وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستانی بحریہ چوتھے ساحلی دفاعی مشق ‘سی وِجِل-24’ کا انعقاد کرے گی

Posted On: 13 NOV 2024 3:40PM by PIB Delhi

ہندوستانی بحریہ 20 اور 21 نومبر 2024 کو ‘پین انڈیا’ ساحلی دفاعی مشق ‘سی وِ جِل-24’  کا چوتھا ایڈیشن منعقد کرنے جا رہی ہے۔ سی وِجِل مشق کا یہ چوتھا ایڈیشن جغرافیائی وسعت اور شرکت کی وسعت کے لحاظ سے ایک بے مثال سطح پر ہوگا، جس میں 6 وزارتوں اور 21 تنظیموں/اداروں کی شرکت ہوگی۔ ساحلی دفاع اور سیکورٹی تیاری کا جائزہ لینے کا مرحلہ (سی ڈی ایس آر ای) تمام ساحلی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں(بشمول لکشدیپ اور انڈمان و نکوبار جزائر)کے نیول آفیسر انچارجز کے ذریعہ اکتوبر 2024 کے آخر سے کیا جا رہا ہے، جس میں ساحلی دفاع اور سیکورٹی کے مکمل ڈھانچے کا  گہرائی سے آڈٹ کیا جا رہا ہے۔ اس سال، پہلی بار قومی سلامتی کونسل سکریٹریٹ کے حکام بھی ہندوستانی بحریہ کے زیر قیادت سی ڈی ایس آر ای ٹیموں میں شامل ہوں گے، اس کے علاوہ اس میں ریاستی میرین پولیس، کوسٹ گارڈ، کسٹمز، ماہی گیری وغیرہ کے اہلکار بھی شریک ہوں گے۔

یہ مشق ساحلی اثاثوں جیسے کہ بندرگاہوں، آئل رگز، سنگل پوائنٹ مورنگز، کیبل لینڈنگ پوائنٹس اور اہم ساحلی بنیادی ڈھانچے، بشمول ساحلی آبادی کی سیکورٹی کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ اس سال دیگر سروسز (ہندوستانی بری فوج اور فضائیہ) کی شرکت اور بڑی تعداد میں بحری جہازوں اور طیاروں کی منصوبہ بند تعیناتی نے مشق کی رفتار کو مزید تیز کردیا ہے۔

سی وِجِل کا 2018 میں بنیادی طور پر تصور کیا گیا تھا اور اس کا مقصد 11/26ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد ساحلی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اپنائے گئے اقدامات کی توثیق اور بہتری تھا۔ یہ جامع مشق 11,098 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اور 2.4 ملین مربع کلومیٹر پر مشتمل وسیع خصوصی اقتصادی زون پر محیط ہوگی، اور اس میں مکمل ساحلی سیکورٹی انفراسٹرکچر اور تمام سمندری شراکت داروں، بشمول ماہی گیر برادری اور ساحلی آبادی کو ایک ساتھ شامل کیا جائے گا۔ اس مشق کا ایک مقصد ساحلی برادریوں میں بحری سلامتی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے، اور اس مقصد کے لیے ماہی گیر برادریوں، ساحلی آبادی اور این سی سی و بھارت اسکاؤٹس اور گائیڈز کے طلباء کی شرکت اس کوشش میں جوش و ولولہ پیدا کرے گی۔

اگرچہ ساحلی سلامتی کی مشقیں انفرادی ساحلی ریاستوں اور سمندری سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعے باقاعدگی سے کی جاتی ہیں، لیکن ہندوستانی بحریہ کے زیر انتظام مشق سی وِجِل قومی سطح کی ایک منفرد پہل ہے جو ہندوستان کی بحری دفاع اور سلامتی کی صلاحیتوں کا جامع جائزہ فراہم کرتی ہے۔ یہ مشق تمام سمندری سیکورٹی ایجنسیوں کی موجودہ تیاری کا جائزہ لینے، ان کی طاقتوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کرنے اور ملک کے مجموعی بحری دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ  آپریشنل مشق کیلئے تھیٹرسطح کی تیاری (ٹی آر او پی ای ایکس) سے قبل کی ایک مشق ہے، جو کہ ہندوستانی  بحریہ ہر دو سال بعد منعقد کرتی ہے، سی وِجِل-24 بھارت کے سمندری سرحدوں کی حفاظت کے عزم کو مستحکم کرنے اور ساحلی دفاع میں تمام شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر کام کرے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/FilePhoto(1)SYTM.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/FilePhoto(2)XLJ9.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/FilePhoto(4)AMHH.jpeg

*********

ش ح ۔م  ش ۔ ص ج

U. No.2424


(Release ID: 2073029) Visitor Counter : 11


Read this release in: English , Hindi , Tamil