قانون اور انصاف کی وزارت
محکمہ انصاف نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 135ویں سالگرہ منائی
Posted On:
14 APR 2025 12:41PM by PIB Delhi
محکمہ انصاف آج ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 135ویں سالگرہ منا رہا ہے تاکہ بھارت کے ممتاز سیاستدانوں، ماہرین قانون اور سماجی مصلحین میں شامل ایک عظیم شخصیت کی میراث کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔
ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، جن کی پیدائش 14 اپریل ، 1891 ء کو ہوئی، نے اپنی پوری زندگی سماجی امتیاز کے خلاف جدوجہد کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے خواتین، مزدوروں اور محروم طبقات کے لیے مساوی حقوق کے حصول کی خاطر انتھک محنت کی۔ ان کا ویژن ایک منصفانہ اور شمولیت پر مبنی سماج کی بنیاد بنا، جیسا کہ بھارت کے آئین میں جھلکتا ہےاور جس کی تشکیل میں اُن کا کلیدی کردار تھا۔
امبیڈکر جینتی، جسے ’’ یوم مساوات ‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ڈاکٹر امبیڈکر کی سماجی انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے بے مثال خدمات کو یاد کرنے کا دن ہے۔ ان کی دائمی میراث کا اعتراف کرتے ہوئے، 14 اپریل ، 2025 ء کو پورے بھارت میں عام تعطیل کا دن قرار دیا گیا ہے۔
یہ دن نہ صرف ڈاکٹر امبیڈکر کی قوم، سماج اور آئین کے لیے کی گئی عظیم خدمات کو یاد کرنے کا موقع ہے بلکہ ان اصولوں کو اپنانے کی بھی ترغیب دیتا ہے ، جن کے وہ علمبردار تھے اور یہ اصول ہیں مساوات، انصاف اور سبھی کے لیے وقار۔
یہ دن بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی ہمارے ملک کے لیے شاندار خدمات کو ، خاص طور پر سماجی انصاف، مساوات اور بھارتی آئین کی تدوین کے شعبوں میں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
ان کی سالگرہ کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت قانون و انصاف کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال نے کی۔ اس موقع پر سکریٹری ( انصاف )، اعلیٰ افسران اور محکمہ انصاف کے اہلکاروں/عملے نے بھی شرکت کی۔
………………………………………
( ش ح ۔م م ۔ ع ا )
U.No. 9871
(Release ID: 2121575)
Visitor Counter : 26