وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

آر بی آئی اور نیشنل سینٹر فار فنانشل ایجوکیشن (این سی ایف ای) نے مالیاتی خواندگی کو فروغ دینے کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کیا


این سی ایف ای مالیاتی خواندگی کے لیے قومی حکمت عملی (این ایس ایف ای) کے تحت شمال مشرق میں 54 مالیاتی خواندگی پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے اور نیز مختلف طبقوں کو بااختیار  بناتا ہے

Posted On: 11 MAR 2025 6:51PM by PIB Delhi

 آر بی آئی اور نیشنل سینٹر فار فنانشل ایجوکیشن (این سی ایف ای) نے ملک میں مالیاتی خواندگی کے پروگراموں کو فروغ دینے کے لیے ملک گیر مہم شروع کی ہے۔ مالیاتی خواندگی کو فروغ دینے کے مقصد سے مختلف مالیاتی خواندگی پروگرام شروع کیے گئے ہیں جو درج ذیل ہیں:

  1. سرکردہ بینکوں کے ذریعے مالیاتی خواندگی مراکز (ایف ایل سی) کے قیام کے لیے رہ نما خطوط طے کیے گئے ہیں۔ ایف ایل سیز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مختلف ٹارگٹ گروپس کے لیے خصوصی کیمپ منعقد کریں اور بینک باقاعدگی سے ایف ایل سی کے ذریعے خصوصی کیمپ لگا رہے ہیں۔
  2. ملٹی میڈیا، کثیر لسانی عوامی بیداری مہم ’’آر بی آئی کہتا ہے‘‘ میں مالیاتی خواندگی کو فروغ دینے اور عوام کو محفوظ بینکاری طریقوں کے بارے میں تعلیم دینے کے لیے مختلف ذرائع کا استعمال کیا جاتا ہے۔
  3. تمام عمر گروپوں کا احاطہ کرنے والے عام لوگوں تک ضروری مالیاتی آگاہی کے پیغامات پہنچانے کے لیے بڑے پیمانے پر میڈیا مہمات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
  4. اہم بینکاری پہلوؤں پر مالیاتی بیداری کے لیے عام افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے معیاری مواد تیار کرنے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے، آر بی آئی نے مالیاتی آگاہی پیغامات (فیم) کتابچہ تیار کیا ہے جس میں سینئر شہریوں سمیت مختلف ٹارگٹ گروپوں کے لیے مخصوص مواد تیار کیا گیا ہے۔
  5. نیشنل سینٹر فار فنانشل ایجوکیشن (این سی ایف ای) سینٹر فار فنانشل لٹریسی (سی ایف ایل) کے تعاون سے باقاعدگی سے مالیاتی خواندگی (ایف ای) پروگراموں کا انعقاد کر رہا ہے جس میں 18 سال سے کم اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو شامل کیا جاتا ہے۔

مزید برآں، این سی ایف ای مالیاتی شعبے کے ریگولیٹرز کی مشاورت سے مالیاتی تعلیم کے لیے قومی حکمت عملی (این ایس ایف ای) تشکیل دے رہا ہے اور اس پر عمل درآمد کر رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد آبادی کے متنوع طبقوں کو علم، مہارت، رویے اور طرز عمل کے ساتھ بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے مالیاتی معاملات کو مؤثر طریقے سے منظم کرسکیں اور مختلف مالیاتی آگاہی پروگراموں اور اقدامات کے ذریعے محفوظ مستقبل کی منصوبہ بندی کرسکیں۔ این سی ایف ای نے آگاہ کیا ہے کہ انھوں نے شمال مشرقی ریاستوں میں مختلف ہدف افراد کے لیے پچھلے تین برسوں میں 54 مالیاتی خواندگی پروگراموں کا انعقاد کیا ہے جہاں پروگراموں کے بعد شرکا کی رائے سے پتہ چلتا ہے کہ انھوں نے مالیاتی خواندگی کے تصورات، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار اور مالی دھوکہ دہی سے خود کو بچانے کے طریقوں کی واضح سمجھ حاصل کرلی ہے۔

اس کے علاوہ آر بی آئی نے جانکاری دی ہے کہ او ای سی ڈی / آئی این ایف ای (انٹرنیشنل نیٹ ورک آن فنانشل ایجوکیشن) ٹول کٹ پر مبنی پورے بھارت میں مالیاتی خواندگی اور شمولیت کا سروے سال 2017 میں 29 ریاستوں اور 5 مرکز کے زیر انتظام علاقوں (انڈمان اور نکوبار جزائر کو چھوڑ کر) میں کیا گیا تھا۔ سروے کے تحت مالیاتی خواندگی کی پیمائش تین اجزا یعنی مالیاتی علم، رویہ اور طرز عمل میں کی گئی۔

خزانہ کے وزیر مملکت جناب پنکج چودھری نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔

***

(ش ح – ع ا)

U. No. 8149


(Release ID: 2110505) Visitor Counter : 42
Read this release in: English , Hindi