کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

جناب پیوش گوئل نے 14 سے 27 نومبر تک بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والے انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) کے 43ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا


ایم آئی سی ای  کی سہولیات کو ہندوستان کے مزید شہروں تک پھیلایا جائے گا: جناب پیوش گوئل

آئی ٹی پی او کو ہندوستانی صنعت کی عکاسی کرنے والی عالمی معیار کی سہولت تک بڑھایا جائے گا: جناب  گوئل

آئی آئی ٹی ایف ٹکٹ دہلی کے 55 میٹرو اسٹیشنوں، ڈی ایم آر سی موبائل ایپ، آئی ٹی پی او ویب سائٹ پر دستیاب ہیں

آئی آئی ٹی ایف 2024 میں بہار اور اتر پردیش پارٹنر ریاستوں کے طور پر شرکت کر رہے ہیں،   اس بار ریاست جھارکھنڈ توجہ کا مرکز ہے

Posted On: 14 NOV 2024 2:03PM by PIB Delhi

تجارت و صنعت کے وزیر جناب پِیوش گوئل نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں بھارت بین الاقوامی تجارتی میلے (آئی آئی ٹی ایف) کے 43ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کو ایک عالمی معیار کی ایجنسی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو صنعت اور ویلیو چین کا احاطہ کرے تاکہ دنیا میں  بھارت کو بہترین ایم آئی سی ای ڈیسٹی نیشن کے طور پر دیکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت بنگلور، ممبئی، چنئی، لکھنؤ، وارانسی اور نوئیڈا جیسے شہروں میں ان سہولتوں کی توسیع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ وزیر موصوف  نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کا ہر فیصلہ ’’وکست بھارت‘‘کے مقصد کے تحت ہو گا، اور انہوں نے آئی آئی ٹی ایف کے موضوع کو ’’وکست بھارت 2047‘‘ پر مبنی دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔

ڈیجیٹل لین دین کے استعمال کو تمام تجارتی میلوں میں بڑھانے پر زور دیتے ہوئے جناب پِیوش گوئل نے کہا کہ حکومت ان میلوں کے ارد گرد کیوسکس لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ لین دین کو تیز تر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت ان صنعتوں کے ساتھ آمدنی کی شراکت داری کے ماڈلز پر بھی غور کر رہی ہے جو بھارت بین الاقوامی تجارتی میلے اور اسی طرح کے ایونٹس میں مارکیٹ کی تلاش میں ہیں۔ وزیر موصوف نے یہ بھی اجاگر کیا کہ ہمیں مقامی سطح سے عالمی سطح تک جانا ہوگا اور خریداروں اور فروخت کنندگان کی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا تاکہ بین الاقوامی نمائش کنندگان کو بھارت میں لایا جا سکے تاکہ صارفین کے انتخاب کے لئے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہونے والی نمائشوں کو دنیا کے لیے ایک ’’ون اسٹاپ شاپ‘‘ بننا چاہیے۔ جناب گویل نے آئی ٹی پی او کو یہ تجویز بھی دی کہ وہ ورچوئل میلوں پر غور کرے، خاص طور پر ایسی صورت میں جہاں مصنوعات کی شکل و صورت دیکھنا ضروری نہ ہو۔

وزیر  موصوف نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ بھارت دنیا بھر میں تجارتی میلوں کا انعقاد کرے گا اور غیر ملکی خریداروں کو مدعو کرے گا، تاکہ بھارت کا دائرہ کار وسیع ہو اور ترقی یافتہ ممالک میں مال و خدمات کے لیے ایک اہم مرکز بن سکے۔ انہوں نے یہ بھی توقع ظاہر کی کہ مستقبل کے میلوں میں جدیدیت ایک اہم جزو ہو گا، جن میں مخصوص پویلینز کے ذریعے اسٹارٹ اپس، ڈیجیٹل عوامی انفراسٹرکچر میں پیشرفت، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، گرین  ٹیکنالوجیز اور سائبر ٹیکنالوجی کو پیش کیا جائے گا۔

انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کے زیر اہتمام، یہ اہم ایونٹ 14 نومبر سے 27 نومبر 2024 تک منعقد ہوگا۔ یہ ایونٹ بھارت کی متحرک ثقافت، تجارت اور جدیدیت کا جشن مناتا ہے اور کاروباری افراد اور اداروں کو مواقع تلاش کرنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔اس سال کا موضوع ’’وکست بھارت @2047‘‘بھارت کے اس وژن کو اجاگر کرتا ہے جس کے تحت وہ 2047 تک خود انحصار، خوشحال اور مضبوط قوم بننے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ میلہ جدت، پائیداری، شمولیت اور اچھی حکمرانی کو اقتصادی ترقی اور سماجی فلاح کے لیے اہم ستون کے طور پر اجاگر کرتا ہے۔ آئی آئی ٹی ایف 2024 بھارت کی برآمدی صلاحیت کو پیش کرنے اور اس بلند و بالا وژن کے لیے پرعزم تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان معیاری مکالمے کو فروغ دینے کے لیے ایک بے مثال پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

یہ ایونٹ تقریباً 1,07,000 مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے، جس میں بھارت اور بیرونِ ملک سے 3,500 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہوں گے۔ یہ ایونٹ مقامی اور بین الاقوامی تجارت کا ایک سنگم ہے، جو کاروبار سے کاروبار (بی 2 بی) اور کاروبار سے صارف (بی 2 سی) کے درمیان روابط کو فروغ دیتا ہے۔ اس ایونٹ سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ وزیٹرز کی آمد متوقع ہے، جو اسے جنوب ایشیا کے سب سے بڑے تجارتی میلوں میں سے ایک کے طور پر اس کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

زیارت کنندگان 14 نومبر سے 18 نومبر 2024 تک کاروباری دنوں میں اور 19 نومبر سے 27 نومبر 2024 تک عمومی وزیٹر دنوں میں میلے کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ٹکٹیں 55 مخصوص ڈی ایم آر سی میٹرو اسٹیشنز (سپریم کورٹ میٹرو اسٹیشن کو چھوڑ کر)، بھارت منڈپم موبائل ایپ، ڈی ایم آر سی ایپ مومنٹم 2.0، دہلی سارتھی، آئی ٹی پی او کی آفیشل ویب سائٹ (www.indiatradefair.com) ، اور ڈی ایم آر سی ویب سائٹ (www.itpo.autope.in) کے ذریعے دستیاب ہیں۔ ٹکٹ کی قیمتیں گزشتہ سال کے برابر رہیں گی، اور بزرگ شہریوں اور دیویانگ جن کو معیاری شناخت پیش کرنے پر مفت داخلہ ملے گا۔

بھارت منڈپم موبائل ایپ زیارت کنندگان کو ایک تفصیلی روٹ میپ، اسٹال کی جگہوں اور نیویگیشن کی خصوصیات فراہم کرتی ہے تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے اپنے تجربے کا لطف اٹھا سکیں۔ داخلے کے دروازے بھیرون روڈ پر گیٹ 3 اور 5، اور متھرا روڈ پر گیٹ 6 اور 10 پر واقع ہیں۔ میلہ روزانہ صبح 10:00 بجے سے شام 7:30 بجے تک کھلا رہے گا۔

بہار اور اتر پردیش اس ایڈیشن میں پارٹنر ریاستوں کے طور پر شرکت کر رہے ہیں، جبکہ جھارکھنڈ کو فوکس ریاست منتخب کیا گیا ہے۔ اس میلے میں مجموعی طور پر 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے، 49 مرکزی وزارتوں، کاموڈٹی بورڈز، پبلک سیکٹر انٹرپرائزز (پی ایس یو)، پبلک سیکٹر بینکوں (پی ایس بی)، اور مشہور نجی کمپنیاں جیسے ٹائٹن، جندل اسٹیل اینڈ پاور، جے ایس ڈبلیو اسٹیل، ریلکسو، ہاکنز اور ووڈ لینڈ اپنے مصنوعات اور خدمات کی نمائش کر رہی ہیں۔ چین، مصر، ایران، جنوبی کوریا، سویڈن، تھائی لینڈ، ترکی، تیونس، لبنان، کرغزستان اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے بین الاقوامی نمائش کنندگان میلے کی عالمی کشش کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

آئی آئی ٹی ایف 2024 ثقافت، تجارت، اور جدت کا ایک متحرک امتزاج ہے، جو بھارت کی صنعتی طاقت اور کاروباری جذبے کو مستحکم کرتا ہے۔ یہ شرکاء کو باہمی تبادلوں میں شامل ہونے اور ایسی حکمت عملیوں کو دریافت کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے جو بھارت کو خوشحال اور مضبوط بناتے ہیں۔

مزید معلومات کے لیے مندرجہ ذیل لنک پر جائیں۔

www.indiatradefair.com.

*****

) ش ح –    ا م      - س ع س )

U.No. 2455


(Release ID: 2073290) Visitor Counter : 26


Read this release in: Tamil , English , Hindi