ارضیاتی سائنس کی وزارت
پارلیمنٹ کا سوال: دہلی میں زلزلے کے خطرے اور عمارتوں کی حفاظت کی تعمیل
Posted On:
21 AUG 2025 6:32PM by PIB Delhi
سال 2019 میں مکمل ہونے والے ایک مطالعے بعنوان ”ارتھ کوئیک ڈیزاسٹر رسک انڈیکس (ای ڈی آر آئی) – مرحلہ I“ میں دہلی کو بھی شامل کیا گیا تھا کیونکہ یہ سیسمک زون IV میں آتا ہے۔ اس مطالعے کے تحت کی گئی رسک اینالسس کے مطابق، دہلی کو زلزلے کے خطرے (خطرہ، کمزوری اور ایکسپوژر) کے لحاظ سے درمیانے خطرے والے شہر کے طور پر درجہ بند کیا گیا۔ 84 عمارتوں کا ایک نمونہ جاتی سروے کیا گیا جس کی بنیاد پر دہلی کے تعمیر شدہ ماحول کی ساختی کمزوری کو بھی درمیانہ قرار دیا گیا۔
2019 میں، این ڈی ایم اے نے ”میسینری لائف لائن اسٹرکچر اور آنے والی تعمیرات کی زلزلہ جاتی لچک کو بہتر بنانے“ کے عنوان سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کے اشتراک سے شروع کیا، جس کی کل لاگت 303.33 لاکھ روپے تھی۔ اس پروجیکٹ میں ڈی ٹی یو کو ٹیکنیکل پارٹنر کے طور پر شامل کیا گیا۔ اس اقدام کے تحت پانچ عوامی عمارتوں کا ساختی حفاظتی آڈٹ کیا گیا۔ تاہم، یہ پروجیکٹ مزید جاری نہ رہ سکا کیونکہ نفاذی اداروں کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹس کے معیار تسلی بخش نہیں تھے اور وہ متوقع تکنیکی معیارات پر پورا نہیں اترتے تھے۔
اس پائلٹ پروجیکٹ کے تحت این ڈی ایم سی کو فنڈ کی پہلی قسط 91 لاکھ روپے جاری کی گئی، جن میں سے تقریباً 35 لاکھ روپے تربیت، صلاحیت سازی اور تکنیکی رپورٹس کی تیاری پر خرچ کیے گئے۔ تاہم رپورٹوں کے ناقص معیار کی وجہ سے پروجیکٹ آگے نہیں بڑھایا جا سکا۔
نیشنل بلڈنگ کوڈ (این بی سی) اور بلڈنگ بائی لاز پر عمل درآمد ریاستی حکومتوں کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔ البتہ زلزلہ مزاحم تعمیرات کو فروغ دینے کے لیے، این ڈی ایم اے نے این بی سی 2016 پر مبنی صارف دوست رہنما خطوط تیار کیے ہیں۔ ان میں نمایاں ہیں: ”ہوم اونر کا گائیڈ برائے ارتھ کوئیک و سائیکلون سیفٹی (2019)“ اور ”ارتھ کوئیک سیفٹی کے لیے آسان رہنما اصول (2021)“ ہیں۔ یہ گائیڈز عملی رہنمائی فراہم کرتے ہیں جیسے سائٹ کا انتخاب، معمارانہ ڈیزائن، ساختی تحفظ اور محفوظ تعمیر میں اہل ماہرین کا کردار۔
اس کے علاوہ، این ڈی ایم اے نے دہلی میں زلزلے کے خطرے کو کم کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے حکومت دہلی کے مختلف محکموں کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ یہ اشتراک 8 اپریل 2025 کو منعقدہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کمیٹی – ارتھ کوئیک کی دوسری میٹنگ کے حصے کے طور پر کیا گیا۔ میٹنگ میں محکموں کے لحاظ سے فوری اقدامات کی سفارش کی گئی تاکہ دہلی اپنی زلزلہ جاتی حفاظت کو مضبوط کر سکے اور کمزوریوں کو کم کیا جا سکے۔
مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنس، پی ایم او، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، محکمہ ایٹمی توانائی اور محکمہ خلا کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں تحریری جواب میں یہ معلومات فراہم کی۔
********
ش ح۔ ف ش ع
U: 5142
(Release ID: 2159509)