وزارت اطلاعات ونشریات
کل پارٹی وفد نے قطر کا دورہ کیا (25 مئی 2025)
Posted On:
25 MAY 2025 11:41AM by PIB Delhi
- پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے پس منظر میں، 24 سے 26 مئی 2025 تک قطر کے دورے پر آئے ہوئے کثیرجماعتی بھارتی وفد نے آج شوریٰ کونسل میں قطری عہدیداروں کے ساتھ ساتھ قطر میں موجود علمی اور تھنک ٹینک حلقوں کے ارکان سے مفید ملاقاتیں کیں۔وفد نے اپنے دن کا آغاز بھارتی سفارت خانے کے احاطے میں مہاتما گاندھی کو پھولوں کا خراجِ عقیدت پیش کر کے کیا۔اس موقع پر وفد کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت مہاتما بدھ اور گاندھی جی کی سرزمین ہے، جنہوں نے دنیا بھر میں امن اور عدم تشدد کا پیغام عام کیا۔
- اس کے بعد بھارتی وفد نے قطر کی شوریٰ کونسل کا دورہ کیا اور شوریٰ کونسل کی نائب اسپیکر عزت مآب ڈاکٹر حمدہ بنت حسن السلیطی کی قیادت میں قطری وفد سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران، بھارتی وفد کے ارکان نے سرحد پار دہشت گردی کے مسلسل خطرے اور بھارت میں سماجی انتشار پیدا کرنے کی دانستہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مرکزکے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے ’’آپریشن سندور‘‘ کا ردعمل مکمل طور پر محتاط، ہدفی اور تناسب پر مبنی تھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت دہشت گردی کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے، لیکن کسی بھی قسم کی کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کرتا ہے۔قطر کی جانب سے بھی دہشت گردی کے خلاف اپنی صفر برداشت کی پالیسی پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی کی ہر صورت مذمت ہونی چاہیے۔
- وفد کے ارکان نے مشرقِ وسطیٰ کونسل برائے عالمی امور میں علمی و تحقیقی اداروں (تھنک ٹینکس) کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں دہشت گردی کے خلاف بھارت کی صفر برداشت کی پالیسی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں اور ان کے حمایتوں کے درمیان فرق کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔شرکاء نے بھارت کے مؤقف کو سمجھا اور اس پر اپنی ہم آہنگی کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ وفد نے قطر کے معروف اخبارات ’’الشرق‘‘ اور ’’پیننسولا‘‘ کی ادارت ٹیم سے بھی ملاقات کی اور پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد کی صورتِ حال اور سرحد پار دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بھارت کی پالیسی پر تفصیل سے جانکاری دی۔
********
ش ح۔ت ف۔ ش ہ ب
U-1215
(Release ID: 2132231)