دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان اور دہلی کی وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا نے سرس لائیولی ہوڈ میلے کا باضابطہ افتتاح کیا


وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا ہدف سال  2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے، جس کے لیے ہر ایک کو سودیشی (دیسی سامان) کو اپنانا چاہیے:جناب  شیوراج سنگھ

جناب شیوراج سنگھ نے میلے میں حصہ لینے والی لکھپتی دیدیوں کو اپنی رہائش گاہ پر کمیونٹی کھانے کے لیے مدعو کیا ہے

جناب شیوراج سنگھ نے دہلی کے باشندوں کو مرکزی حکومت کی اسکیموں کے فوائد کی یقینی فراہمی کے تئیں عزم کا اظہار کیا

دیہی ترقی کی مرکزی وزارت کا عظیم الشان میلہ 22 ستمبر تک دہلی کے میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں جاری رہے گا

یہ میلہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ’سودیشی‘ کو اپنانے کے عہد کے ساتھ ’ووکل فار لوکل‘ کے عزم کو مضبوط کرتا ہے

Posted On: 09 SEP 2025 10:29PM by PIB Delhi

زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان اور دہلی کی وزیر اعلی محترمہ ریکھا گپتا نے آج وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں’ووکل فار لوکل‘ کے عزم کو مضبوط کرنے اور ’سودیشی‘ (دیسی سامان) کو اپنانے کا عہد کرنے کے لیے عظیم الشان سرس لائیولی ہوڈ میلے کا باضابطہ افتتاح کیا۔  اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر چندر شیکھر پیماسانی اور جناب کملیش پاسوان، دیہی ترقی کی مرکزی وزارت کے سکریٹری جناب شیلیش کمار سنگھ، دہلی کے چیف سکریٹری جناب دھرمیندر، خود امدادی گروپوں سے تعلق رکھنے والی بڑی تعداد میں’لکھپتی دیدیاں‘ ، سینئر حکام اور متعدد عوامی نمائندے موجود تھے۔

دیہی ترقی کی مرکزی وزارت کے زیر اہتمام سرس لائیولی ہوڈ میلہ 5 ستمبر سے 22 ستمبر تک دہلی کے میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں منعقد کیا جارہا ہے۔خود امدادی گروپوں کی 400 سے زیادہ’لکھپتی دیدیاں‘ اپنی بہترین مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ، وزیر اعلی ریکھا گپتا اور دیگر مہمانوں نے ان مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔  انہوں نے خود امدادی گروپوں اور دیہی کاروباریوں کے کام کی دل سے تعریف کی جنہوں نے طبقوں کو بااختیار بنانے، ذریعۂ معاش کو بڑھانے اور قومی معیشت میں حصہ ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔  مہمانوں نے نمائش  کے مقام کا دورہ کیا، خود امدادی گروپوں کے اراکین کے ساتھ بات چیت کی اور نمائش میں شامل مصنوعات کے تنوع اور معیار کو سراہا۔  انڈیا فوڈ کورٹ مختلف ریاستوں کے روایتی اور لذیذ پکوان پیش کر رہا ہے، جبکہ ’ایک بھارت ، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کے ساتھ ثقافتی پروگرام روزانہ منعقد کیے جا رہے ہیں۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ میلہ ایک نئے خود کفیل اور با اختیار ہندوستان کے وژن کی نمائندگی کرتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا ہدف سال 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے اور اس کے لیے’سودیشی‘ کو اپنانا ضروری ہے۔  انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں سودیشی مصنوعات خریدنی اور اپنانی چاہئیں اور ایسا کرنے سے ہمارا ملک مضبوط ہوگا۔  ‘‘ انہوں نے تمام ’دیدیوں‘ اور دیگر حاضرین کو ’سودیشی‘ اپنانے کا عہد بھی کرایا۔

جناب شیوراج سنگھ نے کہا کہ 2 کروڑ سے زیادہ دیدی پہلے ہی لکھ پتی بن چکی ہیں اور جلد ہی یہ تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔  انہوں نے میلے میں موجود ’لکھپتی دیدیوں‘ کو بھی اپنی رہائش گاہ پر آنے اور اپنے ساتھ اجتماعی کھانا بانٹنے کی دعوت دی۔  مرکزی وزیر نے دہلی حکومت اور وزیر اعلی محترمہ ریکھا گپتا کے ساتھ مل کر دہلی کے باشندوں کو مرکزی حکومت کی ان تمام اسکیموں کے فوائد فراہم کرنے کےتئیں اپنے عزم کا اظہار کیاجن سے وہ پچھلی حکومت کے تحت محروم تھے۔  انہوں نے دہلی اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سرس لائیو لی ہوڈ میلے میں آئیں۔

وزیر اعلی محترمہ ریکھا گپتا نے ’لکھپتی دیدیوں‘کی محنت اور دہلی میں اس میلے کے انعقاد میں دیہی ترقی کی وزارت کی کوششوں کو سراہا۔  انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں ہم دہلی کو مزید آگے لے جائیں گے۔  ہماری حکومت ہماری بہنوں کو خود کفیل اور اقتصادی طور پر بااختیار بنا رہی ہے۔

سرس لائیولی ہوڈ میلہ: دیہی خوشحالی کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم

حکومت ہند کی دیہی ترقی کی وزارت کے ذریعے سالانہ منعقد ہونے والا سرس لائیولی ہوڈ میلہ ملک کے سب سے بڑے پلیٹ فارم میں سے ایک ہے، جہاں دیہی خود امدادی گروپوں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کا موقع ملتا ہے۔  یہ میلہ نہ صرف دیہی پروڈیوسروں کو بازاروں سے جوڑتا ہے بلکہ ’ووکل فار لوکل‘ کے جذبے کو بھی فروغ دیتا ہے  اور ’آتم نربھر بھارت‘ (خود کفیل ہندوستان) کے وژن کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔  دیہی ترقی کی وزارت نے تمام شہریوں، صنعت کے نمائندوں اور پالیسی سازوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میلہ دیکھنے جائیں ، دیہی خواتین کاروباریوں کی مدد کریں اور ہندوستان دستکاری اور ثقافت کے گراں مایہ  ورثے کا تجربہ کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔ک ح۔ ن م۔

U-5830


(Release ID: 2165179) Visitor Counter : 2
Read this release in: English , Kannada