وزارات ثقافت
’’اکیسویں صدی میں بدھ دھمّا میں حکمت کی ترسیل‘‘ کے موضوع پر غور و فکر کے لئے تیسری آئی سی وائی بی ایس کانفرنس میں نوجوان بدھ مت اسکالروں کی شمولیت
Posted On:
22 AUG 2025 9:35PM by PIB Delhi
انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) نے وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند کے زیرِ اہتمام اور ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سنٹر (ڈی اے آئی سی) کے اشتراک سے، نئی دہلی کے نالندہ آڈیٹوریم، ڈی اے آئی سی میں تیسری انٹرنیشنل کانفرنس آف ینگ بدھسٹ اسکالرز (آئی سی وائی بی ایس) کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس سال کی کانفرنس کا موضوع ’’اکیسویں صدی میں بدھ دھمّا میں حکمت کی ترسیل‘‘تھا۔
اس سالانہ کانفرنس میں نوجوان اسکالروں، پروفیسروں، راہبوں اور معزز شخصیات نے بھرپور شرکت کی، جن کا تعلق روس، ویتنام، کمبوڈیا، سری لنکا، میانمار، تائیوان اور بھارت سمیت مختلف ممالک سے تھا۔ مباحثوں میں اس بات پر غور کیا گیا کہ بدھ دھمّا—جو ہمدردی، ذہنی بیداری اور اخلاقی طرزِ عمل پر مبنی ہے، کس طرح جدید دور میں ڈیجیٹل اختراع، بین الثقافتی مکالمہ، تعلیم اور ذاتی عملی مشق کے ذریعے بامعنی انداز میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
کانفرنس کا آغاز منگلا چرن (دعائیہ کلمات) سے ہوا، جس کے بعد آئی بی سی کے سکریٹری جنرل، شارتسے کھینسُر جانگچُپ چوئدن رِنپوچے نے استقبالیہ خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی بی سی نوجوان ذہنوں کی پرورش اور حکمت کی مقدس تسلسل (سِتّا سنتتی) کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
خصوصی مقرر یشی داوا، سینئر تحقیق کار، 108 پیس انسٹی ٹیوٹ نے نوجوانوں کو درپیش ذہنی صحت کے مسائل کے حل میں ہمدردی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ’’ہولی ریلک ایکسپوزیشن اِن ویتنام‘‘ پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس نے رواں سال کے اوائل میں 1 کروڑ 78 لاکھ عقیدت مندوں کو اپنی جانب متوجہ کیا تھا۔
اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل آئی بی سی، جناب ابھیجیت ہلدر نے نوجوانوں کے لیے پانچ بنیادی عناصر پر زور دیا: ذہنی بیداری، ناپائیداری، ہمدردی، خود شناسی اور ماحولیاتی ذمہ داری۔ کلیدی مقرر پروفیسر کے۔ ٹی۔ ایس۔ سَراو نے آئی بی سی کی جانب سے ’’بدھ دھمّا‘‘ کی اصطلاح کے استعمال کو ’’بدھ ازم‘‘ پر ترجیح دینے کی تعریف کی اور اخلاقی عالمی طرزِ حکمرانی میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔
گوتم بدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، جناب رانا پرتاپ سنگھ، جو اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے، نے تعلیم میں بالخصوص سائنسی نصاب میں بدھ دھمّا کو شامل کرنے پر زور دیا تاکہ خوشی، قیادت اور پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔
چار موضوعاتی پینلز میں شرکاء نے مختلف نکات پر غور کیا، جن میں شہنشاہ اشوک کا طرزِ حکمرانی، گُرو-شاگرد روایت کے ذریعے روایتی علم کی ترسیل، اخلاقی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تشکیل میں بدھ دھمّا کا کردار اور تعلیم و سنگھا کی قیادت میں نوجوانوں کی شمولیت شامل تھے۔
کانفرنس کا اختتام اکیڈمک ڈویژن، آئی بی سی کے سربراہ پروفیسر رویندر پنتھ، کے اظہارِ تشکر سے ہوا، جنہوں نے مطالعہ، عملی مشق اور اجتماعی عزم کے ذریعے شعور کے بلا تعطل تسلسل (ستّا سنتتی) کو محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
تیسری آئی سی وائی بی ایس کانفرنس نے اس بات کی پھر سے توثیق کی کہ بدھ دھمّا کی حکمت آج بھی عالمی چیلنجز کے حل، اخلاقی مستقبل کی تشکیل اور انسانیت کو ہمدردی، ذہنی بیداری اور پائیدار طرزِ زندگی کے راستے پر گامزن کرنے میں گہری معنویت رکھتی ہے۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 5217
(Release ID: 2160040)