مندی کی ترقی کو ایک باوقار اور قابل تقلید ہدف بنایا جائے۔

اس موقع پر، وزیر اعظم نے پی ایم-سیتو (پردھان منتری اسکلنگ اینڈ ایمپلائی ایبیلٹی ٹرانسفارمیشن تھرو اپگریڈیڈ آئی ٹی آئیز) کا بھی آغاز کیا — جو کہ ایک سنگِ میل نوعیت کی مرکزی معاونت یافتہ اسکیم ہے، جس کی مالیت 60,000 کروڑ روپے ہے۔ اس اسکیم کا مقصد پورے بھارت میں 1,000 سرکاری انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس (آئی ٹی آئیز) کو جدید، صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی اداروں میں تبدیل کرنا ہے۔

پی ایم-سیتو ایک ہب اینڈ اسپوک ماڈل کے تحت نافذ کیا جائے گا، جس میں 200 ہب آئی ٹی آئیز کو 800 اسپوک آئی ٹی آئیز سے منسلک کیا جائے گا۔ ہر ہب کو جدید بنیادی ڈھانچے، اختراع اور انکیوبیشن مراکز، پیداواری یونٹس، تربیتِ مدرّبین کی سہولیات، اور روزگار فراہمی سے لیس کیا جائے گا، جبکہ اسپوک آئی ٹی آئیز رسائی اور دائرۂ عمل کو وسعت دینے کا کام کریں گی۔

اس اسکیم کے تحت درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:

  • صنعت کے اشتراک سے نئے، طلب پر مبنی کورسز متعارف کرائے جائیں گے اور موجودہ کورسز میں اصلاح و تجدید کی جائے گی؛
  • قابلِ اعتبار اینکر انڈسٹری پارٹنرز کے ساتھ اسپیشل پرپز وہیکل  (ایس پی وی ) قائم کیے جائیں گے تاکہ کلسٹرز کا انتظام و انصرام کیا جا سکے اور نتائج پر مبنی تربیت کو یقینی بنایا جا سکے؛

طویل مدتی ڈپلومہ پروگرامز، قلیل مدتی کورسز اور ایگزیکٹیو پروگرامز کے لیے راستے تیار کیے جائیں گے؛

  • بھونیشور (اڈیشہ)، چنئی (تمل ناڈو)، حیدرآباد (تلنگانہ)، کانپور (اتر پردیش) اور لدھیانہ (پنجاب) میں قائم نیشنل اسکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کو بین الاقوامی شراکت داریوں کے ساتھ مراکزِ فضیلت کے طور پر مضبوط کیا جائے گا۔

پی ایم-سیتو کے پہلے مرحلے کے تحت ملک بھر میں مختلف خطوں اور صنعتی ماحولیات پر مشتمل 15 ہب اینڈ اسپوک آئی ٹی آئی کلسٹرز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں شامل ہیں:

سونی پت (ہریانہ)، وشاکھاپٹنم (آندھرا پردیش)، بجنور اور میرٹھ (اتر پردیش)، ہریدوار (اتراکھنڈ)، اجین (مدھیہ پردیش)، بنگلورو اربن (کرناٹک)، بھرت پور (راجستھان)، دربھنگہ اور پٹنہ (بہار)، ہوشیار پور (پنجاب)، حیدرآباد (تلنگانہ)، سمبل پور (اڈیشہ)، چنئی (تمل ناڈو) اور گواہاٹی (آسام)۔

ہر کلسٹر کو ہنر مندی کے مرکزِ فضیلت کے طور پر تیار کیا جائے گا، جو جدید بنیادی ڈھانچے، عصری تجارتوں اور صنعت کی قیادت میں تربیت سے آراستہ ہوگا، تاکہ ایسے نمونہ جاتی ماحولیاتی نظام تشکیل دیے جا سکیں جنہیں پورے ملک میں دوہرایا جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی، اسکولی تعلیم میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے، وزیر اعظم نے 34 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں واقع 400 نوودیہ ودیالیوں اور 200 اکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں میں قائم 1,200 ووکیشنل اسکل لیبز کا ورچوئل افتتاح بھی کیا۔

