اسٹیل کی وزارت
انڈیا اسٹیل کا چھٹا ایڈیشن ، جو اسٹیل کے شعبے سے متعلق ہر دو سال میں منعقد ہونے والی ایک اہم بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس ہے ، یہ24 سے 26 اپریل تک ممبئی میں منعقد ہوگی
Posted On:
21 APR 2025 8:19PM by PIB Delhi
انڈیا اسٹیل کا چھٹا ایڈیشن 24 سے 26 اپریل 2025 تک بمبئی ایگزیبیشن سنٹر، ممبئی میں منعقد ہوگا۔ یہ ا سٹیل سیکٹر پر دو سالہ بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس ہے۔
عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی 24 اپریل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب سے خطاب کریں گے۔ اس میں مرکزی وزراء اور تین ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت کئی معززین شریک ہوں گے۔ انڈیا اسٹیل 2025، جو اسٹیل کی وزارت کے زیر اہتمام ہے، عالمی متعلقہ فریقین کو ترقی کی حکمت عملیوں، اسٹیل کی پیداوار میں پائیداری، بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں مضبوطی اور مسابقت کو بڑھانے میں اختراعات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے رول جیسے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے یکجاہونے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس پروگرام میں مرکز کی جانب سے اعلیٰ سطح کی شرکت ہوگی اور یہ آتم نر بھر بھارت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اسٹیل کے اسٹریٹجک رول کو اجاگر کرے گا۔ اس تقریب میں شرکت کرنے والے مرکزی وزراء میں کامرس اور صنعت کے وزیر جناب پیوش گوئل، ریلوے وزیر جناب اشونی وشنو، نئی اور قابل تجدید توانائی کے وزیر جناب پرہلاد جوشی، وزیر کوئلہ جناب جی کشن ریڈی اور اسٹیل اور بھاری صنعتوں کے وزیر مملکت جناب بھوپتی راجو سرینواس ورما شامل ہوں گے۔ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس، چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ جناب وشنو دیو سائی اور اوڈیشہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
یہ رہنما اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے، جن میں ملک کی اقتصادی اور صنعتی حکمت عملی میں اسٹیل کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا اور اسٹیل کی مختلف شعبوں میں اہمیت پر زور دیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کے سینئر افسران بشمول اسٹیل، کوئلہ اور الیکٹرانکس اور آئی ٹی کی وزارتوں کے سکریٹریز، کلیدی بات چیت کی قیادت کریں گے، جو ان شعبوں کی ترقی اور اسٹریٹجک سمت کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔ عالمی صنعت کے رہنما اور غیر ملکی معززین بشمول روس کے نائب وزیر صنعت و تجارت اور آسٹریلیا، موزمبیق اور منگولیا کے سفیر بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے جس سے اسٹیل کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ ملے گا۔
انڈیا اسٹیل ایکسپو2013 میں اپنے آغاز کے بعد سے جدید ترین ٹیکنالوجیز اور آلات کی نمائش، صنعت سے متعلق کلیدی مذاکرات کو فروغ دینے اور عالمی نیٹ ورکنگ کو فعال کرنے کے لیے ایک سرکردہ پلیٹ فارم کا کام انجام دے رہا ہے۔ اس سال، دنیا بھر سے پیشہ ور افراد کی شرکت کی توقع ہے، جن میں تعمیرات، تیل اور گیس اور انجینئرنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہیں، جو اپنی خدمات کو فروغ دینے، کاروباری شراکتیں قائم کرنے، اور ابھرتے ہوئے مارکیٹ کے رجحانات سے باخبر رہنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اسٹیل کے مرکزی وزیر جناب ایچ ڈی۔ کمارسوامی نے اسٹیل اور اس سے منسلک شعبوں کےمتعلقہ فریقین کو انڈیا اسٹیل 2025 میں شامل ہونے کی دعوت دی اور ہر ایک پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں اس تقریب میں شرکت کریں اور اسے ایک شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنا تعاون دیں۔
****
ش ح۔ ش ب ۔ ش ب ن
U.NO.110
(Release ID: 2123354)
Visitor Counter : 24