کامرس اور صنعت کی وزارتہ
محکمہ تجارت نے اتراکھنڈ میں صنعت سے متعلق پروگرام کا انعقاد کیا؛ برآمدات میں اضافے اور عالمی مسابقت کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کی ہے
Posted On:
11 OCT 2024 6:26PM by PIB Delhi
بھارت سے برآمدات میں اضافے کے لیے، حکومتِ ہند کے محکمہ تجارت کی طرف سے 9 اکتوبر ، 2024 ء کو دہرادون میں ایک صنعتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ، جس میں تجارت کے سکریٹری جناب سنیل برتھوال مہمان خصوصی تھے۔ صنعت سے متعلق اس ملاقات کا مقصد ، حکومت ہند، حکومت اتراکھنڈ کے افسران، اہم صنعتی رہنماؤں اور پالیسی سازوں کے درمیان ایک تعمیری مکالمے کو فروغ دینا تھا تاکہ اتراکھنڈ کی مختلف شعبوں میں برآمدات کی صلاحیت اور مسابقت کو مزید بڑھایا جا سکے اور اسے فروغ دیا جا سکے۔
اس تقریب میں سرکاری اور نجی شراکت دار یکجا ہوئے ، جس میں بامعنی مکالمے کو فروغ دیا گیا ، جس کا مقصد اتراکھنڈ کے زرعی کاروبار اور پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات کے شعبوں کی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔ شراکت داروں نے اتراکھنڈ کے زرخیز زرعی-ماحولیاتی فوائد اور بھارت کی زرعی برآمدات کو فروغ دینے میں ، اس کے کردار کی حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔ حکومت کی مسلسل حمایت کو ، اہم پالیسی اقدامات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ریاست کے برآمداتی نظام میں پائیدار ترقی کے لیے اقدامات کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
صنعتی ملاقات کے اس پروگرام میں اتراکھنڈ کے صنعتی رہنماؤں اور اعلیٰ سرکاری حکام کے درمیان مکالمے کو فروغ دیا گیا تاکہ برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو ہم آہنگ کیا جا سکے۔ اس ملاقات نے ، اتراکھنڈ کی بھارت کے برآمداتی اہداف میں شراکت کو بڑھانے کی حکمت عملیوں پر غور کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کیا، جس میں اہم شعبوں جیسے کہ نامیاتی زراعت، باغبانی، ڈبہ بند خوراک اور روایتی دستکاریوں پر توجہ دی گئی۔
اس صنعتی ملاقات نے پالیسی مداخلت، صلاحیت سازی اور حکومتی حمایت کے لیے ، اہم شعبوں کی نشاندہی کی تاکہ ریاست کی عالمی تجارتی موجودگی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ ملاقات میں عالمی معیارات اور سرٹیفیکیشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ بین الاقوامی منڈیوں میں اتراکھنڈ کی مصنوعات کے معیار اور مسابقت کو بہتر بنایا جا سکے۔
اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
تقریب کے دوران کچھ اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز ) پر دستخط کیے گئے، جو اتراکھنڈ کے زرعی برآمداتی منظرنامے کو فروغ دینے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان میں مندرجہ ذیل یاد داشتیں شامل ہیں:
- ہاؤس آف ہمالیاز لمیٹڈ اور لولو گروپ، جو بھارت اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے سب سے بڑے ہائپر مارکیٹ چینز میں سے ایک ہے، کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئےہیں۔ اس کا مقصد ، ہمالیائی علاقے سے حاصل کی گئی اعلیٰ معیار کی زرعی اور پراسیس شدہ غذائی مصنوعات کو لولو ہائپر مارکیٹ کے وسیع ریٹیل نیٹ ورک کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں میں فروغ دینا اور برآمد کرنا ہے، جس سے اتراکھنڈ کے مقامی کسانوں اور ہنرمند افراد کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جا سکے گا۔
