لوک سبھا سکریٹریٹ
لوک سبھا اسپیکر گروگرام کے مانیسر میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شہری بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں کی پہلی قومی سطح کی کانفرنس کا افتتاح کریں گے
یہ کانفرنس تیزی سے شہروں میں تبدیل ہوتے بھارت میں شہری بلدیاتی اداروں کے اہم کردار کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے
مرکزی وزیر برائے رہائش و شہری امور، وزیر اعلیٰ ہریانہ، اسپیکر ہریانہ ودھان سبھا اور دیگر معزز شخصیات افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گی
کانفرنس کا موضوع ہے: ’آئینی جمہوریت اور قومی تعمیر میں شہری بلدیاتی اداروں کا کردار‘
دو روزہ قومی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے 4 جولائی 2025 سےہریانہ کے گورنر خطاب کریں گے
Posted On:
02 JUL 2025 5:25PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا 03 جولائی 2025 بروز جمعرات ہریانہ کے گروگرام کے مانیسرمیں واقع انٹرنیشنل سینٹر فار آٹوموٹیو ٹیکنالوجی میں ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں کے شہری بلدیاتی اداروں کے چیئرپرسنز کی پہلی قومی سطح کی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔
مرکزی وزیر برائے رہائش و شہری امور، حکومتِ ہند، جناب منوہر لال؛ وزیر اعلیٰ ہریانہ جناب نائب سنگھ؛ اسپیکر ہریانہ ودھان سبھا جناب ہرویندر کلیان اور دیگر معزز شخصیات افتتاحی اجلاس کی رونق بڑھائیں گی۔
یہ کانفرنس ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی تاکہ تیزی سے شہروں میں تبدیل ہوتے بھارت میں شہری بلدیاتی اداروں کے اہم کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس کا مقصد جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا، بہترین طور طریقوں کا تبادلہ کرنا اور شہری نظم و نسق کے شعبے میں جدید اور تخلیقی طریقۂ کار کو تلاش کرنا اور اُجاگر کرنا ہے۔
کانفرنس کا موضوع ہے:’آئینی جمہوریت اور قومی تعمیر میں شہری بلدیاتی اداروں کا کردار‘
دو روزہ کانفرنس کے دوران پورے بھارت سے آئے ہوئے مندوبین مندرجہ ذیل اہم امور پر غور و خوض کریں گے:
- شہری بلدیاتی ادارے بطور جمہوریت کے بنیادی ستون: جنرل کونسل کی میٹنگوں کے لیے ماڈل طریقۂ کار، ضابطہ اخلاق اور بہترین عملی روایات کی تشکیل؛
- شہری بلدیاتی ادارے بطور جامع ترقی کے انجن: آئینی مینڈیٹ کی تکمیل کے لیے بلدیاتی حکمرانی کو مؤثر اور فعال بنانا؛
- شہری بلدیاتی ادارے بطور 21ویں صدی کے بھارت کے معمار: وِکست بھارت 2047 کے ہدف کے حصول میں ان کا کردار؛
- شہری بلدیاتی ادارے بطور خواتین کو بااختیار بنانے کے ذرائع: معاشرتی اور سیاسی قیادت کے لیے خواتین کی تربیت اور رہنمائی میں ان کا کردار؛
- شہری بلدیاتی ادارے بطور جدت اور بہترین طور طریقوں کے مراکز: عوامی خدمات کی فراہمی اور شہریوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے میں ان کی شراکت۔
4 جولائی 2025 کو کانفرنس کی کارروائی کا آغاز پانچ گروپوں کی جانب سے ان کے ذریعہ متعلقہ ذیلی موضوعات پر پریزنٹیشنز سے ہوگا۔اختتامی اجلاس میں جناب بندارو دتاتریہ، گورنر ہریانہ، معزز شرکاء سے خطاب کریں گے اور اس موقع پر مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، ہریانہ ودھان سبھا کے اسپیکر جناب ہرویندر کلیان اور دیگر معزز شخصیات بھی اس موقع پر موجود رہیں گی۔
کانفرنس کے اختتامی دن مندوبین کے لیے پریرنا استھل، سمودھان سدن اور پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ بھی منعقد کیا جائے گا۔
-----------------
ش ح۔ م م۔ص ج
UN-NO-2383
(Release ID: 2141597)
Visitor Counter : 11