بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
‘‘وزارتِ جہاز رانی بھارتی بحری شعبے کے لیے مخصوص سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے امکانات کا جائزہ لے گی’’: جناب سربانند سونووال
Posted On:
23 AUG 2025 10:22PM by PIB Delhi
بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کےمرکزی وزیر (ایم او پی ایس ڈبلیو) جناب سربانند سونووال نے کہا کہ وزارت جہاز رانی بھارت کی بحری حکمرانی اور بندرگاہی انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مخصوص سیٹلائٹ کے اجراء یا ٹرانسپونڈر حاصل کرنے کے امکان کا جائزہ لے گی۔
‘‘ہماری وزارت کو چاہیے کہ بھارتی بحری شعبے کے لیے اپنا ذاتی سیٹلائٹ لانچ کرنے یا ایک مخصوص ٹرانسپونڈر حاصل کرنے کا منصوبہ بنائے۔ قومی اسپیس ڈے کے موقع پر مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے وزارت کے اعلیٰ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا، اس اقدام سے بھارت کے ساحلی اور بندرگاہی انتظامی ڈھانچے کو جدید خلائی ٹیکنالوجی پر مبنی حل کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔’’
مرکزی وزیر کے مطابق، مجوزہ نظام بھارتی ساحلی پانیوں، اندرونی آبی گزرگاہوں اور بندرگاہی علاقوں کے لیے خصوصی کوریج فراہم کرے گا۔ یہ نظام قومی بحری ڈیٹا بیس سے منسلک ہو کر جہازوں کے نقل و حرکت کی حقیقی وقت میں نگرانی، بحری حفاظت اور بندرگاہی آپریشنز کو مزید مؤثر بنائے گا۔
جناب سربانند سونووال نے مزید کہاکہ ‘‘اس سے جہازوں کی نقل و حرکت کی بہتر نگرانی، بھارت کی ساحلی پٹی اور خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ)میں حقیقی وقت میں جہازوں کی ٹریکنگ، بروقت بھیڑ کی نشاندہی اور بحری نیویگیشن کی حفاظت میں اضافہ ممکن ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ تلاش و بچاؤ کی تیاری، آلودگی پر قابو پانے اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی بہتری آئے گی۔ یہ اقدام غیر ملکی نیویگیشن سسٹمز پر انحصار کم کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی جی کے آتم نربھر بھارت کے وژن کو بھی تقویت دے گا۔’’
وزیر موصوف نے بھارت کی حالیہ کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک عالمی رہنما کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا: ‘‘بھارت نے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں بطور قوم شاندار پیش رفت کی ہے اور دنیا کے سب سے معزز اور مؤثر خلائی پروگراموں میں سے ایک تشکیل دیا ہے۔’’ جناب سربانند سونووال نے بھارت کے خلائی تحقیق کے سفر اور بنی نوع انسان کی بھلائی کے لیے علم کی جستجو کو یاد کیا۔
جناب سربانند سونووال نے کہا، ‘‘ہم نے 2023 میں آدتیہ-ایل 1 لانچ کیا، جو سورج کا مطالعہ کرنے کے لیے بھارت کی پہلی شمسی آبزرویٹری ہے۔ حال ہی میں گروپ کیپٹن شبہانشو شکلا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا مشن مکمل کرنے والے پہلے بھارتی بنے۔ جلد ہی، ہمارے سائنس دانوں کی انتھک محنت کے باعث، بھارت گگن یان مشن لانچ کرے گا اور اپنا خلائی اسٹیشن بھی قائم کرے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی بصیرت افروز قیادت میں بھارت کا خلائی پروگرام مختلف چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرتے ہوئے شاندار پیش رفت کر رہا ہے اور نئے مواقع کے دروازے کھول رہا ہے۔’’انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی جی کے وہ کلمات بھی یاد دلائے جن میں انہوں نے 2014 سے بھارت کے خلائی پروگرام کی قیادت اور رہنمائی کو اجاگر کیا تھا۔
اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے جناب سربانند سونووال نے کہا: ‘‘قومی یومِ خلا کے موقع پر میں ہر ایک بھارتیہ کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ملک کے نوجوانوں سے یہ بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ صرف آسمان تک نہیں بلکہ خلا تک پہنچنے کا حوصلہ پیدا کریں۔’’

***********
(ش ح –ش ت- م ق ا)
U. No.5256
(Release ID: 2160463)