نیتی آیوگ
azadi ka amrit mahotsav

سائنس کے ذریعے ریاستوں کو بااختیار بنانا: نیتی آیوگ نے ریاستی سائنس و ٹیکنالوجی کونسلز کو مضبوط بنانے کے لیے روڈمیپ کا آغاز کیا

Posted On: 10 JUL 2025 5:00PM by PIB Delhi

بھارت میں وکندریقرت اختراع کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر، نیتی آیوگ نے آج اپنی اسٹریٹجک رپورٹ بعنوان "ریاستی سائنس و ٹیکنالوجی کونسلوں کو مضبوط بنانے کے لیے روڈمیپ" جاری کی۔ اس رپورٹ کا باضابطہ اجرا نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین جناب سمن بیری نے کیا، جس موقع پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، عزت مآب وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی، حکومتِ ہند موجود تھے جنہوں نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے سارسوت بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں ڈاکٹر این کلائی سلوی، ڈائریکٹر جنرل، کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) اور سیکریٹری، ڈیپارٹمنٹ آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (ڈی ایس آئی آر)  شامل تھیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر ایم روی چندرن، سیکریٹری، وزارتِ ارضیاتی علوم (ایم او ای ایس)، ڈاکٹر شیوکمار کلیانارامن، چیف ایگزیکٹو آفیسر، انوسندھن نیشنل ریسرچ فاؤنڈیشن (اے این آر ایف )بھی جنابک ہوئے۔

مزید برآں، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی )، محکمہ بایو ٹیکنالوجی (ڈی بی ٹی)، اور وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (میٹی)کے سینئر افسران کی شرکت نے اس اقدام کے لیے وسیع ادارہ جاتی حمایت کو اجاگر کیا۔

نیتی آیوگ کے سینئر مشیر پروفیسر ویویک کمار سنگھ نے رپورٹ کے پس منظر اور اس کے اسٹریٹجک مقصد پر تفصیلی روشنی ڈالی، اور بتایا کہ ریاستی سائنس و ٹیکنالوجی (ایس اینڈ ٹی) کونسلیں قومی پالیسی اور مقامی ترقیاتی ضروریات کے درمیان پُل کا کردار ادا کر سکتی ہیں، نیز انہوں نے واضح کیا کہ یہ روڈمیپ علاقائی مشاورت، ایک قومی ورکشاپ، اور کثیر اسٹیک ہولڈر مشاورت کے ایک جامع عمل کے ذریعے تشکیل پایا۔

ڈاکٹر وی کے سارسوت نے ریاستی ایس اینڈ ٹی کونسلوں کے بڑھتے ہوئے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بہتر تکنیکی‑انتظامی قیادت، مضبوط سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع (ایس ٹی آئی ) ڈیٹا نظام، اور تحقیقی اداروں، صنعتوں اور زمینی سطح کے مخترعین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ"اکیسویں صدی کے تقاضوں کا جواب دینے کے لیے، ہماری ریاستی ایس اینڈ ٹی کونسلیں محض انتظامی اکائیاں نہیں بلکہ مربوط اختراعی ماحولیاتی نظام کے طور پر کام کریں گی۔"

مہمانِ خصوصی جناب ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کلیدی خطاب میں ریاستی ایس اینڈ ٹی کونسلوں کو مشن پر مبنی اداروں میں تبدیل کرنے کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں سے تاکید کی کہ وہ اپنی سائنس و ٹیکنالوجی کی کوششوں کو مقامی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق ترتیب دیں اور اختراع کے لیے صنعتوں کے شراکت داری کے ذریعے مالی معاونت کو فروغ دیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاستوں کو صرف سرکاری فنڈنگ پر انحصار نہیں کرنا چاہیے ، صنعتوں کو اختراعی ویلیو چین میں شراکت دار کے طور پر دیکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے ریاستوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی بھی وکالت کی جو مشترکہ شعبہ جاتی ترجیحات جیسے بایوٹیکنالوجی، صاف توانائی، یا زرعی اختراع پر مبنی ہو۔ وزیر موصوف نے کہا کہ "ایسے موضوعاتی خوشے ریاستوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے، وسائل کو مشترکہ طور پر استعمال کرنے، اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں اجتماعی قوت پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔"

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے جناب سمن بیری، وائس چیئرمین نیتی آیوگ، نے سائنس و ٹیکنالوجی کو وفاقی طرز حکمرانی کے وسیع تر فریم ورک میں ضم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "ریاستی سائنس و ٹیکنالوجی کونسلیں جب مناسب اوزار، قیادت اور خودمختاری سے لیس ہوں تو یہ اختراع کو فروغ دینے والی متحرک قوت کے طور پر کام کر سکتی ہیں۔ یہ روڈ میپ ایک ایسا ادارہ جاتی ڈھانچہ قائم کرنے کی کوشش ہے جو مقامی سطح پر متعلقہ اور قومی سطح پر ہم آہنگ سائنسی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔"

رپورٹ میں کلیدی چیلنجز کی نشاندہی کی گئی ہے اور ریاستی سائنس و ٹیکنالوجی کونسلوں کے زیادہ مربوط، مؤثر انداز میں چلائے جانے والے اور پائیدار مالی امداد والے نیٹ ورک کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ اس آغاز تقریب میں مختلف سائنسی محکموں اور وزارتوں کے سینئر حکام کے علاوہ نیتی آیوگ کے مختلف ڈویژن سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اس روڈ میپ کے ذریعے، نیتی آیوگ کا مقصد ایک نظریاتی تبدیلی کو فروغ دینا ہے جس سے ریاستی سائنس و ٹیکنالوجی کونسلیں متحرک اداروں کی صورت میں ابھریں جو علاقائی سطح پر اختراع کو فروغ دیں اور بھارت کی قومی تبدیلی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

مکمل رپورٹ نیتی آیوگ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے:

https://niti.gov.in/sites/default/files/2025-07/A-Roadmap-for-Strengthening-State-ST-Council.pdf

***************

UR-2637

(ش ح۔ اس ک۔ ع  ر)

 


(Release ID: 2143791) Visitor Counter : 2
Read this release in: English , Hindi , Marathi , Bengali