قومی انسانی حقوق کمیشن
انسانی حقوق کے بھارتی کمیشن کی طرف سے 21 تا 22 جولائی 2025 کو اڈیشہ کے بھونیشورمیں اجلاس کا اہتمام
ریاست سے متعلق انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے زیر التواء مقدمات کی سماعت ہو گی
ریاستی حکام اور شکایت کنندگان سماعت میں شرکت کریں گے
کمیشن، شہری سوسائٹی کے ارکان، غیر سرکاری تنظیموں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گا، جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ ہوگی
Posted On:
19 JUL 2025 2:50PM by PIB Delhi
قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی)، بھارت، مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے 21 تا 22 جولائی 2025 کو بھونیشور، اڈیشہ میں دو روزہ کیمپ سٹنگ منعقد کر رہا ہے۔ این ایچ آر سی کے چیئرمین جسٹس وی. راماسبرامنیم، اراکین جسٹس (ڈاکٹر) بديت رنجن سارنگی، محترمہ وجایا بھارتی سیانی اور جناب پریانک قانون گو 21 جولائی 2025 کو صبح 10 بجے ریاستی گیسٹ ہاؤس یونٹ 5، کیشری نگر میں ان مقدمات کی سماعت کریں گے۔
این ایچ آر سی کے سیکرٹری جنرل جناب بھارت لال، رجسٹرار (قانون) جناب جوگیندر سنگھ اور دیگر سینئر افسران بھی کیمپ سٹنگ اور اوپن ہیئرنگ میں شرکت کریں گے۔ مقدمات کی سماعت کے ساتھ ساتھ، اس کیمپ سٹنگ کا مقصد افسران کو انسانی حقوق سے متعلق بیدار کرنا اور متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنا بھی ہے۔ کمیشن، شہری سوسائٹی کی تنظیموں، این جی اوز اور انسانی حقوق کے محافظوں (ایچ آر ڈیز) کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گا۔
ریاستی حکام اور متعلقہ شکایت کنندگان کو ان مقدمات کی سماعت کے دوران موجود رہنے کو کہا گیا ہے تاکہ موقع پر ہی غور و خوض کر کے فیصلے لیے جا سکیں۔ جن مقدمات کو سنا جائے گا، ان میں صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور ان کے اہل خانہ پر حملے؛ خواتین کے خلاف جرائم؛ بچوں کے خلاف جرائم بشمول پوکسو، سانپ کے کاٹنے اور طبی سہولیات کی کمی کے باعث اموات، بھدرک، کندرپاڑا اور دیگر ساحلی اضلاع میں پانچ سے زیادہ خاندانوں کو درپیش سیلابی مسائل، جادو ٹونا اور ٹونے ٹوٹکے کے الزامات کے سبب انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور کووڈ-19 کے دوران لڑکیوں کی اسمگلنگ شامل ہیں۔
مقدمات کی سماعت کے بعد، کمیشن چیف سکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور ریاست کے دیگر سینئر افسران سے ملاقات کرے گا تاکہ انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔
22 جولائی 2025 کو، کمیشن شہری سوسائٹی کی تنظیموں، این جی اوز اور انسانی حقوق کے محافظوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ اس کے بعد ایک میڈیا بریفنگ منعقد کی جائے گی تاکہ ریاست میں انسانی حقوق کے مسائل اور این ایچ آر سی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی معلومات کو وسیع پیمانے پر عام کیا جا سکے۔
سال 2007 سے، این ایچ آر سی ملک بھر میں اس طرح کے اجلاس کا انعقاد کرتا رہا ہے۔ کمیشن نے اتر پردیش، بہار، کرناٹک، اڈیشہ، گجرات، آسام، میگھالیہ، چھتیس گڑھ، منی پور، مدھیہ پردیش، پنجاب، کیرالہ، پڈوچیری، آندھرا پردیش، جھارکھنڈ، انڈمان و نکوبار، ناگالینڈ، اتراکھنڈ، راجستھان، اروناچل پردیش، مغربی بنگال، تمل ناڈو اور مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں میں کیمپ سٹنگ کا انعقاد کیا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 2905
(Release ID: 2146077)