الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
مشترکہ خدمات کے مراکز ڈیجیٹل خود مختاری کا سولہ سالہ جشن16 جولائی2025کو منائیں گے
مرکزی وزیر جناب امت شاہ نئی دہلی کے یشوبھومی میں منعقدہ پروگرام کا افتتاح کریں گے، مرکزی وزراء جناب اشونی ویشنو اور جناب جتن پرساد بھی اس موقع پر موجود ہوں گے
سی ایس سی مستقبل کا نقشراہ پیش کرے گا، جس میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور دیہی اختراعات پر زور ہوگا تاکہ ایک جامع اور خود کفیل ڈیجیٹل انڈیا کی سمت پیش رفت کی جا سکے
Posted On:
11 JUL 2025 6:47PM by PIB Delhi
مشترکہ سروسز مراکز (سی ایس سی) ، حکومتِ ہند کے ڈیجیٹل انڈیا پروگرام کے تحت ایک انقلابی پہل، 16 جولائی 2025 کو یشوبھومی کنونشن سینٹر، دوارکا، نئی دہلی میں اپنے قیام کے 16 سال مکمل ہونے کا جشن منائیں گے۔ گزشتہ سولہ برسوں کے دوران، سی ایس سی دنیا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے نیٹ ورکس میں سے ایک بن چکا ہے، جو دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں 6.5 لاکھ سے زائد فعال مراکز کے ذریعے کام کر رہا ہے۔
جناب امت شاہ، مرکزی وزیر داخلہ و وزیر برائے تعاون، اس تقریب کا افتتاح کریں گے۔ جناب اشونی ویشنو، مرکزی وزیر برائے الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی، اور جناب جتن پرساد، وزیر مملکت برائے الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی بھی اس موقع کی رونق بڑھائیں گے۔
اس موقع پر سی ایس سیز کے مستقبل کے روڈ میپ کی جھلک بھی پیش کی جائے گی، جس میں گہرے نفوذ، خدمات کی توسیع، اور ٹیکنالوجی پر مبنی اختراعات پر زور دیا جائے گا۔ اس نئے مرحلے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی خدمات، کلاؤڈ سلوشنز، اور ڈیجیٹل ذرائع معاش کے انضمام کو شامل کیا جائے گا، تاکہ سی ایس سیز کو دیہی اختراعات اور آتم نربھر بھارت (خود کفیل ہندوستان) کے محرکات کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔
سی ایس سی خصوصی مقاصد والا وہیکل (ایس پی وی) قومی، ریاستی اور ضلعی سطحوں پر بھی تقاریب کا انعقاد کرے گا۔ سرکاری معزز شخصیات، صنعت کے شراکت دار، پالیسی ساز، اور ہزاروں وی ایل ایز (ولیج لیول انٹرپرینیورز) اس تقریب میں شرکت کریں گے تاکہ سی ایس سی تحریک کی کامیابیوں کا اعتراف کیا جا سکے۔ اس موقع پر ان ممتاز ولیج لیول انٹرپرینیورز اور کمیونٹی لیڈرز کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا جنہوں نے سی ایس سی پلیٹ فارم کے ذریعے زندگیوں میں تبدیلی لانے میں غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ جشن ان کے جذبۂ خدمت اور سماجی کاروبار کی روح کو سلام پیش کرے گا۔
سی ایس سی کا 16واں یومِ تاسیس حکومت کے اس عزم کا اعادہ ہے کہ ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے جامع ترقی کو یقینی بنایا جائے۔ عوامی و نجی شراکت داری کے ماڈل کے طور پر سی ایس سی ڈیجیٹل حکمرانی، عوامی خدمات کی فراہمی، اور کمیونٹی کی بہتری کا ایک مضبوط ستون بن چکا ہے۔ تمام شراکت داروں، شہریوں اور میڈیا کے نمائندوں کو اس قومی سطح کی ڈیجیٹل بااختیاری اور عوامی ترقی کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
سی ایس سی اور کوآپریٹو سیکٹر
سال 2022 میں وزیر برائے تعاون جناب امت شاہ کی موجودگی میں، سی ایس سی نے نبارڈ اور وزارتِ تعاون کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت، ملک بھر کی کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹیز نے اب مشترکہ سروس مراکز (سی ایس سیز) کے طور پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
اس شراکت داری کے بعد، پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز (پی اے سی ایس) اورایل اے ایم پی ایس کو سی ایس سی شناختی کارڈ (آئی ڈیز) فراہم کیے گئے اور انہیں جامع تربیت دی گئی۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد، ان سوسائٹیز نے اپنے اپنے علاقوں کے دور دراز حصوں میں سی ایس سی خدمات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔
اس تعاون کا مقصد دیہی باشندوں کے ایک بڑے طبقے کو بااختیار بنانا اور پی اے سی ایس کی مالی خودمختاری کو فروغ دینا ہے۔ اوسطاً، ہر سوسائٹی کے لگ بھگ 500 ممبران ہوتے ہیں۔ اگر کسی ایک کمیونٹی میں ترقی آتی ہے تو اس کے فائدے سب سے پہلے ان 500 افراد یا خاندانوں تک پہنچتے ہیں۔ یہ ایک تسلسل کی صورت اختیار کر لیتا ہے، جس سے نیٹ ورک پھیلتا ہے اور سی ایس سی کی طرف سے فراہم کردہ خدمات کے لئے رجسٹریشن کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
