بجلی کی وزارت
بجلی اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے کنورجینس اینرجی سروسز لمیٹڈ (سی ای ایس ایل) کے ’ای وی بطور خدمت‘ پروگرام کا آغاز کیا
Posted On:
10 NOV 2024 12:03PM by PIB Delhi
اہم جھلکیاں:
- ای وی بطور خدمت ماڈل کا مقصد سرکاری دفاتر میں ای۔نقل و حمل کو تقویت بہم پہنچانا ہے؛ آئندہ دو برسوں میں سرکاری محکموں میں 5000 ای-کاروں کو استعمال میں لایا جائے گا۔
- مرکزی وزیر نے مختلف النوع زمروں کی ای موٹر گاڑیوں پر مشتمل ای وی ریلی کو جھنڈی دکھاکر رخصت کیا، انہوں نے اخراج میں تخفیف کے لیے صاف ستھرے نقل و حمل ذرائع کو اپنانے کی اپیل کی
بجلی اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے آج میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں اینرجی ایفی شینسی سروسز لمیٹڈ (ای ای ایس ایل) کے ماتحت ادارے کنورجینس اینرجی سروسز لمیٹڈ (سی ای ایس ایل) کے ’ ای وی بطور خدمت‘ پروگرام کا آغاز کیا۔
یہ پروگرام مرکزی اور ریاستی حکومت کی وزارتوں/ محکموں، سی پی ایس ایز اور اداروں میں برقی کاروں کو اپنانے کے چلن میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں آگے کی جانب اٹھایا جانے والا ایک غیر معمولی قدم ہے۔
سی ای ایس ایل کا ’ ای وی بطور خدمت‘ پروگرام سرکاری شعبے میں برقی موٹر گاڑیوں کے افزوں مطالبات کو اجاگر کرتا ہے، اس سلسلے میں آئندہ دو برسوں کے دوران 5000 ای کاروں کو استعمال میں لانے کا ایک اولوالعزم ہدف بھی طے کیا گیا ہے۔ ایک لچکدار حصولیابی ماڈل پر عمل کرتے ہوئے، یہ پروگرام ای۔کاروں/ماڈلوں کو اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس سے سرکاری دفاتر کو یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ ایسی ای۔کاروں کو منتخب کریں جو ان کی کام کاج کی ضروریات کے عین مطابق ہوں۔ یہ نہ صرف حکومت کی ماحولیاتی پائیداری کی تصوریت کی حمایت کرتا ہے بلکہ یہ بھارت کے 2070 تک خالص صفر اخراج کے اولوالعزم ہدف سے بھی ہم آہنگ ہے۔
سرکاری نقل و حمل ذرائع میں برقی موٹر گاڑیوں کو اپنانے کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے، سی ای ایس ایل کاربن اخراج میں غیر معمولی تخفیف لانے، حجری ایندھنوں پر انحصار کم کرنے، اور بھارت کی توانائی سلامتی کو تقویت بہم پہنچانے میں غیر معمولی تعاون فراہم کر رہی ہے۔ یہ بات بھی قابل غور ہے کہ سی ای ایس ایل پہلے ہی بھارت بھر میں تقریباً 2000 ای۔کاروں کو سڑکوں پر اتار چکی ہے اور تقریباً 17000 ای۔بسوں کو سڑکوں پر اتارنے کے لیے سہولت فراہم کر رہی ہے۔
اس تقریب میں شریک، بجلی اور ہاؤسنگ اور شہری امور حکومت ہند کے مرکزی وزیر جناب منوہر لال نے کہا، ’’ ای وی بطور خدمت پروگرام پائیدار اختراع کے لیے سی ای ایس ایل کی لگن کی مثال ہے اور یہ صاف ستھرے نقل و حمل کی فوری ضرورت کو پورا کرنے کی اس کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ میں نہ صرف تبدیلی لانے کے لیے بلکہ ایک سبز تر نقل و حمل نظام کی جانب ہمارے ملک کے سفر میں ایک حوصلہ افزا مثال قائم کرنے کے لیے سی ای ایس ایل کی ستائش کرتا ہوں۔ اس طرح کی پہل قدمیوں سے، بھارت ایک ایسے مستقبل کے قریب پہنچ رہا ہے جہاں صاف ستھری توانائی ایک عام چیز ہے، اس کے ذریعہ آنے والی پیڑھیوں کے لیے دیرپااثرات مرتب ہوں گے۔‘‘
سی ای ایس ایل کے منیجنگ ڈائرکٹر اور سی ای او، جناب وشال کپور نے کہا، ’’ 'ای وی بطور خدمت' کا آغاز پی ایم ای۔ ڈرائیو اسکیم کے حالیہ تعارف کے بعد کیا گیا ہے، جو کہ ایک قومی پہل قدمی ہے جس کا مقصد بھارت کی برقی نقل و حرکت میں تیزی سے تبدیلی لانا ہے۔ ‘‘سی ای ایس ایل میں، نقل و حمل کا مستقبل برقی ہے، اور سرکاری نقل و حمل ذرائع میں برقی موٹر گاڑیوں کو اپنانے میں سہولت فراہم کرکے ہم بڑے پیمانے پر اخراج میں تخفیف لانے اور بھارت کے لیے توانائی سلامتی میں اضافے کے لیے تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت مختلف اسٹیک ہولڈرس یعنی- مینوفیکچررس اور فلیٹ آپریٹرس سے لے کر پالیسی ساز اور استعمال کنندگان- ایک پلیٹ فارم پر آئے ہیں اور اس طرح نمو کے حصول کے لیے کمربستہ ایک اجتماعی ایکو سسٹم تیار کیا جا رہا ہے۔ سی ای ایس ایل توانائی کے لحاظ سے اثر انگیز، کم کاربن اخراج کی حامل معیشت کی تصوریت کے لیے پابند عہد ہے، اور ہم ایک ایسا بنیادی ڈھانچہ کھڑا کرکے آگے بڑھ رہے ہیں جو پائیدار نقل و حمل کے لیے ایک بینچ مارک بنے گا۔‘‘
اس تقریب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی شرکت ملاحظہ کی گئی، اور اس میں برقی موٹر گاڑیوں کی نمائش اور برقی موٹر گاڑی ریلی کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں مختلف شعبوں جیسے،ای۔سائیکل، برقی دو پہیہ موٹر گاڑیوں، تین پہیہ موٹر گاڑیوں، چار پہیہ موٹر گاڑیوں، ای۔ ٹریکٹرس، ای۔موبائل چارجنگ گاڑیاں، ای۔کارگو پک اپس، ای۔بسیں، اور ای۔ٹرکس، کی 100 سے زائد برقی موٹر گاڑیاں شامل تھیں۔ اس ریلی نے برقی نقل و حمل حل کی ہمہ گیریت اور وسعت پر روشنی ڈالی جو اب بھارت میں موجود ہے، ساتھ ہی اس ریلی نے سبز، پائیدار نقل حمل حل کو فروغ دینے کی سی ای ایس ایل کی عہدبندگی کو بھی اجاگر کیا۔
بجلی کی وزارت، بھاری صنعتوں کی وزارت، محکمہ مالیہ، ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت جیسی مرکزی حکومت کی وزارتوں/ محکموں کے مختلف معزز افسران نے اس تقریب میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ، مختلف ای۔موبیلٹی او ای ایمز، تھنک ٹینکس اور برقی موٹر گاڑی صنعت سے وابستہ افراد نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:2298
(Release ID: 2072142)
Visitor Counter : 36