جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ریلوے اور جل شکتی کے مرکزی وزیر مملکت جناب وی سومنّا نے آج پورے ہندوستان کے 150 سے زیادہ سرپنچوں کے ساتھ بات چیت کی


150 سے زیادہ سرپنچوں کو ملک کی تعمیر اور پانی کے تحفظ اور سوچھ سوجل گاؤں کو حقیقت بنا کر ہندوستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں ان کی غیر معمولی شراکت کے لیے منتخب کیا گیا

جل شکتی کی وزارت نے صحت مند ، خود کفیل دیہاتوں کی تعمیر میں ان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے خصوصی بات چیت کے لیے سرپنچوں کی میزبانی کی

Posted On: 14 AUG 2025 9:53PM by PIB Delhi

جب ملک 79 واں یوم آزادی منانے کی تیاری کر رہا ہے ، ایسے موقع پر ریلوے اور جل شکتی کے مرکزی وزیر مملکت جناب وی سومنّا نے آج دہلی میں ملک بھر کے 150 سے زیادہ سرپنچوں کے ساتھ بات چیت کی ۔  ان سرپنچوں کا انتخاب ملک کی تعمیر اور پانی کے تحفظ اور نچلی سطح پر سوچھ سوجل گاؤں کی تعمیر کو حقیقت بنا کر ہندوستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں اپنی غیر معمولی شراکت کے لیے کیا گیا ہے ، جو اس بات کی روشن مثالیں ہیں کہ مقامی قیادت کس طرح تبدیلی لا سکتی ہے ۔  آبی وسائل اور دریا کی ترقی اور گنگا کی بحالی کے محکمے کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی اور پینے کے پانی اور حفظان صحت کے محکمہ کےسکریٹری جناب اشوک کے کے مینا اور جل شکتی کی وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔

ریلوے اور جل شکتی کے مرکزی وزیر مملکت جناب وی سومنّا نے سرپنچوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ "ہمارے سرپنچ اور وی ڈبلیو ایس سی کے ممبران حقیقی تبدیلی لانے والے افراد ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ سرکاری پروگرام لوگوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری کا باعث بنے ۔  ان کی قیادت اور لگن ہمیں سوچھ سوجل گاؤں کےہدف پر مزید محنت کرنے کی ترغیب دیتی ہے جو وکست اور جل سمردھ بھارت کی بنیاد بنے گا ۔ یوم آزادی کا جشن مناتے ہوئے ہمارے لئے یہ انتہائی مناسب  موقع ہے کہ ہم ان لوگوں کو اعزاز دیں جو صاف پانی ، صفائی ستھرائی اور پائیدار طریقوں سے ہمارے دیہاتوں کے مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں ۔

ڈی او ڈبلیو آر کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی نے کہا ، جل شکتی ابھیان اور کیچ دی رین پہل کے تحت ہمارے سرپنچوں اور پردھانوں کی خصوصی کوششوں کی بدولت ، زیادہ استحصال زدہ زیر زمین پانی کے بلاکس میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے-جس کی تعداد 2017 میں تقریبا 17فیصد سے گھٹ کر 2024 میں صرف 11فیصد رہ گئی ہے ۔  یہ پانی کے تحفظ کی طرف بڑا قدم ہے ۔  ہمارے سرپنچ پانی کے حقیقی سفیر اور واریئرہیں ، جو آب و ہوا کی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کے باوجود ہماری برادریوں کو مستحکم مستقبل کی طرف گامزن کرتے ہیں ۔  پانی کو بیداری اور احتیاط کے ساتھ استعمال کرکے ہم ساتھ مل کر آنے والی نسلوں کے لیے ان قیمتی وسائل کی حفاظت کر سکتے ہیں ۔

پینے کے پانی اور حفظان صحت کے سکریٹری  جناب اشوک کے کے مینا نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ، "آپ (سرپنچ) سوچھ بھارت مشن اور جل جیون مشن کی سب سے بڑی طاقت ہیں ۔  گاؤں کی مضبوط قیادت سے یہ ظاہر ہے کہ پختہ ارادے اور کوشش سے ہر گھر میں صاف پانی ، حفظان صحت سے متعلق بیت الخلاء اور کچڑے کا مناسب نظم ہو سکتا ہے ۔  ہمارا اگلا ہدف سوچھ سوجل گاؤں ہے-جس کے تحت ہر گھر میں نل کا پانی ، ٹھوس اور مائع فضلات  کا اچھی طرح سے نظم کیا جانا ہے ، اوراس میں او ڈی ایف پلس ماڈل اور ہر گھر جل سرٹیفیکیشن کا مقصدحاصل کرنا ہے ۔  آپ سے موصول ہونے والا درست اور بروقت ڈیٹا بہتر نگرانی اور بہتری کو یقینی بنائے گا ۔  آپ لوگ ’سب کا ساتھ ، سب کا وکاس ، سب کا وشواس ، سب کا پریاس ‘کو حقیقت بناتے ہوئے ملک کے لیے رول ماڈل ہیں ۔