کامن سروس سینٹرز: آخری سرے تک رسائی سے مستقبل کی خدمات تک
سی ایس سی-ایس پی وی کا قیام 2006 میں وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت عمل میں آیا، جس کا مقصد پورے بھارت میں ایک مضبوط آئی سی ٹی پر مبنی نیٹ ورک بنانا اور ڈیجیٹل خدمات کو آخری سرے تک پہنچانا تھا۔
ہر سی ایس سی کو ایک ولیج لیول انٹرپرینیور (وی ایل ای) یعنی دیہی سطح کے کاروباری شخص کے ذریعے چلایا جاتا ہے، جو مقامی باشندہ ہوتا ہے اور حکومت و شہریوں کے درمیان ڈیجیٹل اور سروس کا پل بن کر کام کرتا ہے۔ یہ مراکز کئی اہم خدمات فراہم کرتے ہیں، جن میں آدھار اندراج اور اپڈیٹ، پین کارڈ کی پروسیسنگ، پاسپورٹ کی درخواستیں، ڈجی پے اور بی سی ماڈل کے تحت بینکنگ اور انشورنس خدمات، ای-سنجیونی کے ذریعے ٹیلی میڈیسن، ٹیلی لا کے تحت قانونی مشورے،پی ایم جی ڈی آئی ایس ایچ اے کے تحت ڈیجیٹل خواندگی کی تربیت، اور بجلی و پانی کے بلوں کی ادائیگی جیسی مختلف یوٹیلٹی خدمات شامل ہیں۔
سی ایس سی طلبہ کی مدد بھی کرتے ہیں جیسے کہ امتحان کی رجسٹریشن، اسکالرشپ کی درخواستیں، اور آن لائن کورسز کے ذریعے تعلیمی معاونت۔
شمولیتی ڈیجیٹل انڈیا کا ویژن
کامن سروس سینٹرز (سی ایس سیز) نے دیہی بھارت کے شہریوں، خاص طور پر خواتین، کسانوں اور محروم طبقات کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جنہیں ان کی دہلیز پر ڈیجیٹل سہولتیں، مالی شمولیت، صحت کی سہولیات، اور روزگار میں مدد فراہم کی گئی ہے۔
سی ایس سی کا ایکو سسٹم مختلف اقدامات پر مشتمل ہے جیسے کہ سی ایس سی اکیڈمی، جو ڈیجیٹل تعلیم اور ہنر کی تربیت فراہم کرتی ہے؛ سی ایس سی گرامین ای-اسٹور، جو دیہی ای-کامرس کو فروغ دیتا ہے؛ اور ایسے پروگرام جو سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جیز) اور فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی اوز) کو بالخصوص زراعت اور دستکاری کے شعبے میں مدد دیتے ہیں۔
یہ ہے کامن سروس سینٹرز (سی ایس سیز) کے ذریعے پورے بھارت میں فراہم کی جانے والی خدمات کی ایک جامع فہرست:
حکومت سے شہری (جی ٹو سی) خدمات:
- آدھار اندراج اور اپڈیٹ
- پین کارڈ کے لیے درخواست
- پاسپورٹ سے متعلق خدمات
- پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس کے لیے درخواستیں
- ڈجی لاکر خدمات
- یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی (بجلی، پانی، گیس وغیرہ)
- میونسپل سروسز (مثلاً جائیداد ٹیکس کی ادائیگی)
مالی شمولیت کی خدمات:
- بینکنگ خدمات (مختلف بینکوں کے بزنس کورسپانڈنٹس کے ذریعے)
- ڈجی پے – آدھار پر مبنی ادائیگی نظام
- بیمہ خدمات(پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا ، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا ، لائف اور جنرل انشورنس)
- پنشن خدمات (جیسے اٹل پنشن یوجنا، نیشنل پنشن اسکیم این پی ایس ، جیون پرمان)
- قرض کی سہولت اور پردھان منتری مدرا یوجنا کے تحت امداد
تعلیم اور ہنر کی ترقی:
- سی ایس سی اکیڈمی (ہنر کی تربیت، آن لائن کورسز)
- این آئی او ایس اور آئی جی این او یو کی رجسٹریشن اور متعلقہ خدمات
- سی ایس سی اولمپیاڈ
صحت سے متعلق خدمات:
- ٹیلی میڈیسن سروسز
- آیوشمان بھارت(پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی رجسٹریشن اور معاونت
زراعت اور اس سے متعلق خدمات:
- کسان کریڈٹ کارڈ کے لیے درخواستیں
- پردھان منتری کسان سمان ندھی کی رجسٹریشن اور مستفیدین کی معاونت
- مٹی کی صحت کارڈ اور فصل بیمہ
- سی ایس سی گرامین ای-اسٹور کے ذریعے زرعی سامان کی بکنگ
- فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز کی معاونت
- ٹیلی ایگریکلچر اور زرعی مشورے
ڈیجیٹل خدمات اور یوٹیلیٹی:
- سی ایس سی گرامین ای-اسٹور (دیہی مصنوعات کے لیے ای-کامرس پلیٹ فارم)
- ایل ای ڈی بلب کی تقسیم (اُجالا اسکیم کے تحت)
- ریچارج اور ڈی ٹی ایچ خدمات
- موبائل اور ڈی ٹی ایچ ریچارجز
قانونی اور حکمرانی سے متعلق خدمات:
- ٹیلی لا: قانونی مشورے اور خدمات
- ای اسٹامپ اور دستاویزات کی رجسٹریشن
دیگر قابل ذکر خدمات:
- سفر کی بکنگ (ٹرین، بس، فلائٹ)
- ہوٹل بکنگ اور ٹور پیکیجز
- آئی آر سی ٹی سی ایجنٹ سروسز
- موبائل فون اور اسیسریز کی فروخت
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 2683
(Release ID: 2144119)