لوک سبھا سکریٹریٹ
کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل نے احتساب، شفافیت اور بہتر حکمرانی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے: لوک سبھا اسپیکر
بھارت کے سی اینڈ اے جی آف انڈیا نے ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں عالمی سطح پر رہنمائی کی ہے:جناب اوم برِلا
مضبوط مالیاتی نظم و ضبط ایک مضبوط جمہوریت کی بنیاد رکھتا ہے: لوک سبھا اسپیکر
بہت سے ممالک کے حکام بھارت آ کر ہمارے آڈٹ کے نظام کو گہرائی سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں: لوک سبھا اسپیکر
موثر آڈٹ کے نظام اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ مختلف منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کو منصفانہ طریقے سے استعمال کیا جائے: لوک سبھا اسپیکر
Posted On:
16 NOV 2024 5:18PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج کہا کہ کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل نے ملک میں جوابدہی ، شفافیت اور اچھی حکمرانی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آزاد بھارت میں سی اینڈ اے جی کے ادا کردہ مثالی کردار کی تعریف کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ اس کا 161 سال پر مشتمل بھرپور ورثہ مسلسل ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ارتقاء پذیر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی اینڈ اے جی نے نہ صرف اپنے آڈٹنگ کے نظام کو تبدیل کیا ہے بلکہ نئی جدتیں بھی متعارف کرائی ہیں جس سے اس کے کام میں اعتبار اور صداقت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
آج نئی دہلی میں چوتھے آڈٹ دیوس کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ارکان آڈٹ رپورٹس کے ہر پیرا پر بحث کرنے کے علاوہ اس کی باریکی سے جانچ پڑتال کرتے ہیں تاکہ عوامی پیسہ دانشمندی سے خرچ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کا آڈٹ انتظامیہ کو عوام کے سامنے جوابدہ بناتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مضبوط مالیاتی نظم و ضبط ایک مضبوط جمہوریت کی بنیاد رکھتا ہے اور سی اینڈ اے جی اس سمت میں مقصدی طور پر کام کر رہا ہے تاکہ ہماری جمہوریت کی مؤثر کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
جناب برلا نے سی اینڈ اے جی کو اے ایس او ایس اے آئی جنرل اسمبلی کی کامیاب میزبانی اور 2024-2027 کی مدت کے لیے اے ایس او ایس اے آئی کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم کامیابی ہے اور دنیا بھر کے سپریم آڈٹ اداروں میں سی اینڈ اے جی آف انڈیا کی اعلیٰ ساکھ کا ثبوت ہے۔
جناب برلا نے کہا کہ دنیا بھر کے حکام بھارت کے آڈٹ کے نظام کا مطالعہ کرنے اور اس سے سیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا سیکریٹریٹ کے پارلیمنٹری ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسیز (پرائیڈ) کی کوششوں سے 50 سے زائد ممالک کے حکام نے پرائیڈ میں آکر ہمارے آڈٹ کے نظام کو گہرائی سے سمجھنے کی کوشش کی۔ جناب برلا نے خوشی کا اظہار کیا کہ سی اینڈ اے جی عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی اور جدت کے استعمال میں رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔
پارلیمانی کمیٹیوں خصوصاً پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سے) کے کردار پر بات کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ پارلیمنٹ کے معزز ارکان آڈٹ رپورٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں اور یہ بحثیں مالیاتی شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس پارلیمانی روایت کو بھی اجاگر کیا جس کے تحت اپوزیشن کے سینئر رکن کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا جاتا ہے۔ جناب برلا نے مزید کہا کہ ایسی روایات بھارت کی جمہوریت کی طاقت ہیں کیونکہ یہ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ ہمارا آڈٹ نظام غیر جانبدار اور شفاف رہے۔
جناب برلا نے یاد دہانی کرائی کہ پہلے آڈٹ کو صرف تنقید کے طور پر دیکھا جاتا تھا، لیکن اب اس کا دائرہ بہت وسیع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں آڈٹ کے نظام کو مستحکم اور جوابدہ بنایا گیا ہے، وہاں وہاں مالیاتی نظم و ضبط اور شفافیت نے اپنی جگہ بنائی ہے۔
جناب برلا نے کہا کہ بدلتی ہوئی صورتحال میں نئی ٹیکنالوجیاں جیسے کہ مصنوعی ذہانت کو اپنایا جا رہا ہے، تاکہ ہمارے نظاموں کو مزید مستحکم اور مؤثر بنایا جا سکے۔ اسپیکر موصوف نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں سی اینڈ اے جی ملک کے دوسرے اداروں اور محکموں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔
******
ش ح۔ش ا ر۔ ول
Uno- 2546
(Release ID: 2073927)
Visitor Counter : 19