ارضیاتی سائنس کی وزارت
پارلیمانی سوال: بحالی کے لیے ساحلی پٹی کے علاقے
Posted On:
18 DEC 2024 5:11PM by PIB Delhi
سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنس کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں بتایا کہ ساحلی تحقیق کے قومی مرکز ( این سی سی آر ) ، جو ارضیاتی سائنس کی وزارت ( ایم او ای ایس ) کا ایک ذیلی ادارہ ہے، نے سیٹلائٹ اور فیلڈ سروے کے ڈاٹا کا استعمال کرتے ہوئے بھارتی ساحل کے ساتھ ساحلی تبدیلیوں کا مطالعہ کیا اور 6907.18 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کی نقشہ سازی کی، جس میں پورے بھارت کے ساحلی علاقے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس مطالعے میں ساحلی تبدیلیوں کے لئے ایک درجن سے زائد وجوہات کو شمار کیا گیا ہے، جن کی قدرتی اور انسانی عوامل کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ طوفانی لہروں سے سمندر کی سطح میں اضافے کو قدرتی وجوہات کے طور پر اور ساحلی علاقوں میں بندرگاہوں کی تعمیر، ساحلی کانکنی اور دریاؤں پر ڈیم کی تعمیر جیسے عوامل انسانی وجوہات کے طور پر ساحلی تبدیلیوں کا سبب ہیں۔
ساحلی تحقیق کے قومی مرکز ( این سی سی آر ) نے سائنسی طریقہ کار کی بنیاد پر ساحلی کٹاؤ کا جائزہ لیا ہے اور 1990 ء سے 2018 ء کے درمیان سمندری کٹاؤ سے متاثر ہونے والے ساحلی علاقوں کی شناخت کی ہے، جس کے لئے ریموٹ سینسنگ اور فیلڈ میں کیے گئے سروے کے ڈاٹا کا استعمال کیا گیا۔ مطالعے سے یہ ظاہر ہوا کہ بھارتی ساحل کا 34 فی صد حصہ کٹاؤ کے خطرے سے دوچار ہے۔
اس کے علاوہ ، ساحلی نقشہ سازی کے نظام کے تحت، بھارت کے پورے ساحلی علاقے کے لئے 526 نقشے تیار کیے گئے تاکہ ساحلی کٹاؤ سے متاثرہ حساس علاقوں کی نشاندہی کی جا سکے، جن کی پیمائش 1:25000 کے تناسب پر کی گئی ہے، ساتھ ہی 69 ضلع کی سطح کے نقشے، 9 ریاستی سطح کے نقشے اور 2 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سطح کے نقشے بھی تیار کیے گئے۔ ‘‘ بھارتی ساحل کے ساتھ ساحلی تبدیلیوں کا قومی جائزہ ’’ کے موضوع پر ایک رپورٹ جولائی 2018 ء میں جاری کی گئی تھی اور اس رپورٹ کا اشتراک ساحلی تحفظ کے اقدامات کے نفاذ کے لیے مختلف مرکزی اور ریاستی حکومتوں اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کا اپ ڈیٹ ورژن، جس میں تمام نقشے شامل ہیں، 25 مارچ ، 2022 ء کو اٹلس کے ساتھ جاری کیا گیا۔
این سی سی آر نے پڈوچیری اور کیرالہ کے چیلانم ساحل پر ساحلی کٹاؤ کو کم کرنے کے نئے طریقوں کو کامیابی کے ساتھ پیش کیا ہے ، جس سے پڈوچیری میں کٹاؤ سے متاثرہ ساحل اور چیلانم، جو کہ ایک ماہی گیری سے متعلق ایک گاؤں ہے ، میں سیلاب پر قابو پانے میں مدد ملی ہے ۔ این سی سی آر حکومتِ آندھرا پردیش، تمل نادو، پڈوچیری اور کیرالہ کو ساحلی نگرانی، حساس علاقوں میں ساحلی تحفظ کے اقدامات کرنے اور ساحلی انتظامی منصوبے کی تیاری میں تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے۔ ساحل/ساحلی پٹی کی بحالی کے اقدامات کو متعلقہ سمندری ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام علاقوں کے ذریعے اپنی ترجیحات کے مطابق نافذ کیا جاتا ہے۔
*********
( ش ح ۔ ش م ۔ ع ا )
U.No. 4238
(Release ID: 2085755)
Visitor Counter : 15