قومی انسانی حقوق کمیشن
این ایچ آر سی، بھارت نے واقعہ کے 18 دن بعد بھی مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال سے لاپتہ لڑکی کو تلاش کرنے میں پولیس کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کئے جانے کا از خود نوٹس لیا ہے
ایم پی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں ریاست سے مبینہ طور پر 3,400 سے زیادہ خواتین اور لڑکیاں لاپتہ ہوئی ہیں
لاپتہ لڑکیوں کی تلاش اوران کی بازآبادکاری کے لئے ریاستی پولیس کی جانب سے گزشتہ سال شروع کیا گیا ‘آپریشن مسکان’ غیر مؤثر ثابت ہوا
کمیشن نے مدھیہ پردیش کے چیف سکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے
Posted On:
01 MAY 2025 12:55PM by PIB Delhi
قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی)، انڈیا نے ایک میڈیا رپورٹ کا از خود نوٹس لیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں کوہ فضا کے علاقے میں ایک چھ سالہ بچی کے انڈر برج سے لاپتہ ہونے کے اٹھارہ دن بعد بھی پولیس کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق، آٹھ بچوں کے ساتھ لاپتہ لڑکی کی بے گھر ماں کو اپنی بیٹی کی گمشدگی میں اس کے ایک رشتہ دار کے ملوث ہونے کا شبہ ہے، لیکن پولیس اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات نہیں کر رہی اور آج تک اس معاملے میں کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، یہ گمشدگی کا صرف ایک کیس نہیں ہے۔ مدھیہ پردیش پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں گزشتہ تین برسوں کے دوران 3,400 سے زیادہ خواتین اور لڑکیاں لاپتہ ہو چکی ہیں۔ مبینہ طور پر، سی سی ٹی وی نیٹ ورک خراب ہیں، فوری طور پر کارروائی کئے جانے سے متعلق ٹیمیں غیر موجود ہیں اور یونٹس کے درمیان کوئی تال میل نہیں ہے۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اگر اطلاعات درست ہیں، تو یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سنگین مسئلہ ہے۔ اس لیے اس نے چیف سکریٹری اور حکومت مدھیہ پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر اس معاملے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 25 اپریل 2025 کو ریاستی پولیس کی جانب سے لاپتہ لڑکیوں کی بازیابی اور بحالی کے لیے گزشتہ سال شروع کی گئی ‘آپریشن مسکان’ کے نام سے مہم کا کوئی نتیجہ نہیں نکلاہے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ م ش
U.NO.423
(Release ID: 2125729)
Visitor Counter : 16