- ہاؤس آف ہمالیاز لمیٹڈ اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پیکیجنگ (آئی آئی پی ) کے درمیان بھی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد ، بین الاقوامی مانگ کے عین مطابق اتراکھنڈ کی مصنوعات کی پیکیجنگ کے معیار کو بہتر بنانا ہے ۔
- ہاؤس آف ہمالیاز لمیٹڈ اور مسالحہ بورڈ کے درمیان بھی ایک مفاہمتی یادداشت طے پائی ہے، جس کا مقصد اتراکھنڈ کے مقامی مسالحوں کو ’’ہاؤس آف ہمالیاز ‘‘ برانڈ کے تحت فروغ دینا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مسالحہ سیکٹر میں پائیدار ترقی، خواتین کی بااختیاری اور معیاری پیداوار کو یقینی بنانا ہے۔
- اس کے علاوہ، ریاستی باغبانی مشن (اتراکھنڈ) اور مسالحہ بورڈ کے درمیان بھی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد اتراکھنڈ کے مختلف علاقوں میں بڑی الائچی اور دیگر مسالحوں کی کاشت کو فروغ دینا ہے۔
بہتر زرعی طریقوں ( جی اے پی ) کے نفاذ اور سرٹیفیکیشن
اتراکھنڈ کے کسانوں کو بااختیار بنانے کے ایک اہم اقدام کے طور پر، اپیڈا نے 350 سے زیادہ کسانوں کے لیے بہتر زرعی طریقوں ( جی اے پی ) کے نفاذ اور سرٹیفیکیشن کا ایک کلیدی اقدام اٹھایا ہے۔ اس سے ریاست سے آم اور سبزیوں جیسی زرعی مصنوعات کی یوروپی یونین ( ای یو )، برطانیہ اور دیگر ممالک کو برآمدات کے لیے معیاری فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اپنی سرگرمیاں اور مصنوعات پیش کرنے کے لیے، مرکزی حکومت، ریاستی حکومتوں بشمول حکومتِ اتراکھنڈ اور معروف برآمد کنندگان سمیت 25 سے زائد تنظیموں نے کیمیکلز، پیکیجنگ، زرعی مصنوعات اور فوڈ پروسیسنگ تکنیکوں پر مشتمل مصنوعات کی ایک وسیع رینج پیش کی۔
یہ تقریب اپیڈا کے سابقہ اقدامات کی بنیاد پر منعقد کی گئی، جس میں جنوری ، 2024 ء میں ہونے والے بین الاقوامی کانکلیو اور خریدار و فروخت کنندہ ملاقات بھی شامل ہے، جس نے اتراکھنڈ کی بڑھتی ہوئی نامیاتی برآمدات پر توجہ دلائی ہے ۔ ریاست کا بڑھتا ہوا نامیاتی شعبہ اور نامیاتی مصنوعات کی عالمی مانگ میں اضافہ، اتراکھنڈ کو بھارت کی برآمداتی کوششوں میں مستقبل کے رہنما کے طور پر پیش کرتا ہے۔
تقریب کے دیگر اہم شرکاء میں اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری جناب رمیش کمار سدھانشو، حکومتِ اتراکھنڈ کی سکریٹری برائے دیہی ترقی محترمہ رادھیکا جھا، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پیکیجنگ (آئی آئی پی ) کے ڈائریکٹر جناب آر کے مشرا اور اپیڈا کے چیئرمین جناب ابھیشیک دیو شامل تھے۔
اعلیٰ حکومتی افسران کے علاوہ، تقریب میں صنعت کے رہنماؤں، سی ای اوز اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے سرگرمی کے ساتھ شرکت کی، جن میں ایف ایم سی جی ، نامیاتی پیداوار، چاول، باجرہ، کیمیکلز، الیکٹرانکس، انجینئرنگ، مچھلی اور سمندری مصنوعات، دستکاری، شہد، تازہ پھل اور سبزیاں، ڈبہ بند خوراک ، مسالحے، چائے اور پیکیجنگ شامل ہیں۔
اس تقریب نے متعلقہ فریقوں کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا تاکہ موجودہ چیلنجوں کو حل کیا جا سکے، برآمدات کی ترقی کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور ریاست میں ایک کامیاب برآمداتی نظام کے فروغ کے لیے شراکت داری کو مستحکم کیا جا سکے۔ اس سے اتراکھنڈ کے برآمد کنندگان کو جدید طریقوں کو اپنانے، بین الاقوامی معیار کو پورا کرنے اور عالمی منڈیوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔ اتراکھنڈ انڈسٹری انٹریکشن میٹ ، بھارت کی برآمداتی ترقی میں ، ریاست کے ایک بڑا کھلاڑی بننے کے سفر میں ایک اہم قدم ہے۔
……………………
( ش ح ۔ش ا ر ۔ ع ا )
U.No. 1171
(Release ID: 2064272)
Visitor Counter : 35