عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
پارلیمانی سوال: پنشن عدالت پہل کی حصولیابیاں
Posted On:
31 JUL 2025 7:17PM by PIB Delhi
پنشن عدالت حکومت کی انتظامی اصلاحات کا ایک ذریعہ ہے، جس نے شہریوں پر مرکوز نقطۂ نظر اپنایا ہے۔ یہ مرکزی حکومت کے پنشن یافتگان کی طویل عرصے سے زیر التواء پنشن سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایک اضافی فورم فراہم کرتا ہے، جس سے عدالت/سی اے ٹی سے رجوع کرنے کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے۔ اب تک منعقد ہونے والی13 پنشن عدالتوں میں25,831 شکایات میں سے 18,481 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ اس سےتصفیہ کی 72فیصد شرح ظاہرہوتی ہے۔ 04 جون2025 کو منعقد ہونے والی آخری پنشن عدالت میں کل 415 معاملے اٹھائے گئے اور 325 معاملوں کا موقع پر ہی ازالہ کردیا گیا۔
سینٹرلائزڈ پنشن شکایات کے ازالے اور نگرانی کا نظام (سی پی ای این جی آر اے ایم ایس) ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے جسے پنشن سے متعلق شکایات کی موثر نگرانی کے ساتھ اس کےتیزی سے ازالے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ شکایات یا تو براہ راست پورٹل پر درج کی جاتی ہیں یا شکایت کنندہ کی جانب سے ای میل، پوسٹ یا کال سینٹر کے ٹول فری نمبر: 1800-11-1960 کے ذریعے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد محکمہ کے ذریعے درج کی جاتی ہیں۔ تمام وزارتیں/محکمے اپنی ماتحت اکائیوں کے ساتھ سی پی این جی آر اے ایم ایس سے منسلک ہیں اور شکایت کنندہ کو سی پی این جی آر اے ایم ایس پر درج شکایات کی صورتحال کے بارے میں معلوملات حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
حکومت نے16 اکتوبر2024 کو ‘پنشن شکایات کے موثر ازالے’ کے لیے پالیسی سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارتوں/محکموں کو 21 دن کے اندر پنشن کی شکایات کے ازالے کے لیے کوشش کرنی چاہیے اور ایسے معاملات میں جہاں شکایات کے ازالے کے لیے زیادہ وقت درکار ہو ، پورٹل پر عبوری جواب پیش کیا جا سکتا ہے۔ سرکلر میں شکایات کے ازالے کے افسران اور اپیلٹ افسران کے کردار اور ذمہ داریوں کی مزید تفصیل دی گئی ہے۔ حکومت پنشن کی شکایات کے موثر ازالے کے لیے اپنے اقدامات کے حصے کے طور پر موضوعاتی عدالتوں، ماہانہ بین وزارتی جائزہ میٹنگوں، شکایات کے ازالے کے افسران کے لیے صلاحیت سازی کے پروگرام اور پنشن کی شکایات کے ازالے کے لیے سالانہ خصوصی مہم کا انعقاد کرتی ہے۔
یہ معلومات آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں سائنس اور ٹیکنالوجی ، ارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر کے وزیر مملکت ، عملہ ، عوامی شکایات اور پنشن کے وزیر مملکت، ایٹمی توانائی کے محکمے اور خلائی محکمے کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے فراہم کیں۔
***
ش ح۔ک ح۔ ش ت
U NO: 4064
(Release ID: 2152403)
Visitor Counter : 3