سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پرپل فیسٹ 2025: جوش و خروش ، شمولیت اور بااختیار بنانے  کا مظہر

Posted On: 12 SEP 2025 11:47AM by PIB Delhi

پرپل فیسٹ 2025 کا کامیاب اختتام 11 ستمبر 2025 کو امیٹی یونیورسٹی، نوئیڈا میں ہوا، جس میں 1,800 سے زائد رجسٹرڈ شرکاء نے بھرپور حصہ لیا۔

اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ رچا شنکر، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ڈی ای پی ڈبلیو ڈی نے معاشرے میں شمولیت کو فروغ دینے، معذور افراد کو سماج کے مساوی رکن کے طور پر قبول کرنے، اسکولوں میں شمولیتی ماحول کو یقینی بنانے، سماعت سے محروم افراد کی جدوجہد اور کامیابیوں کو سراہنے اور پرپل فیسٹ کے ذریعے ظاہر کی گئی شمولیت کو منانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس سیشن میں امیٹی یونیورسٹی کی ڈاکٹر جینتی پجاری نے رپورٹ پیش کی جبکہ پروفیسر سنجیو بنسل، پرو وائس چانسلر امیٹی یونیورسٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرپل فیسٹ کے مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیے گئے ہیں۔

یہ دن توانائی اور جوش و خروش سے بھرا ہوا تھا کیونکہ متعدد ثقافتی اور کھیلوں کے پروگرام منعقد ہوئے۔ اسپورٹس کے حصے میں پانچ بڑے کھیل — کرکٹ، بیڈمنٹن، شطرنج، کیرم اور ٹیبل ٹینس — کا انعقاد کیا گیا جن میں انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں طرح کی شرکت شامل رہی۔ کھلاڑیوں نے بھرپور جذبے کے ساتھ مقابلہ کیا، جس نے اس مقابلے کو مزید پُررونق اور دلچسپ بنا دیا۔

مقابلے کی نمایاں جھلک ایک کرکٹ میچ تھا جس میں امیٹی یونیورسٹی کے طلبہ نے آئی ایس ایل آر ٹی سی کے سماعت سے محروم طلبہ کے ساتھ مل کر کھیل پیش کیا، جس نے حقیقی معنوں میں شمولیت اور بھائی چارے کی روح کو اجاگر کیا۔

خصوصی اسکولوں اور اداروں جیسے امر جوتی، اکشیا پرتِشٹھان، این آئی ای پی آئی ڈی اور اے وائی جے این آئی ایس ایچ ڈی نوئیڈا نے بھی اس فیسٹیول میں شرکت کی، جس نے معذور افراد کے لیے اپنے ہنر اور کھیلوں کے جذبے کو پیش کرنے کا ایک متنوع پلیٹ فارم فراہم کیا۔

اس موقع پر ایک معذور افراد کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری رہنے والے تربیتی اور تعلیمی پروگرام (سی آر ای) بھی منعقد کیا گیا۔ پرپل فیسٹ میں 22 انٹرپرینیورشپ اسٹال بھی لگائے گئے جن میں امر جیوتی، ڈی ایف ڈی ڈبلیو  اور آرٹ بائی  ہارٹ جیسے ادارے اور گروپس شامل تھے۔ ان اسٹال کو زبردست پذیرائی ملی، جس نے ڈِوِیانگجن انٹرپرینیورز کے لیے نہ صرف تشہیر کا موقع فراہم کیا بلکہ انہیں مالی طور پر بااختیاربننے کی ترغیب بھی دی۔

اس کے علاوہ، این بی ٹی کی جانب سے 200 "ویرگاتھا" کتابیں آئی ایس ایل آر ٹی سی کے اسٹال پر تقسیم کی گئیں تاکہ سماج کے لیے آسانی سے دستیاب تعلیمی وسائل کو یقینی بنایا جا سکے۔

جناب ایس کے سریواستو نے اپنی موجودگی سے اس تقریب کی رونق بڑھائی، جبکہ جناب کمار راجو، ڈائریکٹر آئی ایس ایل آر ٹی سی نے اختتامی کلمات پیش کیے اور منتظمین کی محنت اور تمام شرکاء کی پُرجوش شرکت کی ستائش کی۔

محترمہ رچا شنکر نے تنظیمی ٹیم اور ان 16 امیدواروں کو تعریفی اسناد عطا کیں جنہوں نے آئی ایس ایل آر ٹی سی میں موبائل ریپئر کورس کامیابی سے مکمل کیا۔ اس اقدام کو ہنر مندی کے فروغ اور خود کفیل بننے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا گیا۔

************

(ش ح –ع و- م ق ا)

U. No.5924


(Release ID: 2165909) Visitor Counter : 6