وزارت خزانہ
خزانہ کے مرکزی وزیر مملکت جناب پنکج چودھری نے آج دہلی کے نانگل رایا میں جی ایس ٹی بھون کا افتتاح کیا
جناب چودھری نے سی بی آئی سی سے کہا کہ وہ اس بات کو اجاگر کرے کہ حکومت ٹیکس ادائیگی کے نظام کو آسان بناکر ٹیکس دہندگان کی کس طرح مدد کر رہی ہے
سی بی آئی سی کے چیئرمین نے کہا کہ دفتر اور رہائشی انفراسٹرکچر میں سی بی آئی سی کی بڑے پیمانے پر توسیع محکمہ کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے
Posted On:
08 OCT 2024 9:01PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ جناب پنکج چودھری نے آج دہلی کے ننگل رایا میں اشیا ء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے دفتر کی جدیدسہولت سے لیس نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ ٹیکس انتظامیہ کو بہتر بنانے اور عوامی خدمات کو بڑھانے کے لیے حکومت کے عزم میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتے ہوئے، یہ نئی سہولت مختلف سی جی ایس ٹی دہلی فارمیشنوں کے لیے سرکاری کمپلیکس کے طور پر کام کرے گی۔
جناب سنجے کمار اگروال، چیئرمین، ممبر جی ایس ٹی، سی بی آئی سی کے ممبر ٹیکس پالیسی، سی جی ایس ٹی دہلی زون کے پرنسپل چیف کمشنر، کسٹم دہلی زون کے پرنسپل چیف کمشنر، ڈائریکٹر جنرل ڈی جی آڈٹ اور سی بی آئی سی کے سینئر افسران بھی افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں،جناب چودھری نے دہلی میں جی ایس ٹی کے بنیادی ڈھانچے کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کا اسٹریٹجک مقام اسے پڑوسی ریاستوں سے آنے اور جانے والے سامان کے لیے ایک اہم ٹرانزٹ مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ موثر بین ریاستی تجارت کی سہولت کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے جی ایس ٹی کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
جناب چودھری نے مزید کہا کہ جہاں ایک طرف مربوط ٹیکس نظام نے بالواسطہ ٹیکس کے فریم ورک کو آسان بنایا اور ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کیا وہیں دوسری طرف، اس نے مرکزی جی ایس ٹی ڈھانچے کی آپریشنل صلاحیت کو بڑھانے کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا۔
جناب چودھری نے مزید وضاحت کی کہ قومی خزانے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر، دہلی میں جی ایس ٹی پر عمل آوری کا براہ راست اثر ٹیکس کی مجموعی حصولیابی اور ملک کی معاشی مضبوطی پر پڑتا ہے اور افسران کو مشورہ دیا کہ وہ ایم ایس ایم ایز کے ساتھ بات چیت میں خاص طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں صرف ان کی ذمہ داریاں ہی نہ یاد دلائیں بلکہ یہ بھی بتائیں کہ کس طرح حکومت ٹیکس کی تعمیل کو آسان بنا کر ان کی مدد کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت نے افسران کواس بات کا مشورہ دیا کہ وہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ سلیس اور آسان زبان میں بات کریں۔
عمارت میں نصب جدید اورنئی سہولیات کے تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے، مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ اس طرح کی جدید سہولیات صرف مزید اہلکاروں کو ٹھہرانے کے لیے نہیں ہیں بلکہ یہ سہولیات محکمے کو کام کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے، اعلیٰ سروس کے معیار کو برقرار رکھنے اور ٹیکس انتظامیہ کا ایک مؤثر نظام بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے اس بات کے لیے بھی ستائش کی کہ اس نئی سہولت سے سالانہ 5 کروڑ روپے کرایہ کے اخراجات میں بچت ہوگی اور اس طرح سے قلیل مدت میں عمارت کی لاگت بھی سود سمیت وصول ہوجائے گی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سی بی آئی سی کے چیئرمین جناب سنجے کمار اگروال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں، سی بی آئی سی نے دفتر اور رہائشی انفراسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر توسیع کی ہے، جو کہ گزشتہ برسوں میں محکمے کی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔2014 سے 2024 تک پچھلے 10 مالی برسوں میں4,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے منظوری حاصل کی گئی ہے۔ صرف منظوری ہی نہیں لی گئی ہے، بلکہ تعمیراتی کاموں کی رفتار بھی بے مثال رہی ہے۔ انہوں نے این اے سی آئی این پلا سمودرم، دفتر اور رہائشی کمپلیکس وڈالا، ممبئی اور حیدرآباد جیسے منصوبوں کا ذکر کیا۔ جناب اگروال نے کہا کہ سی بی آئی سی کے ذریعہ تمام پروجیکٹوں کی قریب سے نگرانی کی جارہی ہے۔
نانگل رایا میں تیار کیے گئےجی ایس ٹی بھون کی جدید خصوصیات کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے ، جناب اگروال نے کہا کہ جدید سہولیات بشمول ایئر کنڈیشنڈ دفاتر، جدید کام کی جگہیں اور24 گھنٹے ،ساتوں دن حفاظتی انتظامات ہونے کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کو زیادہ سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے افسران کے کام کاج کرنے میں بھی آسانی ہوگی ۔ عمارت کی ایک اہم خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ عمارت ٹیکس دہندگان کے آس پاس ہی واقع ہے کیونکہ یہ دہلی ویسٹ اور دہلی ساؤتھ کے متحرک اور بڑھتے ہوئے ٹیکس بیس کے قریب ہے، اس لیے ٹیکس دہندگان محکمہ جاتی عہدیداروں کے ساتھ زیادہ آسانی سے بات چیت کرسکیں گے۔ جناب اگروال نے کہا کہ دفتر کی عمارت کے اندر نیا قائم کیا گیا جی ایس ٹی سوویدھا کیندر اس انٹرفیس کو مزید بڑھا دے گا، جس سے کاروبار میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کی تعمیل دونوں میں بہتری آئے گی۔
*********************
UR-1041
(ش ح۔ ک ا۔ج ا )
(Release ID: 2063393)
Visitor Counter : 33