وزارت دفاع
چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کثیرملکی فوجی مشق ٹَیلِزمین سیبر 2025 کا مشاہدہ کرنے کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کریں گے
Posted On:
25 JUL 2025 5:25PM by PIB Delhi
چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (سی آئی ایس سی) ، ایئر مارشل اشوتوش دکشت 26 تا 28 جولائی 2025 کو آسٹریلیا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ جاری فوجی مشق ٹَیلِزمین سیبر 2025 (ٹی ایس 25) کے گیارہویں ایڈیشن کا مشاہدہ کریں گے۔ یہ ایک اعلیٰ سطحی کثیرملکی تربیتی سرگرمی ہے، جس کی قیادت آسٹریلیائی دفاعی فورس (اے ڈی ایف) اور امریکی مسلح افواج کر رہی ہیں۔ اس مشق میں 19 ممالک کی شرکت متوقع ہے، جو خطے اور عالمی سطح کے وسیع شراکت داروں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
بھارتی مسلح افواج کے چھ افسران اس وقت جاری مشق ٹی ایس 25 میں مشترکہ کارروائی کی منصوبہ سازی ، کنٹرول، سیفٹی اور لاجسٹکس کے مختلف سطحوں پر منصوبہ ساز عملے کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ بھارتی افسران نے اس سے قبل 2021 اور 2023 میں مشاہدین کے طور پر شرکت کی تھی۔ بھارتی مسلح افواج کی ٹَیلِزمین سیبر میں شرکت، کثیرالجہتی دفاعی سفارت کاری میں بھارت کے بڑھتے ہوئے رول اور ایک مستحکم بھارت –بحرالکاہل خطے میں بھارت کی سرگرم شراکت داری کا ثبوت ہے۔ یہ مشق فوجی تعلقات کو مزید گہرا کرنے، تزویراتی معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون پر مبنی سیکورٹی کے وژن کو تقویت دینے کا نادر موقع فراہم کرتی ہے۔
اپنے دورے کے دوران، سی آئی ایس سی آسٹریلیا اور دیگر شریک ممالک کی افواج کے اعلیٰ فوجی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور ٹی ایس 25 کے تحت منصوبہ بند مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کریں گے۔یہ دورہ بھارت کے دوستانہ ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ آپریشنل ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔یہ دورہ اس حقیقت کا بھی اظہار ہے کہ بھارتی مسلح افواج خطے میں سلامتی کے فروغ اور اجتماعی تیاری میں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنی مضبوط پہچان بنا رہی ہیں۔
ٹی ایس 25 کے دوران فضائی، بری، بحری، خلا اور سائبر جیسے تمام شعبوں میں وسیع مشترکہ آپریشنز اور جنگی ہم آہنگی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس میں پیچیدہ لائیو فائر مشقیں، آبی-بری آپریشنز، مربوط فیلڈ ٹریننگ اور جدید کثیر الجہتی جنگی ماحول میں حقیقت پسندانہ تربیت شامل ہوگی، جو آزاد، کھلے اور شمولیت پر مبنی بھارت-بحرالکاہل خطے کی حمایت کرتا ہے۔
**************
ش ح ۔ ش ب۔ م الف
U. No. 3323
(Release ID: 2148502)