کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

وانِجیہ بھون میں بین الاقوامی چائے دن کنونشن کا انعقاد


کنونشن میں صنعت کا جائزہ اور بھارتی چائے کی قدردانی زون کی خصوصیات پر روشنی

Posted On: 21 MAY 2025 8:30PM by PIB Delhi

 بین الاقوامی چائے دن کے موقع پر 21 مئی 2025 کو وانجیہ بھون، وزارت تجارت و صنعت، نئی دہلی میں بھارتی چائے کی صنعت کے موجودہ جائزے(منطر نامے) اور مستقبل کی سمت پر پینل مباحثوں اور تبادلۂ خیال کا ایک خصوصی کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں بھارتی چائے کی قدردانی کے لیے ایک خصوصی زون بھی قائم کیا گیا۔

کامرس اور صنعت کے وزیر مملکت، حکومت ہند، جناب جتن پرسادنے اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اپنے کلیدی خطاب میں چائے کی صنعت کے تمام متعلقین کے لیے حوصلہ افزا کلمات کہے۔ انہوں نے ملک کی سماجی و اقتصادی ساخت میں چائے کی اہمیت کو تسلیم کرنے پر زور دیا اور بھارتی چائے کی برانڈنگ اور مارکیٹنگ کے نئے اور تخلیقی راستوں کو تلاش کرنے کی ضرورت پر بات کی تاکہ بھارتی چائے کی عالمی سطح پر برآمدات میں قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے بھارتی چائے کی صنعت کو برآمدات کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے اور نوجوانوں اور خصوصی مارکیٹوں کے لیے نئی اور تخلیقی چائے کی اقسام متعارف کرانے کی ترغیب دی۔ وزیر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں پوری سپلائی چین، یعنی اگانے والے سے لے کر صارف تک، تمام متعلقین کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

وزارت تجارت و صنعت کے سیکریٹری، جناب سنیل برتھوال نے اس موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں ملک کے مختلف چائے اگانے والے علاقوں جیسے کنگرا، آسام، دارجیلنگ، اتراکھنڈ وغیرہ کے دوروں کے دوران اپنے دلچسپ تجربات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے عوام میں 'چائے کی تعلیم' کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عام لوگ بھارتی چائے کی مختلف خصوصیات اور باریکیوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور اس کی قدر کر سکیں۔ اس کے علاوہ، معزز مہمانوں، بشمول سینئر سرکاری افسران اور چائے کی صنعت کے متعلقین کے لیے ایک خصوصی چائے چکھنے کا سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں ایک معروف پیشہ ور چائے کے ذائقے کے ماہر نے شرکاء کو چائے کے ذائقے کی باریکیوں پر ایک روشن خیالی سیشن دیا۔

 انہوں نے عزت مآب وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت اور سکریٹری برائے تجارت کو عملی طور پر چائے چکھنے کا مظاہرہ بھی دکھایا اور انہیں چائے کے ذائقے کو پرکھنے کی کوشش کرنے کی دعوت دی۔

دلچسپ اور انٹرایکٹو چائے چکھنے کے سیشنز کے بعد مختلف موضوعات پر پینل مباحثے منعقد کیے گئے، جیسے 'آرگینک چائے: پائیدار راستہ'، 'عالمی کھپت کے رجحانات – نئی نسل کی چائے اور نوجوانوں کا رابطہ'، 'بھارتی چائے – آئندہ کی سمت' وغیرہ۔ ان مباحثوں کے دوران متعدد نکات اٹھائے گئے اور نئے تخلیقی خیالات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ بھارتی چائے کے روشن مستقبل کی تشکیل کی جا سکے، جس میں وسیع پیمانے پر برانڈنگ اور مارکیٹنگ اقدامات کے علاوہ معیار کی نگرانی کے طریقوں پر بھی بات کی گئی۔ پینلسٹوں اور مندوبین نے عالمی چائے کے منظرنامے میں بھارتی چائے کے لیے ایک مجموعی طور پر مثبت اور ترقی کی راہ کو اجاگر کیا۔

کنونشن کے ساتھ ساتھ ایک "انڈیا ٹی ایپریسی ایشن زون" قائم کیا گیا، جس میں چائے کی صنعت سے وابستہ مختلف فریقین جیسے پروڈیوسرز، ایکسپورٹرز، چھوٹے چائے کے کاشتکار (اسمال ٹی گرورس)، کسان پروڈیوسر تنظیمیں (فارمر پروڈیوسر آگرنائزیشن ، ایف پی اوز)، اسٹارٹ اپس وغیرہ کو مدعو کیا گیا تاکہ وہ اپنی چائے کی مختلف اقسام کی نمائش اور چکھنے کے سیشنز منعقد کر سکیں۔ اس زون میں چائے کے متعلقین نے ملک کے مختلف علاقوں جیسے دارجلنگ، آسام، نیلگری، کنگرا، سکم وغیرہ کی سنگل اوریجن چائے(یک خطہ جاتی چائے)، جدت پر مبنی بلینڈز، مختلف ذائقہ دار چائے اور مصالحہ چائے سمیت بے شمار اقسام پیش کیں تاکہ ہر قسم کے چائے پسند افراد کے ذوق کو مدنظر رکھا جا سکے۔

انڈیا ٹی ایپریسی ایشن زون کو کنونشن میں شامل تمام شرکاء کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی، اور دن بھر اس میں زائرین کی بڑی تعداد آتی رہی، جو بھارتی چائے کی شاندار اقسام کی مقبولیت اور پسندیدگی کا واضح ثبوت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح –اس ک۔ ع   د)

U. No.995


(Release ID: 2130420)
Read this release in: English , Hindi , Bengali