کامرس اور صنعت کی وزارتہ
آئی آئی ایف ٹی نے دبئی میں اپنے پہلے اوور سیز کیمپس کے ساتھ عالمی پہچان کو بڑھایا
Posted On:
16 MAY 2025 1:41PM by PIB Delhi
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فارن ٹریڈ (آئی آئی ایف ٹی)، جو کہ وزارت تجارت اور صنعت، حکومت ہند کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے، نے دبئی، متحدہ عرب امارات میں اپنے پہلے بیرون ملک کیمپس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ یہ آئی آئی ایف ٹی کی عالمی موجودگی کو بڑھانے اور بین الاقوامی کاروباری تعلیم میں ہندوستان کی مصروفیت کو مضبوط کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
یہ تاریخی پیش رفت وزارت تعلیم کی منظوریوں، اور وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی طرف سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس ملنے کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ یہ ہندوستانی اعلیٰ تعلیم کی عالمگیریت میں ایک قابل فخر لمحہ ہے اور این ای پی 2020 کے وژن سے ہم آہنگ ہے، جو ہندوستانی اداروں کی بین الاقوامی کاری اور انہیں تعلیم کے عالمی مراکز میں بدلنے پر زور دیتا ہے۔
کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اور آئی آئی ایف ٹی کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ‘‘یہ صحیح معنوں میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی روح کی عکاسی کرتا ہے، جو ہندوستانی تعلیم کے بین الاقوامی ہونے اور عالمی سطح پر سوچ کی قیادت کو تشکیل دینے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔یہ ہندوستان-یو اے ای کی شراکت داری کے مضبوط ہونے کا بھی ثبوت ہے، اور یہ نیا کیمپس آنے والے کل کے کاروباری رہنما پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔’’
آئی آئی ایف ٹی کو اس کی پہلی بین الاقوامی توسیع پر مبارکباد دیتے ہوئے، کامرس سکریٹری جناب سنیل برتھوال نے کہا کہ آئی آئی ایف ٹی کی 62 سالہ تاریخ میں یہ ایک اہم موڑ ہے کہ ادارہ دبئی میں ایک مکمل کیمپس قائم کر رہا ہے۔ یہ ایسے ملک کے طور پر ہندوستان کے ابھرنے کی نمائندگی کرتا ہے جو خاص طور پر بین الاقوامی تجارت کے میدان میں عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ادارہ کی تعریف کی کہ وہ قومی مفاد میں اپنی علمی اور تحقیقی کوششوں کو مسلسل ترتیب دے رہا ہے جو برآمدات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پروفیسر راکیش موہن جوشی، وائس چانسلر (آئی آئی ایف ٹی) نے آئی آئی ایف ٹی کو عالمی معیار کے ادارے میں تبدیل کرنے اور بین الاقوامی تجارت کے شعبے میں تحقیق، تربیت اور تحقیق میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے نئے آنے والے دبئی کیمپس کے اپنی شناخت بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے وزارت تجارت، وزارت تعلیم، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، متحدہ عرب امارات میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ، یو جی سی اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آئی آئی ایف ٹی کے دبئی کیمپس کو حقیقت بنانے میں مسلسل تعاون کیا ہے۔ انہوں نے تعلیم اور تحقیق میں عمدگی کے ذریعے ہندوستان کی تعلیمی اور اقتصادی سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے آئی آئی ایف ٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔
آنے والا دبئی کیمپس متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہندوستان کے گہرے تعلیمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے اور ہندوستانی اقدار اور بین الاقوامی نقطہ نظر سے آراستہ عالمی کاروباری رہنماؤں کی پرداخت کے لیے ایک اسٹریٹجک مرکز بننے کے لیے تیار ہے۔ یہ نہ صرف ہندوستانی برادری اور عالمی سیکھنے والوں کی سرگرم ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ خلیجی خطہ میں ہندوستان کے تعلیمی نقوش بھی گہرا کرے گا۔
اپنے دبئی کیمپس کے آغاز کے ساتھ، آئی آئی ایف ٹی تعلیم کی ہندوستانی وراثت کو نئی سرحدوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے، جو مستقبل کی بین الاقوامی تجارت اور کاروبار کو ڈھالنے والے رہنما تیار کرے گا۔
***
ش ح ۔ض ر ۔ ا ک م
UN-824
(Release ID: 2129082)