سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
وزارت آیوش کی محکمہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے درمیان بڑھاپے میں صحت کی نگہداشت کو بہتر کرنے اور منشیات کے غلط استعمال سے نمٹنے کے لیے مفاہمت نامہ پر دستخط
سماجی بہبود کے اقدامات کے ساتھ آیوش نظام کے جامع نقطہ نظر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ، ہمارا مقصد اپنے بزرگ شہریوں اور منشیات کے استعمال میں مبتلا افراد کو بااختیار بنانا ہے: جناب پرتاپ راؤ جادھو ، مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)وزارت آیوش
Posted On:
12 FEB 2025 4:55PM by PIB Delhi
بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے اور منشیات کے استعمال کی بڑھتی ہوئی تشویش کو دور کرنے کے مقصد سے ایک تاریخی اقدام کے تحت وزارت آیوش اور محکمہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات(ڈی او ایس جے ای)نے آج نئی دہلی میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ یہ اسٹریٹجک شراکت داری عمر رسیدہ افراد کی صحت کی نگہداشت کو فروغ دینے اور منشیات کے غلط استعمال سے نمٹنے کے لیے آیوش پر مبنی مداخلتی پروگرام نافذ کرنے کی کوشش کا حصہ ہے ۔

اس مفاہمت نامے پر وزارت آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب پرتاپ راؤ جادھو اور مرکزی وزیر مملکت ، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات، جناب بی ایل ورما کی موجودگی میں دستخط کیے گئے ۔ وزارت آیوش کے سکریٹری جناب ویدیہ راجیش کوٹیچا ، سکریٹری جناب امت یادو اوردونوں وزارتوں کے سینئر اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کہا کہ‘‘عمر رسیدہ افراد کی صحت کی نگہداشت اور منشیات کے غلط استعمال پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، خاص طور پر اس وقت جب ہمیں عمر رسیدہ آبادی اور نشے کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خدشات کا سامناہے ۔ وزارت آیوش اور محکمہ سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے درمیان یہ تال میل ان چیلنجوں سے نمٹنے کی سمت میں ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ سماجی بہبود کے اقدامات کے ساتھ آیوش نظام کے جامع نقطہ نظر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، ہمارا مقصد اپنے بزرگ شہریوں اور منشیات کے غلط استعمال میں مبتلا افراد کو بااختیار بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر مملکت جناب بی ایل ورما نے کہا کہ‘‘وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں ہماری حکومت نے اپنے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ وزارت آیوش کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط سے ہمارے بزرگ شہریوں کو بڑے پیمانے پر فائدہ پہنچے گا۔ مفاہمت نامے کے تحت بزرگوں کے لیے مخصوص تربیتی ماڈیولز، علاج کے پروٹوکول، یوگاکے تربیتی پروگراموں، منشیات کی روک تھام اور علاج کے طریقوں کا اشتراک وغیرہ ہمارے بزرگ شہریوں کو صحت مند زندگی گزارنے کے قابل بنانے میں ایک طویل سفر طے کرے گا۔ وزارت آیوش کے ساتھ شراکت سے مجھے یقین ہے کہ ہم ساتھ مل کر کمیونٹی کو جامع خدمات فراہم کر سکتے ہیں ۔’’
عمر رسیدہ افراد کی صحت کی نگہداشت کے لیے وزارت آیوش کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزارت آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے کہا کہ‘‘ہمارے پاس عمر رسیدہ افراد کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مختلف پروگرام اور اقدامات موجود ہیں ، جیسے کہ قومی آیوش مشن کے تحت عمر رسیدہ افراد کے لیے صحت کی نگہداشت کے کیمپ۔وزارت آیوش بزرگ شہریوں کی صحت اور تندرستی کو بہتر کرنے کے لیے پرعزم ہے اور یہ مفاہمت نامہ بزرگ شہریوں کو معیاری صحت کی نگہداشت فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کو فروغ دے گا۔’’
وزارت سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے سکریٹری جناب امت یادو نے کہا کہ آیوش کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کرکے وزارت محکمہ آیوش کے علاج کے ماڈل کو اپنا کر اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دے کر اس ملک کو منشیات کی کسی بھی لت سے پاک بنانے کی کوشش کرے گی اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے بزرگ شہری وزارت آیوش کی طرف سے وضع کردہ مختلف مداخلتی پروگراموں کو اپنا کر صحت مند اور باوقار زندگی گزاریں۔

یہ مفاہمت نامہ بزرگ شہریوں اور منشیات کے غلط استعمال میں مبتلا افراد کے درمیان صحت وتندرستی کے فروغ کے لیے تعاون پر مبنی اقدامات تیار کرنےکے لیے ایک اہم قدم ہے۔ آیوش کے نظام کی طاقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، دونوں وزارتوں نے مختلف اقدامات پر مل کر کام کرنے کا عہد کیا، جن میں آگہی پھیلانے کے پروگرام، خدمت فراہم کنندگان کی صلاحیت سازی اور آیوش کے خود مختار اداروں کے تحت جیریاٹرک ہیلتھ اور ڈی ایڈکشن یونٹس کا قیام شامل ہیں۔
مفاہمت نامے کے اہم مقاصد میں شامل ہیں:
- امداد باہمی کی کوششیں: بزرگ شہریوں کی صحت کو فروغ دینے ، منشیات کی مانگ کو کم کرنے ، منشیات کے غلط استعمال سے نمٹنے اور ذہنی بحالی میں مدد کے واسطے اختراعی اقدامات کو فروغ دینے کے لیے وزارت آیوش اور ڈی او ایس جے ای کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور تال میل کو فروغ دینا۔ اسے آیوش کے نظام کا استعمال کرتے ہوئے بیداری پیدا کرنے اور خدمات فراہم کنندگان کی صلاحیت سازی کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔
- تحقیق کا فروغ: روایتی صحت کی نگہداشت کے طریقوں کے معالجاتی فوائد کو تلاش کرنے پر توجہ دینے کے ساتھ ، جیریاٹرک صحت ،منشیات کے غلط استعمال اور ذہنی صحت کے شعبوں میں تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا۔
- صحت مندی کے فروغ کی سرگرمیاں: صحت کے فروغ کے لیے اضافی سرگرمیوں میں امداد فراہم کرنا، جو عمر رسیدہ آبادی اور منشیات کے غلط استعمال سے متاثرہ افراد دونوں کے لیے موزوں ہوں۔
یہ مفاہمت نامہ ہندوستان کے صحت کی نگہداشت کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے، جس میں صحت مند اور زیادہ جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے آیوش کے نظام اور سماجی انصاف کے اقدامات دونوں کی طاقت کو یکجا کیا گیا ہے۔
************
ش ح۔م ش ۔ ج ا
(U: 6538)
(Release ID: 2102660)
Visitor Counter : 27