یہ لیبارٹریاں اسکول جانے والے طلبہ، بشمول دیہی اور قبائلی علاقوں کے بچوں، کو 12 زیادہ طلب والے شعبوں — جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی، آٹوموٹو، زراعت، الیکٹرانکس، لاجسٹکس، بی ایف ایس آئی (بینکنگ، فنانس، سروسز اینڈ انشورنس) اور سیاحت — میں عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔

ہر لیب کو جدید مشینری، ڈیجیٹل آلات اور سمولیشن پر مبنی تعلیمی ماڈیولز سے لیس کیا گیا ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی (این ی پی )2020 اور سی بی ایس ای نصاب کے مطابق، 1,200 ووکیشنل اساتذہ کو صنعت سے متعلق تعلیم فراہم کرنے کے لیے تربیت دی گئی ہے، تاکہ مستقبل کے لیے تیار ہنرمند افراد کی ایک ابتدائی صلاحیتی زنجیر قائم کی جا سکے۔

یہ پہل اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہنر مندی کی شروعات اسکول کی سطح سے ہی ہو، تاکہ طلبہ کو زندگی کے ابتدائی مرحلے میں متعدد پیشہ ورانہ راہوں کی تلاش اور انتخاب کا اختیار حاصل ہو۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ہندوستان کی ہنرمند افرادی قوت کی تشکیل میں انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس (آئی ٹی آئیز) کے مرکزی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا:

“آئی ٹی آئیز نہ صرف صنعتی تعلیم کے ممتاز ادارے ہیں بلکہ یہ آتم نربھر بھارت کی ورکشاپس بھی ہیں۔”

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ادارے لاکھوں نوجوان ہندوستانیوں کو عملی علم اور قابلِ روزگار ہنر فراہم کر رہے ہیں، انہیں ملک کی معیشت کے پُراعتماد معماروں میں تبدیل کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جیسے جیسے بھارت ہنر پر مبنی معیشتت کی سمت بڑھ رہا ہے، آئی ٹی آئیز اس تبدیلی کی بنیاد بنی رہیں گی، جو نوجوانوں کو ایک تیزی سے ترقی پاتے عالمی بازار میں کامیابی کے لیے ضروری اوزار اور صلاحیتیں فراہم کریں گی۔

اس موقع پر وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنر مندی و صنعت کاری اور وزیر مملکت برائے تعلیم جناب جینت چودھری نے اپنے خطاب میں کہا:

“آج وزیر اعظم نے بھارت کے نوجوانوں کو ایک واضح پیغام دیا ہے ، اپنے ہنر پر توجہ دیں، معیاری تعلیم حاصل کریں اور پُراعتماد انداز میں آگے بڑھتے رہیں۔ گیارہ سال قبل جب انہوں نے ہنر مندی و صنعت کاری کی ایک علیحدہ وزارت قائم کی تھی تو انہوں نے وکست بھارت کی ایک مضبوط بنیاد رکھی تھی۔ کوشل دیکشانت سماروہ، پی ایم-سیتو اور اسکل لیبز جیسے اقدامات کے ذریعے ہم اسی وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں تاکہ ہر نوجوان بھارتی کو خود کفیل، قابل اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جا سکے۔”

یہ اعلانات اس بات کی توثیق کرتے ہیں کہ حکومت ہند بھارت کو ایک ہنر پر مبنی معیشت میں تبدیل کرنے، نوجوانوں کو ملک اور دنیا بھر میں مواقع کے لیے تیار کرنے اور وکست بھارت @2047 کے ہدف کی جانب پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

 

***

 

UR-7081

(ش ح۔اس ک  )

 


(Release ID: 2175049) Visitor Counter : 4
Read this release in: English , Hindi