امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
مرکزی حکومت نے قانونی میٹرولوجی (ڈبہ بند اشیاء ) سے متعلق ضوابط 2011 کے تحت لیبلنگ کے طریقۂ کار میں ترامیم کی تعمیل کے لیے ایک مقررہ مدت کا اعلان کیا
یہ فیصلہ صارفین کی فلاح و بہبود کے عزم کے اظہار کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے اور عمل آوری کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا
Posted On:
29 JAN 2025 1:01PM by PIB Delhi
- یہ فیصلہ قانونی میٹرولوجی ایکٹ کے تحت لیبلنگ ترامیم کی تعمیل کے لیے بلا رکاوٹ منتقلی کو یقینی بنائے گا۔
- ضابطوں کے تحت لیبلنگ کے ضوابط سے متعلق ترامیم کا نفاذ ہر سال یکم جنوری یا یکم جولائی سے ہوگا، جس کے لیے 180 دن پہلے نوٹس دیا جائے گا۔
- ان ترامیم کا مقصد شفافیت میں اضافہ، مصنوعات کی معلومات کی درستگی کو یقینی بنانا اور صارفین کو صحیح خریداری کے فیصلے کرنے کی خاطر بااختیار بنانا ہے۔
|
حکومتِ ہند نے قانونی میٹرولوجی ( ڈبہ بند اشیاء) سے متعلق ضوابط 2011 میں ترامیم کے نفاذ کے لیے نظرِ ثانی شدہ مقررہ مدت کا اعلان کیا ہے۔ مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیبلنگ ضوابط میں کوئی بھی ترمیم ہر سال یکم جنوری یا یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگی، بشرطیکہ نوٹیفکیشن کی تاریخ سے کم از کم 180 دن کی منتقلی کی مدت فراہم کی جائے۔ اس طریقہ ٔ کار سے کاروباری اداروں کو ۔ ان تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے مناسب وقت ملے گا۔
یہ فیصلہ صارفین کی فلاح و بہبود کے تئیں حکومت کے عزم کا اظہار کرتا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی یہ کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنائے گا اور کاروباری اداروں پر عمل آوری کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا ۔
غیر معمولی یا مخصوص صورتِ حال میں ترامیم کے نفاذ سے متعلق فیصلے معاملہ در معاملہ ( کیس بائی کیس ) کیے جا سکتے ہیں تاکہ عوامی مفاد پر سمجھوتہ کیے بغیر بروقت اور عملی حل فراہم کیے جا سکیں۔
قانونی میٹرولوجی (ڈبہ بند اشیاء) سے متعلق ضوابط 2011 تجارتی اور کاروباری معاملات میں شفافیت، منصفانہ رویے اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ ضابطے ڈبہ بند اشیاء پر واضح، پڑھنے کے قابل اور معیاری لیبلنگ کو لازمی قرار دیتے ہیں تاکہ صارفین کو صحیح مقدار، زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت( ایم آر پی ) ، تیاری کی تاریخ، جس ملک میں اشیاء تیار کی گئی اس کی تفصیل اور مینو فیکچرر کی تفصیلات جیسی اہم معلومات تک رسائی حاصل ہو۔ اس سے صارفین کو صحیح خریداری کے فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے اور تجارت و کاروبار میں اعتماد کا ماحول قائم ہوتا ہے۔
یہ ضابطے صارفین کے مفادات اور کاروباری ضروریات کے درمیان توازن قائم کرتے ہیں، جس سے تعمیل میں وضاحت فراہم ہوتی ہے، تنازعات کم ہوتے ہیں اور قانونی پیچیدگیاں محدود ہوتی ہیں۔ قانونی میٹرولوجی ( ڈبہ بند اشیاء) سے متعلق ضوابط 2011 ایک منصفانہ مارکیٹ کے قیام، صارفین کو بااختیار بنانے اور اخلاقی تجارتی رویوں کو فروغ دینے میں کلیدی حیثیت کے حامل ہیں۔
یہ فیصلے کاروبار کرنے میں آسانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ، صنعت کاروں پر عمل آوری کے بوجھ کو کم کرتے ہوئے ، صارفین کے تحفظ میں توازن قائم کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں ۔
..................................................... ...................................................
) ش ح – ا ع خ - ع ا )
U.No. 5776
(Release ID: 2097320)
Visitor Counter : 17