ریلوے کی وزارت
ریلوے پروٹیکشن فورس نے بہادر شہداء کے اعزاز میں ’ڈیجیٹل میموریل آف ویلور‘ کا آغاز کیا
’ڈیجیٹل میموریل آف ویلور‘ ہمارے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شہریوں کی وسیع تر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا
Posted On:
26 OCT 2024 10:47PM by PIB Delhi
اگر آپ کو لگتا ہے کہ قوم کی حفاظت کرنے والے جوان ہمارے حقیقی ہیرو ہیں اور آپ ان بھولے ہوئے ہیروز کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں، جنہوں نے ہمیں آسائشیں دینے کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں تو آپ ایسا کر سکتے ہیں۔ بھارتی ریلوے کے تحت نیم فوجی دستوں میں سے ایک ریلوے پروٹیکشن فورس نے ’ڈیجیٹل میموریل آف ویلور‘ شروع کیا ہے، جہاں آپ شہید کی تصویر کو پھولوں اور موم بتی سے ڈیجیٹل طور پر سجا سکتے ہیں۔ ’ڈیجیٹل میموریل آف ویلور‘ اپنے بہادر اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے والی ویب سائٹ ہے، جو 25 اکتوبر 2024 کو نئی دہلی میں شروع کی گئی ہے۔ یہ ایک منفرد ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جہاں شہری فورس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔ یہ اختراعی ویب سائٹ (www.digitalmemorialofvalour.in) 21 اکتوبر کو پولیس کے یادگاری دن کے بعدہفتہ بھر چلنے والی شہداء کی تقریب کا حصہ ہے۔
اس ویب سائٹ پر صارفین شہید کی تصویر کو پھولوں اور موم بتی سے ڈیجیٹل طور پر سجاکر خراج عقیدت پیش کرسکتے ہیں۔ ویب سائٹ پر صارفین بہادر آر پی ایف ہیروز کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کے لیے بھی وقت نکال سکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر گزشتہ سال شہید ہوئے فورس کے 14 شہداء کی تصاویر، نام اور رینک شامل ہیں ۔ اس میں آر پی ایف اور آر پی ایس ایف کے 1,011 شہداء کی ایک جامع فہرست بھی ہے، جنہوں نے برسوں میں قوم کی خدمت کے دوران اپنی جانیں نچھاور کیں۔
حکومت کے ’ڈیجیٹل انڈیا‘ پہل کے ساتھ ہم آہنگ، ’ڈیجیٹل میموریل آف ویلور‘ ان لوگوں کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے، جو یادگاری تقریبات میں جسمانی طور سے شرکت کرنے سے قاصر ہیں۔ یہ ڈیجیٹل پورٹل ہماری آبادی کے ایک بڑے طبقے کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ، ویب سائٹ صارفین کو ’آر پی ایف میں شہداء کے مجموعہ‘ کی ڈیجیٹل کاپی سبسکرائب کرنے کی دعوت دیتی ہے، جو 28 اکتوبر 2024 کو جاری کی جائے گی۔ یہ ڈیجیٹل کاپی ان آر پی ایف جوانوں کی داستانوں کا بھی مجموعہ ہوگی، جنہوں نے گزشتہ برسوں میں قوم کی خدمت کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
ویب سائٹ کے آغاز کے موقع پر بات کرتے ہوئے، آر پی ایف کے ڈی جی جناب منوج یادو نے کہاکہ ’ان میں سے ہر اہلکار نے اپنی جانیں قربان کی ہیں، تاکہ دوسرے محفوظ رہ سکیں۔ یہ یادگار ہماری ممنونیت کی عاجزانہ علامت ہے اور ایک یاد دہانی ہے کہ ان کی بہادری کی وراثت کبھی ختم نہیں ہوگی۔ ان کی ہمت اور قربانی ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ آج ہم ان بہادر روحوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اسی لگن کے ساتھ قوم کی حفاظت کرنے کے اپنے عزم کو دہراتے ہیں، جس کی انہوں نے مثال پیش کی ہے‘۔
اپنے شہیدوں کی وراثت کے احترام کے لیے آر پی ایف کی مسلسل کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، اس سال ستمبر میں، آر پی ایف کے ڈی جی شری منوج یادو نے پولیس ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے لداخ میں ہاٹ اسپرنگ میموریل کا دورہ کیا، یہ تاریخی اہمیت کی حامل جگہ ہے، جہاں بہادر پولیس افسران نے 1959 میں چینی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران قربانیاں پیش کی تھیں۔ یہ دورہ، جو کہ حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) سے قریب 15,400 فٹ کی بلندی پر سب سے زیادہ چیلنجنگ خطوں میں سے ایک میں ہوا، جو بھارت کے بہادروں کی وراثت کے احترام کے آر پی ایف کے عزم کو تعظیم پیش کرتا ہے۔
*********
ش ح ۔ ض ر۔ ت ع
U. No.1821
(Release ID: 2068814)
Visitor Counter : 29