لوک سبھا سکریٹریٹ
لوک سبھا اسپیکر تروپتی میں پارلیمنٹ اور ریاستوں ومرکز کے زیر انتظام خطوں کی اسمبلیوں کی خواتین کو بااختیار بنانے والی کمیٹی کی قومی کانفرنس کا افتتاح کریں گے
آندھرا پردیش کے گورنر، وزیر اعلیٰ، مرکزی وزراء، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین، آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر، پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں کی خواتین کو بااختیار بنانے والی کمیٹیوں کے صدور اس کانفرنس میں شریک ہوں گے
پارلیمنٹ اور ریاستوں ومرکز کے زیر انتظام خطوں کی اسمبلیوں سے 100سے زائد مندوبین اس کانفرنس میں حصہ لیں گے
کانفرنس کا موضوع ’’خواتین کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا‘‘ ہے۔
Posted On:
12 SEP 2025 8:51PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر، جناب اوم برلا، 14 ستمبر 2025 کو تروپتی، آندھرا پردیش میں پارلیمنٹ اور ریاستی ومرکز کے زیر انتظام خطوں کی اسمبلیوں کی خواتین کو بااختیار بنانے والی کمیٹی کی نیشنل کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ جناب برلا اس موقع پر ایک نمائش کا بھی افتتاح کریں گے اور ایک سووینئر (یادگاری کتابچہ) جاری کریں گے۔
آندھرا پردیش کے گورنر جناب ایس۔ عبدالنذیر، آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ جناب این۔ چندرا بابو نائیڈو، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین جناب ہری ونش، پارلیمانی کمیٹی برائے خواتین کو بااختیار بنانے کی چیئرپرسن محترمہ ڈی۔ پرندیشوری؛ آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب سی۔ ایّنا پترودو اور آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کے چیئرمین جناب کوئے موشینو راجو افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس تقریب میں آندھرا پردیش حکومت کے وزراء، اسمبلی اور کونسل کے اراکین اور پارلیمنٹ و ریاستی/مرکز کے زیر انتظام خطوں کی اسمبلیوں کی خواتین کو بااختیار بنانے والی کمیٹیوں کے صدور و اراکین شرکت کریں گے۔
اس دو روزہ کانفرنس (14–15 ستمبر 2025) میں ملک بھر سے100سے زائد مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس کا موضوع ’’ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا‘‘ ہے۔ ’’وِکسِت بھارت کے لیے خواتین کی قیادت میں ترقی‘‘ اور دو ذیلی موضوعات یعنی (i)’’صنفی لحاظ سے حساس بجٹ سازی‘‘ اور (ii) ’’ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا‘‘ بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
ان مباحثوں میں ہندوستان کی ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، بلاک چین، روبوٹکس، کوانٹم کمپیوٹنگ، بایوٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی جیسے مواقع اور خطرات اور ان کے خواتین پر اثرات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ خاص زور صنفی ڈیجیٹل فرق کو کم کرنے، خواتین کی ایس ٹی ای ایم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی) کے شعبوں میں نمائندگی بڑھانے، ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانے اور خواتین کے کردار کو صنعت و اختراع میں مضبوط کرنے پر دیا جائے گا۔ کانفرنس میں یہ بھی غور کیا جائے گا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشتوں میں خواتین کی شمولیت کس طرح ’’ترقی یافتہ بھارت 2047‘‘ کے ویژن کے حصول میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
اختتامی اجلاس 15 ستمبر 2025 کو ہوگا جس سے آندھرا پردیش کے گورنر جناب ایس۔ عبدالنذیر، لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین جناب ہری ونش، پارلیمانی کمیٹی برائے خواتین کو بااختیار بنانے کی چیئرپرسن، محترمہ ڈی۔ پرندیشوری اور آندھرا پردیش اسمبلی کے اسپیکر جناب سی۔ ایّنا پترودو خطاب کریں گے۔ شکریہ کی رسم آندھرا پردیش اسمبلی کے نائب اسپیکر ادا کریں گے۔
یہ پہلی ایسی کانفرنس ہے جس میں خواتین کو بااختیار بنانے والی کمیٹیوں کی شمولیت ہوگی۔ تروپتی میں ہونے والی یہ کانفرنس خواتین کو بااختیار بنانے پر ایک نئے قومی مکالمے کی علامت ہے، جس میں خواتین کو تکنیکی تبدیلی کے دور میں قیادت کے قابل بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-5957
(Release ID: 2166195)
Visitor Counter : 11