وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

جنوبی مشرقی ایشیا میں آپریشنل تعیناتی پر ہندوستانی بحریہ کے مشرقی بحری جہازوں نے منیلا میں بندرگاہی دورہ مکمل  کیا

Posted On: 05 AUG 2025 3:54PM by PIB Delhi

جنوب مشرقی ایشیا میں جاری آپریشنل تعیناتی کے سلسلے میں، بھارتی بحریہ کے مشرقی بیڑے کے جہازآئی این ایس دہلی (گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر)، آئی این ایس شکتی (فلیٹ ٹینکر)، اور آئی این ایس کلِٹن (اینٹی سب میرین وارفیئر کورویٹ)،جن کی کمان ریئر ایڈمرل سشیل مینن، فلیگ آفیسر کمانڈنگ ایسٹرن فلیٹ (ایف او سی ای ایف) کے پاس ہے، نے فلپائن کے شہر منیلا میں اپنا بندرگاہی دورہ مکمل کر لیا ہے۔ان جہازوں نے روانگی کے موقع پر، تین اگست سے چار اگست 2025 تک، فلپائن کی بحریہ کے جہازوں کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق میں حصہ لیا۔

فلیگ آفیسر کمانڈنگ ایسٹرن فلیٹ (ایف او سی ای ایف) نے فلپائن کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی، جن میں ریئر ایڈمرل جو انتھونی سی اوربے، کمانڈر فلپائن فلیٹ؛ لیفٹیننٹ جنرل جمی ڈی لاریدا، وائس چیف آف اسٹاف، آرمڈ فورسز آف فلپائن؛ اگناسیو بی میڈریاگا، انڈر سیکرٹری فور اسٹریٹجک اسیسمنٹ اور پلاننگ؛ اور وائس ایڈمرل ایجروائی بنیز، ڈپٹی کمانڈنٹ آپریشنز، فلپائن کوسٹ گارڈ شامل تھے۔یہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں دونوں بحری ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک ہم آہنگی کو اجاگر کرتی ہیں اور ایک آزاد، کھلے اور جامع انڈو-پیسیفک خطے کے لیے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان ملاقاتوں نے ضابطوں پر مبنی عالمی نظام کے تحفظ اور بحری تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں فریقوں کے عزم کا دوبارہ اظہار کیا۔

آئی این ایس شکتی پر ایک ڈیک ریسیپشن منعقد کیا گیا، جس نے معزز مہمانوں کو ایک دوسرے سے مزید تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔ اس میں بھارت کے فلپائن میں سفیر جناب ہرش کمار جین اور فلپائن کی بحریہ اور حکومت کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔یہ تقریب بھارت اور فلپائن کے تعلقات میں گرم جوشی اور باہمی حسنِ نیت کو فروغ دینے اور مضبوط کرنے کا ذریعہ بنی۔

پیشہ ورانہ تبادلے، جن میں کراس ڈیک وزٹس، موضوعات کے ماہرین کے تبادلے اور آپریشنل منصوبہ بندی شامل تھے، اس دورے کا ایک اہم جزو تھے۔ ان سرگرمیوں نے بہترین طریقہ کار کے تبادلے کو ممکن بنایا، باہمی سمجھ کو مضبوط کیا اور ایک آزاد، کھلے اور خوشحال انڈو-پیسیفک کے لیے بحری تعاون کے مشترکہ عزم کو مزید تقویت دی۔سمندر میں منعقدہ دو طرفہ بحری مشق نے حکمت عملی کے تحت کیے جانے والے مانورز اور مواصلاتی مشقوں کے ذریعے اعلیٰ سطح کی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، جس سے دونوں بحریہ کے درمیان عملی ہم آہنگی مزید بڑھ گئی۔

جہازوں کو زائرین کے لیے بھی کھولا گیا جہاں فلپائن کی بحریہ کے اہلکار، حکومتی عہدیدار، طلباء اور بھارتی کمیونٹی کے ارکان کو خوش آمدید کہا گیا۔ ان ملاقاتوں نے بحری شعور کو فروغ دیا اور بھارتی بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی صلاحیت کو اجاگر کیا۔بھارتی بحریہ کے اہلکاروں نے منیلا میں واقع فرینڈشپ ہوم فیڈر لوئس ایمیگو یتیم خانہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ہمدردی اور حسنِ نیت کے تعلقات کو مضبوط کیا۔

دونوں بحریہ کے اہلکاروں کے درمیان دوستانہ کھیلوں کے مقابلوں نے اس دورے کو غیر رسمی لیکن مؤثر پہلو سے نوازا۔ یہ سرگرمیاں رفاقت، ٹیم ورک، باہمی احترام کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اعتماد کی فضا قائم کرنے اور عوامی تعلقات مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوئیں جو محض وردی تک محدود نہیں۔

فلپائن کے بندرگاہی دورے نے بھارت اور فلپائن کی بحری شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل کا کردار ادا کیا ہے۔ اعلیٰ سطح کی سفارتی بات چیت، آپریشنل مشغولیات، ثقافتی تبادلے اور کمیونٹی سے روابط کے ذریعے، بھارتی بحریہ نے اپنے آپ کو ایک قابل اعتماد اور تعاون کرنے والے بحری شراکت دار کے طور پر دوبارہ ثابت کیا ہے، جو انڈو-پیسیفک خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

بھارتی بحریہ اور فلپائن کی بحریہ نے 30 جولائی سے 4 اگست 2025 تک دو طرفہ مشقوں میں حصہ لیا۔ مشقوں کے بندرگاہی مرحلے کا انعقاد 30 جولائی سے 2 اگست 2025 تک ہوا، جس میں سمندر میں مشقوں کے انعقاد کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا اور موضوعات کے ماہرین کے تبادلے کیے گئے۔بحری مرحلے کے دوران، جو 3 سے 4 اگست 2025 تک جاری رہا، اینٹی ایئر، اینٹی سرفیس اور اینٹی سب میرین مشقیں منعقد کی گئیں۔

************

 

ش ح ۔ م م ۔ م ا

Urdu4094


(Release ID: 2152647)
Read this release in: English , Hindi