سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
لیفٹیننٹ گورنر (جموں و کشمیر)، جناب منوج سنہا اور مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے جموں میں 24ویں دویہ کلا میلے کا افتتاح کیا
جموں و کشمیر میں معذور افراد کے لیے تقریباً 3.5 کروڑ روپے کے قرضے منظور کیے گئے
Posted On:
14 FEB 2025 7:21PM by PIB Delhi
چوبیسواں دویہ کلا میلہ آج گلشن گراؤنڈ، جموں میں شروع ہوا، جس کا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا اور مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف اور امپاورمنٹ ڈاکٹر وریندر کمار نے شاندار افتتاح کیا۔ 11 روزہ میلے کا اہتمام، سماجی انصاف اورعطائے اختیار کی وزارت، معذور افراد کو با اختیار بنانے کے محکمے (ڈی ای پی ڈبلیو ڈی) کے ذریعے کیا گیا، اس کا مقصد معذور افراد کو ان کی کاروباری اور فنکارانہ صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم فراہم کر کے انہیں با اختیار بنانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب سنہا نے خود کفیل ہندوستان کی تشکیل میں معذور افراد کے اہم کردار پر زور دیا۔ انھوں نے معذور افراد کے لیے شمولیت اور اقتصادی آزادی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے اپنے خطاب میں دیویانگجن کی اصطلاح متعارف کراتے ہوئے معذور افراد کے بارے میں تاثر کو ازسر نو متعین کرنے میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے دور اندیشانہ انداز پر روشنی ڈالی جو ان کی طاقت اور لچیلے پن کی علامت ہے۔

ڈاکٹر وریندر کمار نے معذور افراد کے درمیان کاروباری اور ہنر مندی کو فروغ دینے میں حکومت کی کوششوں کی مزید وضاحت کی۔ ”گزشتہ برسوں کے دوران اہم اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں جن میں تسلیم شدہ معذوروں کو سات سے اکیس زمروں تک بڑھانا، معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کو 3 فیصد سے بڑھا کر 4 فیصد، اور تعلیمی اداروں میں 3 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ، خود روزگار اور انٹرپرائز کی ترقی میں مدد کے لیے رعایتی شرح سود پر مالی امداد کی مختلف اسکیمیں لاگو کی جا رہی ہیں۔

تقریب کے دوران، معززین نے 14 مستفیدین میں موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلیں تقسیم کیں، جنھیں آئی آر سی او این کے سی ایس آر اقدام کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ، جموں و کشمیر میں معذور افراد کے لیے تقریباً 3.5 کروڑ روپے کے قرضوں کی منظوری دی گئی۔

معذور افراد کے لیے روزگار میلہ:
21 فروری 2025 کو ایک خصوصی روزگار میلہ منعقد کیا جائے گا جس میں معذور افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 24 فروری 2025 کو، ایک دلکش ثقافتی پروگرام، دویہ کلا شکتی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں غیر معمولی طور پر با صلاحیت معذور فنکاروں کی پرفارمنس پیش کی جائے گی۔
20 ریاستوں اور مرکز زیر انتظام علاقوں کے کاریگروں، بُنکروں اور معذوروں کے ساتھ کاروباری افراد نے شاندار دستکاری، ہتھ کرگھے، کڑھائی کے کام، پیک شدہ کھانوں اور بہت کچھ کی نمائش کرنے والے اسٹال لگائے ہیں۔ یہ میلہ نہ صرف ان کی دستکاری کو فروغ دیتا ہے بلکہ ’ووکل فار لوکل‘ کے اقدام کو بھی تقویت دیتا ہے۔
ڈی ای پی ڈبلیو ڈی کے جوائنٹ سکریٹری جناب راجیو شرما نے دویہ کلا میلے کی بڑھتی ہوئی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 23 قومی سطح کے میلوں کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں جموں 24ویں ایڈیشن کی میزبانی کر رہا ہے۔ 2022 میں اس کے آغاز کے بعد سے یہ تقریب دہلی، ممبئی، بھوپال، اندور، گوہاٹی، جے پور، وارانسی، احمد آباد، اور سورت جیسے شہروں میں منعقد کی گئی ہے جس سے معذور افراد کے لیے معاشی خود انحصاری کی نئی راہیں پیدا ہوئی ہیں۔
متحرک نمائش کے علاوہ، زائرین معروف فنکاروں کی ثقافتی پرفارمنس میں اپنے آپ کو غرق کر سکتے ہیں اور مختلف ہندوستانی ریاستوں کے مختلف پکوان کے تجربات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ مہمانوں کے تجربے کو بڑھانے کے لیے خصوصی سیلفی پوائنٹ بھی بنائے گئے ہیں۔
دویہ کلا میلہ 2025 روزانہ صبح 11:00 بجے سے رات 9:00 بجے تک کھلا رہے گا جو معذور افراد کے لیے سماجی عطائے اختیار، ثقافتی جشن اور معاشی ترقی کا ایک انوکھا امتزاج پیش کرتا ہے۔
*********
ش ح۔ ف ش ع
U: 7084
(Release ID: 2103401)
Visitor Counter : 32