وزارت دفاع
آپریشن سندور اس بات کا ثبوت ہے کہ نیا ہندوستان ثابت قدم، پرعزم ہے اور اب دہشت گردی کا شکار نہیں بنے گا، یہ طاقت اور حکمت عملی کے ساتھ جواب دے گا: وزیر دفاع
دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی پالیسی میں تبدیلی ہمارے فوجیوں کی بے مثال بہادری اور لگن کا نتیجہ ہے
Posted On:
20 JUN 2025 7:45PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 20 جون 2025 کو شمالی کمان، ادھم پور، جموں و کشمیر میں فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا، ” آپریشن سندور نے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو ایک طاقتور پیغام بھیجا ہے کہ نیا ہندوستان ثابت قدم، پرعزم ہے اور اب دہشت گردی کا شکار نہیں بنے گا، ہم طاقت اور حکمت عملی کے ساتھ جواب دیں گے۔“ انہوں نے پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے میں مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی درستگی، تال میل اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے تئیں ہندوستان کی پالیسی میں تبدیلی اسی بے مثال بہادری اور لگن کا نتیجہ ہے۔
وزیر دفاع نے آپریشن سندور کو صرف ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ سرحد پار دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے لیے ایک انتباہ بتایا کہ ہندوستان دہشت گردی کو مزید برداشت نہیں کرے گا اور اگر اس کے اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ”آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ یہ صرف ایک وقفہ ہے۔ میں یہ اپنے پڑوسی ملک کو بتانا چاہتا ہوں،“ انھوں نے مزید کہا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ایک سپاہی کی زندگی کو ہمت اور قربانی سے بھری زندگی قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ مادر وطن کے تئیں اپنے فرض کی ادائیگی میں مسلح افواج کی طرف سے کی گئی خدمات کے لیے ملک ہمیشہ مقروض رہے گا۔
یوگا کے بین الاقوامی دن 2025 کے موقع پر منعقدہ تقریب میں، وزیر دفاع نے اہلکاروں پر زور دے کر کہا کہ وہ فوجی کی زندگی میں طاقت اور تندرستی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، جسمانی اور ذہنی تندرستی پر توجہ مرکوز رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر آپ مضبوط ہوں گے تو ہماری سرحدیں مضبوط ہوں گی۔ جب سرحدیں مضبوط ہوں گی تو ہندوستان مضبوط ہو گا۔
تقریب کے ایک حصے کے طور پر خاکی رقص، بھنگڑا، کلری پٹو اور جھانز پٹک پر مشتمل ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما اور دیگر اعلیٰ بھارتی فوج کے اہلکار موجود تھے۔
********
ش ح۔ ف ش ع
U: 1960
(Release ID: 2138164)