قانون اور انصاف کی وزارت
کارروائی کے ذریعہ خدمت: قانونی امور کے محکمے نے اجتماعی کارروائی کے ساتھ ملک گیر سوَچھتا ہی سیوا 2025 مہم میں شمولیت اختیار کی
Posted On:
25 SEP 2025 6:17PM by PIB Delhi
شاستری بھون پر صبح کا سورج بمشکل ہی طلوع ہوا تھا جب قانونی امور کے محکمے کے افسران اور عملے نے دستانے اور ماسک لگائے اور جھاڑو اور پانی کے ڈبے اٹھائے۔ مین سیکریٹیریٹ کا احاطہ، جہاں قانونی غور و خوض اور کاغذی کارروائی کی جاتی ہے، ایک گھنٹے کے لیے اجتماعی کارروائی، توانائی اور خدمت کی جگہ میں تبدیل ہو گیا۔

سوچھتا ہی سیوا 2025 کے تحت ملک گیر مہم "ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ: رضاکارانہ شرمدان" کے ایک حصے کے طور پر، مرکزی سیکرٹری قانون ڈاکٹر انجو راٹھی رانا کی قیادت میں محکمہ کے افسران اور عملہ - اپنے دفاتر سے باہر نکلے اور ایک گھنٹہ رضاکارانہ خدمت کے لیے اکٹھا ہوئے، عوامی مقامات کی صفائی اور صفائی ستھرائی کے لیے ایک گھنٹہ وقف کیا۔
یہ مہم صرف دھول صاف کرنے یا ملبہ اٹھانے سے متعلق نہیں تھی۔ اس کا مطلب تھا نظر انداز کیے گئے کونوں کو صاف کرنا، ایسی جگہوں کو صاف کرنا جو بظاہر صاف نظر آتی ہیں تاہم ان میں کچرا چھپا ہوتا ہے، اور ایسے کوڑے دانوں کی زمہ داری لینا جنہیں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے تاہم جن کی صفائی کرنا سب سے مشکل ہوتا ہے۔ یہ نظارہ بہت خصوصی علامت ظاہر کرتا تھا: سفید ٹوپی، چمکدار دستانے اور ایک ساتھ کام کرتے ہاتھ۔ افسران گھاس پھوس نکالتے، خشک پتے صاف کرتے اور پودوں کو پانی دیتے، جبکہ صفائی کارکنان ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے تھے- کوئی بھیدبھاؤ نہیں تھا، صرف ایک مشترکہ عزم تھا۔

اس مہم میں شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا نے کہا کہ صفائی ستھرائی محض ایک علامتی کارروائی نہیں رہنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ ایک نظم و ضبط، ایک ذہنیت اور ایک ذمہ داری ہے۔ جب ہر ایک ہاتھ ملتا ہے، تو نظر انداز کی گئیں جگہوں میں بھی تبدیلی نظر آتی ہے، اور خدمت کا جذبہ زندگی کا ایک طریقہ بن جاتا ہے۔ صفائی صرف صفائی مہم تک محدود نہیں ہے، بلکہ عادات اور اقدار کی پرورش بھی اس میں شامل ہےجو ایک صحت مند معاشرے کو برقرار رکھتی ہیں۔ 'ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ' اجتماعی عمل کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے، جہاں ہر ہاتھ اور ہر کوشش ایک صاف ستھرے، مضبوط ہندوستان میں تعاون دیتی ہے۔‘‘ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی سے ترغیب یافتہ اس پہل قدمی کا مقصد صفائی ستھرائی اور تعمیر ملک کے لیے اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو جاگزیں کرنا ہے۔

یہ کوشش صرف مرکزی سیکرٹریٹ کے احاطے تک محدود نہیں تھی۔ ملک بھر میں، محکمہ کے منسلک اور ماتحت دفاتر اس مہم میں شامل ہوئے۔ سینٹرل ایجنسی سیکشن نے انڈین لاء انسٹی ٹیوٹ کے باہر ایک مہم چلائی جس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے افسران اور وکلاء بھی شامل ہوئے۔ لاء کمیشن آف انڈیا نے کمیونٹی کلین اپ پروگرام کا انعقاد کیا جہاں 15 سے زائد شرکاء نے تقریباً 20 بیگ کچرے کو ہٹایا۔ انڈین لا انسٹی ٹیوٹ، انڈیا انٹرنیشنل آربٹریشن سینٹر (آئی آئی اے سی)، دہلی ہائی کورٹ، تیس ہزاری کورٹ، ملک بھر کے انکم ٹیکس اپیلیٹ ٹربیونل کے تمام 30 بینچ اور بنگلورو، چنئی، کولکاتا اور ممبئی کے برانچ سکریٹیریٹ کے افسران نے ملک کے الگ الگ حصوں میں صفائی مہم چلائی – مندر کے احاطون سے لے کر شہری علاقوں تک، دفاتر کے گلیاروں سے لے کر عوامی مقامات تک – یہ ثابت کرتے ہوئے کہ صفائی ستھرائی ایک مشترکہ فرض ہے، خواہ جگہ کوئی بھی ہو۔

مہم کے اختتام تک، کوڑے دان بھر گئے، راستے صاف ہو گئے، اور سبز رنگ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں نے تازہ زندگی دی۔ اس کے باوجود حقیقی کامیابی اس سے کہیں زیادہ ہے جو دیکھا جا سکتا تھا - یہ ایک کمیونٹی کے اکٹھے ہونے میں تھا، اس یاد دہانی میں کہ قوم کی تعمیر کا آغاز ذمہ داری کے چھوٹے کاموں سے ہوتا ہے، دن بہ دن دہرایا جاتا ہے۔
اس تقریب میں سوچھتا ہی سیوا کے بنیادی پیغام کی بازگشت سنائی دی - کہ حقیقی خدمت عمل، نظم و ضبط اور ماحول کے تئیں ذمہ داری میں مضمر ہے۔ قانونی امور کا محکمہ "صاف ستھرا بھارت- ترقی یافتہ بھارت" (سوچھ بھارت - وکست بھارت) کی قومی تحریک میں تعاون دینے کے لیے پرعزم ہے۔
24 ستمبر کو، مین سیکریٹیریٹ نے ایک سوچھتا عہد کی تقریب بھی منعقد کی، جس میں صفائی کے لیے ان کے عزم کو زندگی کے ایک طریقہ کے طور پر پیش کیا گیا۔ ہمارے روزمرہ کی جگہوں کے صفائی متروں کو ان کی انمول خدمات کے لیے تسلیم کیا گیا اور انہیں مبارکباد دی گئی۔ اس دن ایک مضمون نویسی کا مقابلہ بھی ہوا جس میں شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

17 ستمبر سے 2 اکتوبر 2025 تک منائی جانے والی یہ مہم پورے ملک میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھرپور سرگرمیوں کے ایک پکھواڑے کے طور پر اجاگر ہے۔ اس کا اختتام سوچھ بھارت دیوس (2 اکتوبر - گاندھی جینتی) پر ہوتا ہے، جو مہاتما گاندھی کے صاف ستھرے اور آتم نربھر بھارت کے وژن کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:6611
(Release ID: 2171394)
Visitor Counter : 5