کوئلے کی وزارت
کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر مملکت جناب ستیش چندر دوبے نے سی سی ایل کے دو پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا
Posted On:
07 OCT 2024 1:32PM by PIB Delhi
کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر مملکت جناب ستیش چندر دوبے نے کل سی سی ایل کے بوکارو اور کرگلی علاقے میں کارو کول ہینڈلنگ پلانٹ اور کونار کول ہینڈلنگ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان دونوں پروجیکٹوں کی صلاحیت بالترتیب 7 ملین ٹن اور 5 ملین ٹن سالانہ ہے۔گریڈیہہ سے ممبر پارلیمنٹ جناب چندر پرکاش چودھری،برموسے ایم ایل اے جناب کمار جیا منگل(انوپ سنگھ)، کول انڈیا لمیٹڈ کے چیئرمین جناب پی ایم پرساد، سی سی ایل کے سی ایم ڈی جناب نیلندو کمار سنگھ، سی سی ایل کے سینئر افسران، کارکنوں کی یونین کے نمائندے اوردیگرمتعلقہ فریق اس موقع پر موجود تھے۔ وزیرموصوف جناب دوبے نے"ایک پیڑ ماں کے نام" مہم کے تحت کونار پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے دوران پودے بھی لگائے۔
کارو اور کونار کول ہینڈلنگ پلانٹس فرسٹ میل ریل کنیکٹیویٹی کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوں گے، جس کے تحت کوئلے کی کانوں سے پیدا ہونے والے کوئلے کو قریب ترین ریلوے سرکٹ تک لے جانے کے انتظامات کیے جائیں گے جہاں سے اسے تھرمل پاور پلانٹس اور ملک بھر کے دیگر صارفین تک منتقل کیا جائے گا۔ فی الحال ان کانوں سے کوئلہ سڑک کے ذریعے ریلوے کی سائڈ پر لایا جاتا ہے۔
کونار کول ہینڈلنگ پلانٹ: یہ پلانٹ ایک ہوپر، کولہو، 10000 ٹن صلاحیت کا کوئلہ ذخیرہ کرنے والا بنکر اور 1.6 کلومیٹر طویل کنویئر بیلٹ پرمشتمل ہے، جس کی مدد سے کوئلہ 1000 ٹن ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے سائلو بنکر کے ذریعے ریلوے ویگنوں کو منتقل کیا جائے گا۔ 5 ملین ٹن سالانہ صلاحیت والےپروجیکٹ کی لاگت322 کروڑروپے ہے۔ اس پروجیکٹ کے شروع ہونے سے ریک لوڈنگ کا موجودہ وقت 5 گھنٹے سے کم ہو کر 1 گھنٹہ ہوجائے گا جس سے کوئلے کی ترسیل میں تیزی آئے گی اور ریک کی دستیابی میں اضافہ ہوگا۔
کارو کول ہینڈلنگ پلانٹ: یہ پلانٹ ایک ہوپر، کولہو، 15000 ٹن صلاحیت کا کوئلہ ذخیرہ کرنے والا بنکر اور 1 کلومیٹر طویل کنویئر بیلٹ پرمشتمل ہے، جس کی مدد سے کوئلہ 4000 ٹن ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے سائلو بنکر کے ذریعے ریلوے ویگنوں کو منتقل کیا جائے گا۔ 7 ملین ٹن سالانہ صلاحیت والے اس پروجیکٹ کی لاگت 410 کروڑ روپے ہے۔ اس منصوبے کے شروع ہونے سے ریک لوڈنگ کا موجودہ وقت 5 گھنٹے سے کم ہو کر 1 گھنٹہ ہو جائے گا جس سے کوئلے کی ترسیل میں تیزی آئے گی۔
یہ بند لوپ، مکمل طور پر مشینی نظام سے آراستہ طریقہ کار سڑک کے ذریعے نقل و حمل کو ختم کرکے کوئلے کی ترسیل میں تیز رفتاری اوربہتر کارکردگی لائے گا اور اس طرح سے ڈیزل کی کھپت کوبھی کم کرے گا۔ اس سے علاقے میں دھول اور گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
****************
(ش ح۔ م م ع۔م ا )
UNO-960
(Release ID: 2062826)
Visitor Counter : 38