وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

لیفٹیننٹ جنرل دنیش سنگھ رانا نے انڈمان و نکوبار کمان کے کمانڈر انچیف(سی آئی این سی اےاین) کا عہدہ سنبھالا

Posted On: 01 JUN 2025 9:00PM by PIB Delhi

لیفٹیننٹ جنرل دنیش سنگھ رانا نے یکم جون 2025 کو انڈمان و نکوبار کمان(اے این سی) کے 18ویں کمانڈر انچیف کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا۔ انڈمان و نکوبار کمان، جو سری وجیا پورم میں واقع ہے، بھارت کی پہلی اور واحد مشترکہ سروسز آپریشنل کمان ہے، جو فوج، بحریہ، فضائیہ اور کوسٹ گارڈ کو یکجا کر کے ہند بحر کے اسٹریٹجک لحاظ سے اہم علاقے میں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی ہے۔

 

1.jpg

 

لیفٹیننٹ جنرل رانا نے 19 دسمبر 1987 کو گڑھوال رائفلز کی 10ویں بٹالین میں کمیشن حاصل کیا اور بعد ازاں اسی بٹالین کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ آپ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑگ واسلا سے گریجویٹ اور ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج، ویلنگٹن سے پوسٹ گریجویٹ ہیں۔ آپ نیشنل ڈیفنس کالج، نئی دہلی؛ اسپین کے مرکز برائے قومی دفاعی مطالعات، میڈرڈ؛ اور امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔ آپ نے کئی پیشہ ورانہ فوجی کورسز میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔

37 سالہ شاندار کیریئر میں، لیفننٹ  جنرل رانا نے مختلف علاقوں اور میدانوں میں آپریشنل، تدریسی، اور اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ آپ نے انڈین ملٹری ٹریننگ ٹیم اور اقوام متحدہ کے عبوری مشن برائے لبنان (یو این آئی ایف آئی ایل) میں خدمات سرانجام دی ہیں۔ آپ نے مشرقی سیکٹر میں ایک انفنٹری بریگیڈ اور ڈویژن کی قیادت کی، اور بعد ازاں لائن آف ایکچوئل کنٹرول(ایل اے سی) کے ساتھ گجراج کور کے کمانڈر رہے۔

لیفٹیننٹ جنرل رانا نے انسٹرکٹر کی حیثیت سے انڈین ملٹری اکیڈمی، دہرادون؛ کالج آف ڈیفنس مینجمنٹ، سکندرآباد؛ اور آرمی وار کالج، مہو کے ہائر کمانڈ ونگ میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ ان کی اسٹاف تقرریوں میں ایک آزاد آرمورڈ بریگیڈ کے بریگیڈ میجر، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اسٹاف ڈیوٹیز، بریگیڈیئر ملٹری انٹیلی جنس (مشرقی علاقہ)، پروووسٹ مارشل، اور انٹیگریٹڈ ہیڈکوارٹرز وزارت دفاع (آرمی) میں ڈائریکٹر جنرل اسٹاف ڈیوٹیز شامل ہیں۔

سی آئی این سی اےاین  کا عہدہ سنبھالنے سے قبل، لیفٹیننٹ جنرل رانا نے ڈائریکٹر جنرل، ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، اور وہ پہلے چیف آف ڈیفنس انٹیلی جنس ہیں جنہیں کمانڈر انچیف کے رینک پر ترقی دی گئی — جو دفاعی انٹیلی جنس اور مشترکہ فوجی قیادت کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی علامت ہے۔

اپنی شاندار خدمات کے اعتراف میں، لیفٹیننٹ جنرل رانا کو پرم وشِشٹ سیوا میڈل(پی وی ایس ایم)، اَتی وشِشٹ سیوا میڈل(اے وی ایس ایم) ، یُدھ سیوا میڈل (وائی ایس ایم) ، سینا میڈل (ایس ایم) ، اور چیف آف آرمی اسٹاف کمنڈیشن کارڈ سے نوازا گیا ہے۔ نوجوان افسر کے طور پر انہیں کشمیر میں بہادری کے لیے سینا میڈل اور سی او اے ایس کمنڈیشن کارڈ ملا۔ آپ چین کی دفاعی جدید کاری پر پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی رکھتے ہیں۔

 

************

UN-1347

(ش ح۔  ع و۔ف ر)


(Release ID: 2133233)
Read this release in: English , Hindi , Tamil