ریلوے کی وزارت
وردی میں ہیرو: ریل بھون میں زندگی بچانے کے اعتراف میں آر پی ایس ایف کے جانبازوں کو اعزاز سے نوازا گیا
Posted On:
26 DEC 2024 8:00PM by PIB Delhi
ریلوے پروٹیکشن فورس کے ڈائرکٹر جنرل جناب منوج یادو نے آج ریلوے پروٹیکشن اسپیشل فورس (آر پی ایس ایف) کے کانسٹیبل کلدیپ، راجیش سینی اور شیوراج کو کرسمس کے موقع پر ریل بھون کے قریب ایک المناک واقعہ کے دوران مثالی جراءت اور فوری ردعمل کے لیے تہنیت پیش کی۔ ریل بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں تینوں اہلکاروں کو ان کے شاندار کارنامے کے اعتراف میں توصیفی سند کے ساتھ 4000 روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آر پی ایف نے جوانوں کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’نازک ہنگامی صورت حال کا سامنا کرتے ہوئے، ان کانسٹیبلوں نے غیر معمولی ہمت، حاضر دماغی اور گہری فرض شناسی کا ثبوت پیش کیا۔ ان کے کارنامے سے آر پی ایف کے مشن میں خدمت اور انسانیت کے جذبے کا اظہار ہوتا ہے۔‘‘
یہ واقعہ 25 دسمبر کو سہ پہر تقریبا 3:15 بجے نئی دہلی میں ریل بھون کی عمارت کے قریب گول چوک کے قریب ، پارلیمنٹ گیٹ کے سامنے پیش آیا۔ باغپت کے رہنے والے جتیندر کمار نامی 30 سالہ شخص نے چوک کے پارک کے قریب خود کو آگ لگا لی اور آگ کی لپیٹ میں آنے کے بعد وہ پارلیمنٹ کے علاقے کی طرف بھاگا۔
ریل بھون کے گیٹ نمبر 6 پر سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات آر پی ایس ایف کانسٹیبل کلدیپ، راجیش سینی اور شیوراج ڈیوٹی سے آگے بڑھ کر فوری طور پر حرکت میں آئے۔ غیر معمولی حاضر دماغی کے ساتھ ، انھوں نے آس پاس کے پیدل چلنے والوں کی مدد سے آگ بجھانے کے لیے گیٹ پر دستیاب دو کمبلوں کا استعمال کیا۔ ان کے فوری ردعمل نے راہگیروں کے لیے خطرات کو کم کیا اور صورت حال کو مزید بڑھنے سے روکا۔
شدید طور پر جھلسے ہوئے اس شخص کی فوری طور پر پولیس حکام نے دیکھ بھال کی، جس میں ایس ایچ او/ کرتویہ پتھ اور پارلیمنٹ اسٹریٹ شامل تھے، جو اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ متاثر شخص کو فوری طبی علاج کے لیے آر ایم ایل اسپتال لے جایا گیا۔ نئی دہلی کے ڈی سی پی اور اے سی پی سمیت سینئر عہدیداروں نے بعد میں جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
ریلوے پروٹیکشن فورس شہریوں کی حفاظت اور بہبود کے لیے پرعزم ہے ، اور اس کے اہلکاروں کے ذریعہ دکھائی گئی ہمت ان کے فرائض کے تئیں غیر متزلزل لگن کی روشن مثال ہے۔
***
(ش ح – ع ا)
U. No. 4600
(Release ID: 2088242)
Visitor Counter : 18