منتخب سرپنچوں نے نچلی سطح پر اپنی اختراعات اور کامیابی کی حوصلہ بخش کہانیاں شیئر کیں ۔  گجرات (ششی کانت پٹیل)، مدھیہ پردیش (لکشیتا ڈاگر)، کیرالہ (شیبہ)، اتر پردیش (سنیتا یادو)، چھتیس گڑھ (جناب ناگیندر بھگت) اور آندھرا پردیش (سمپورنا)کی شرکت سے یہ بات چیت  بہت بارونق اور دلکش تھا ، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی قیادت کیسے ملک بھر میں جاری سرکاری اقدامات کی کامیابی کو یقینی بنارہی ہے ۔

جل جیون مشن (جے جے ایم)، نمامی گنگے (این ایم سی جی)، جل شکتی جن بھاگیداری (جے ایس جے بی) اور سوچھ بھارت مشن (گرامین) جیسے اہم اقدامات پر مختصر فلموں کی اسکریننگ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

اس موقع پر ڈی ڈی ڈبلیو ایس کی وائس آف چینج-صف اوّل کے سرپنچ اور این ڈبلیو ایم کی (وائسز فرام فیلڈ) "جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین-2025" پر مشتمل کتابچوں کا اجراء کیا گیا ۔

یوم آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والی یہ تقریب جشن سے بھی بڑھ کر ہے ۔  یہ ہندوستان کے نئے دور کے قومی معماروں کو سلامی کی مانند ہے ۔  جس طرح 79 سال پہلے مجاہدین آزادی نے ہندوستان کی سیاسی خودمختاری کو یقینی بنا یا تھا ، اسی طرح آج کے سرپنچ پانی کی خودمختاری ، پانی کی قلت ، انحصار اور ماحولیاتی انحطاط سے نجات کو یقینی بنا رہے ہیں ۔  ان کا کام آزادی کا امرت کال کے وژن کی مثال  ہے ، جو خود انحصاری ، پائیداری ، اختراع پسندی اور لوگوں کی شرکت کا تقاضہ کرتا ہے ۔

نچلی سطح کے یہ ممتاز رہنما پانی اورحفظان صحت سے متعلق  حکومت کے مندرجہ ذیل اہم پروگراموں کو زمینی سطح پرنافذ کرنے میں سب سے آگے رہے ہیں:

  • جل جیون مشن (جے جے ایم) نل کنکشن کے ذریعے ہر دیہی گھرانے کے لئے محفوظ اور مناسب پینے کے پانی کو یقینی بناتا ہے ۔
  • جل شکتی ابھیان (جے ایس اے) مقامی آبی ذرائع کو محفوظ بنانے کے لیے پانی کے تحفظ ، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی اور آبی ذخائر کے ری چارج کو فروغ دیتا ہے ۔
  • سوچھ بھارت مشن (گرامین) کے تحت کھلے میں رفع حاجت سے چھٹکارہ (او ڈی ایف) کے ہدف کو پور ا کرکے دیہاتوں کو محفوظ بنایا جاتا ہے اور او ڈی ایف پلس ماڈل گاؤں کی طرف پیش رفت ہورہی ہے۔
  • جل سنچے جن بھاگیداری (جے ایس جے بی) شراکت دار آبی نظم و نسق اور روایتی آبی ذخائر کی بحالی کے لیے برادریوں کو متحرک کرنےکے لئے ہے ۔

اپنے قائدانہ کردار کے ذریعے ، یہ سرپنچ صاحبان ندیوں اور تالابوں کو زندہ کر رہے ہیں ، بارش کے ہر قطرے کا تحفظ کر رہے ہیں ، دیہی صحت اور حفظان صحت کو بہتر بنا رہے ہیں ، اوربرادریوں کو اپنے وسائل کی مالکانہ ذمہ داری لینے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔  وہ نہ صرف پانی کا تحفظ کر رہے ہیں بلکہ وہ ہندوستان کے ماحولیاتی وسائل کی حفاظت بھی کر رہے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے خوشحال ، مستحکم اور خود کفیل مستقبل کو محفوظ بنا رہے ہیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

(ش ح –م ش ع- م ق ا)

U. No.4810


(Release ID: 2157417)
Read this release in: English , Hindi , Kannada