عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر کے رام بن میں عوامی دربار سے خطاب کیا ؛ بہت سے مسائل موقع پر ہی حل ہوگئے
گزشتہ دس سالوں میں کی گئی تیزی سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی نے رام بن کی تصویر بدل دی ہے، جموں کے ساتھ رابطے کو بہتر بنایا ہے: جتیندر سنگھ
Posted On:
29 DEC 2024 6:47PM by PIB Delhi
سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، ارضیاتی سائنس کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، پی ایم او ، محکمہ جوہری توانائی، محکمہ خلا، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج ایک ’’عوامی دربار‘‘ کا انعقاد کیا اور ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں این ایچ اے آئی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سرکاری افسران سمیت مرکزی حکومت کے سینئر افسران کی موجودگی میں عوام کے گروپوں اور وفود کے ساتھ براہ راست بات چیت کی۔
حالیہ مہینوں میں رام بن میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا یہ دوسرا ایسا عوامی دربار تھا۔
موقع پر کئی فیصلے کیے گئے ۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے تحمل کے ساتھ ہر معاملے کو سنا اور متعلقہ محکمے کے افسران کو فوری ہدایات جاری کیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر کے رام بن ضلع میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے گزشتہ دہائی میں کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اس عرصے کے دوران کئے گئے اقدامات دو جہتی تھے۔ سب سے پہلے اور سب سے اہم یہ تھا کہ ماضی کی محرومیوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ رکے ہوئے منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا جائے اور بعد میں ضلع میں رابطے کو فروغ دینے کے لیے اہم منصوبے شروع کیے جائیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پہلے جموں سے رام بن کے سفر میں پورا دن لگتا تھا، اب یہ فاصلہ دو گھنٹے سے بھی کم میں طے ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن کو ادھم پور سے جوڑنے والی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی سرنگ خطے میں کنیکٹیوٹی کو فروغ دینے کی ایک ایسی ہی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ اب مسافروں کے لیے سفر میں آسانی کو بڑھانے والی دیگر سرنگوں سے بھی بھرا ہوا ہے۔ تاریخی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی سرنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اگلی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنے گی، جو انہیں ڈاکٹر مکھرجی کی زندگی اور جدوجہد کی یاد دلائے گی، جنہیں اس راستے سے کشمیر لے جایا گیا اور مار ڈالا گیا۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت، ’پرشاسن گاؤں کی اُور‘ پروگرام کے زیراہتمام ملک کے دیہی علاقوں میں جدید ترین سہولیات بہم پہنچانے اور حکمرانی میں مزید شفافیت لانے کے علاوہ شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
حکمرانی میں عوامی نمائندوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آر آئی کے اراکین نے زمینی سطح پر خدمات کو پہنچانے اور عوام کے مصائب کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان نمائندوں نے گزشتہ 10 سالوں میں عام شہریوں کی خدمت کے لیے ٹیم کا ایک لازمی حصہ بنایا ہے ۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے امید ظاہر کی کہ ٹیم، نئے منتخب ایم ایل اے کی شراکت سے مضبوط ہوگی تاکہ لوگوں کی بہتر خدمت کی جا سکے اور قومی مرکزی دھارے کے مطابق ان کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
مرکزی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک عوامی دربار کی صدارت کی، جس کے دوران انہوں نے کئی وفود کے مسائل سنے۔ اس موقع پر متعدد عوامی شکایات کا ازالہ کیا گیا اور عوامی اہمیت کے معاملات کو موقع پر ہی نمٹا دیا گیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کو ان کے جلد نمٹارے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
******
ش ح۔ م م ۔ م ر
U-NO. 4667
(Release ID: 2088762)
Visitor Counter : 16