خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
مرکزکی اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لئے شیلانگ میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکر کی اہم میٹنگیں
Posted On:
15 APR 2025 7:37PM by PIB Delhi
خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکر نے میگھالیہ حکومت کے محکمہ سماجی بہبود کے سینئر افسران کے ساتھ شیلانگ میں آج کئی اعلیٰ سطحی میٹنگیں کیں تاکہ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت، حکومت ہند کی مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں اور پروگراموں کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔ بحث میں ‘پوشن ابھیان’،‘ مشن شکتی’ اور ‘مشن واتسلیہ’ جیسی اہم اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے نچلی سطح پر خدمات کی فراہمی کے طریق کار کو مضبوط کرنے اور خاص طور پر آنگن واڑی مراکز کے کام کاج کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
جائزے میں متعدد اہم شعبوں پر روشنی ڈالی گئی جن میں انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈی ایس) کے تحت باقاعدگی سے اور اعلیٰ معیار کی سپلیمنٹری غذائیت کی ضرورت، آنگن واڑی مراکز میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا تاکہ وہ بچوں اور خواتین کو دوستانہ بنائے، حقیقی وقت کی بنیاد پر نگرانی اور فائدہ اٹھانے والوں کی ٹریکنگ کے لیے ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانا، کمیونٹی کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا اور آنگن واڑی ورکرز کی بہتر صلاحیتوں میں اضافہ کرنا۔
اس کے علاوہ، وزیر موصوف کے شمال مشرقی علاقے کے دورے کے ایک حصے کے طور پر ایسٹ کھاسی ہلز ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ انتہائی غور و خوض کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔ مقامی ایم ایل اے اولن سنگھ سوئین اور مختلف محکموں کے نمائندوں کی موجودگی میں منعقدہ میٹنگ میں ضلع میں ترقیاتی اسکیموں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی صورتحال پر تفصیلی پیشکشیں شامل تھیں۔ خواتین اور بچوں کی ترقی، صحت، تعلیم، دیہی ترقی اور ذریعہ معاش سے متعلق اسکیموں کے نفاذ کے ساتھ ساتھ دور دراز اور دیہی علاقوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور اہم چیلنجوں کی نشاندہی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزی وزیر نے ریاستی حکومت کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا- ‘‘کنکٹی وٹی اور بجلی سے متعلق مسائل کے باوجود افسران تمام اسکیموں کو مؤثر طریقے سے لاگو کرنے کو یقینی بنانے کے لیے لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ میں ان کی کوششوں کی تعریف کرتی ہوں اور پوشن ٹریکر پر ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرتے رہنے کی ترغیب دیتی ہوں۔ یہ رپورٹیں وزارت کو زمینی ضروریات کو جلد پورا کرنے میں مدد کرتی ہیں’’۔
انہوں نے کہا-‘‘ہم ترقی یافتہ ہندوستان کے عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی کے خواب کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور خواتین اور بچوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہم جو بھی قدم اٹھاتے ہیں وہ ہمیں اس مقصد کے قریب لے جاتا ہے’’۔
بعد میں ریاستی وزیر نے میگھالیہ کے گورنر جناب سی ایچ وجے شنکر سے ملاقات کی۔ میٹنگ میں خواتین اور بچوں کی بہبود کو بڑھانے اور جامع ترقی کے لیے کمیونٹی پر مبنی مداخلتوں کو فروغ دینے کے لیے ریاستی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ دورہ مرکوز ترقی، جامع ترقی اور فلاحی اسکیموں کی بہتر فراہمی کے ذریعے شمال مشرقی خطے کو مضبوط بنانے کے وزیر اعظم کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔ میٹنگوں میں میگھالیہ میں باہمی تعاون اور خواتین و بچوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے تئیں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے عزائم پر زور دیا۔ زمینی سطح پر عمل آوری اور کمیونٹی کی شرکت کا جائزہ لینے کے لیے اگلے دن آنگن واڑی مراکز اور پروجیکٹ سائٹس کا دورہ کیا جائے گا۔





*******
ش ح- ظ ا-ف ر
Urdu No.9928
(Release ID: 2122024)
Visitor Counter : 7